ہم اپنے مسیحا خود ہیں، تحریر: عیشہ محمود
نقطہ نظر
تمہیں بدلنے کی ضرورت ہے، تمہاری یہ عادت اچھی نہیں اسے بدلو، تم بہت بور ہو یار، کتنی روندو ہو تم، بچی نہیں ہو تم میچور ہو جاؤ ۔
یہ اور اس طرح کے کئی جملے ایسے ہیں جو ہماری تکلیف کا باعث بنتے ہیں ۔لوگوں کو ہم پسند نہیں آتے تو وہ ہمیں بدلنے کو کہتے ہیں، ہماری عادات انھیں پسند نہیں آتی ہیں اور ہم اپنے آپ کو ایسے لوگوں کے لیے جنہیں ہمارا اصل نہیں پسند بدل دیتے ہیں اور پھر کیا ہوتا ہے پسند ہم تب بھی انھیں نہیں آتے ،بیزاریت اور اگنورنس ہمیں تب بھی برداشت کرنی پڑتی ہے ۔
لوگوں کو سٹسفائیڈ کرنے کے چکر میں ہم یہ ہی بھول جاتے ہیں کہ ہمارا اپنا ایک وجود ہے اپنی پہچان ہے ہمارا اپنا دل ہے۔ پتہ ہے آپ مر بھی جائیں گے نا تب بھی یہ لوگ آپ سے مکمل طور پر مطمئن نہیں ہوں گے لوگ ہیں نا ناشکرے ہیں۔
میں تنہا ہوں مجھے سہارے کی ضرورت ہے، وہ میرے لیے بہت ضروری ہے، وہ میرا کمفرٹ زون ہے،اسی پر منحصر ہے میری اداسی اور مسرت بھی۔
ایسے کئی جملے ہیں جو ہم کہتے ہیں اس کے بغیر میں کچھ نہیں ، مجھے اس کی ضرورت ہے وغیرہ وغیرہ ۔
مگر کیوں ؟ کیا ہم خود کے لیے اہم اور پہلے نہیں؟ نہیں ہیں تو کیوں نہیں ہیں ؟
ہاں ٹھیک ہے مانا ہوتے ہیں کچھ لوگ جن کے بغیر ہم اداس ہو جاتے ہیں ،جو ہمارے لیے بہت ضروری ہو جاتے ہیں، ہماری خوشی ہمارا غم انھی سے جڑا ہوتا ہے ۔
لیکن اگر ایسے لوگ چھوڑ جائیں یا ہم سے بچھڑ جائیں تو ہم مسکرانا ہی بھول جاتے ہیں ،دل ایسے ہو جاتا ہے جیسے کبھی دھڑکا ہی نہ ہو، کوئی چیز پھر ہمیں خوش نہیں کر پاتی ہم خود کو کھو دیتے ہیں۔
پتہ ہے کیوں ؟
کیوں کہ ہم نے اپنے خوش ہونے کی وجہ کسی اور کو قرار دے دیا ہوتا ہے کسی اور سے ہم نے رونقیں وابستہ کر لیں ہوتی ہیں، خود کے لیے تو ہم کبھی مسکرائے ہی نہیں ہوتے، خود کی مسیحائی تو کبھی کی ہی نہیں ہوتی، خود کے لیے کبھی جیے ہی نہیں ہوتے۔
اسی لیے خود کے لیے جینا سیکھیں ، تکلیف میں ہوں تو کسی کا سہارا تلاش کرنے کی بجائے خود کو خود کندھا دینا سیکھیں، اداس ہوں تو اپنی مسکراہٹ کی وجہ خود بنیں کیوں کہ آپ اپنا کمفرٹ زون خود ہیں۔ آپ اپنے مسیحا خود ہیں۔
کسی نے آپ کی زندگی کی زمہ داری نہیں لی ہوئی، یہ آپ کی اپنی زندگی ہے اسے جئیں۔
دوسروں کے لیے جینا انسانیت ہے لیکن اس کا مطلب یہ نہیں کہ آپ خود کو بالکل ہی نظر انداز کرتے چلیں جائیں ۔
آپ خود کے لیے کافی ہیں، اپنی ذات میں ہی چمکنا سیکھیں، اپنے آپ کو جینا سیکھیں، آپ ہیں تو سب ہے جب آپ ہی نہیں تو کیا دنیا کیا اس کی رونقیں ۔
تو پھر ہم کیوں کسی کے لیے اپنے آپ کو بدلیں؟ کیوں اپنا بچپنا کسی کے لیے چھوڑیں ؟
کسی کو ہماری عادات نہیں پسند تو نہ ہوں ایک بار چھوڑ کر ہزار بار نہ پسند آئیں ، ہمیں ہیں نا ہماری عادات پسند ہماری باتیں پسند ہمیں ہم خود پسند ہیں۔
تو بس چھوڑ دیں باقی سب کون کیا کہتا ہے، کیا سوچتا ہے کیا کرتا ہے یہ سوچنا ہمارا کام نہیں ۔
ہم کیا کرتے ہیں ، کیا سوچتے ہیں ، کیا کہتے ہیں یہ سوچنا ہمارا کام ہے ۔
آپ جو ہیں خوبصورت ہیں، مت بدلیں خود کو کسی کے لیے کسی نے آپ سے تعلق بنانا ہے تو آپ کے اصل کے ساتھ بنائے ناکہ آپ کو پورا بدل کر۔ خود سے محبت کریں ، خود کی عزت کریں ،خود کو اہمیت دیں بلاشبہ آپ خود میں ایک نایاب ہیرا ہیں۔
ڈھونڈو گے اگر ملکوں ملکوں ملیں گے نہیں نایاب ہیں ہم
تعبیر ہے جس کی حسرت و غم اے ہم نفسو وہ خواب ہیں ہم
(شاد عظیم آبادی)
مزید پڑھیں





