ہفتہ، 14 نومبر، 2026
Baaghi TV Logo
ٹرینڈنگ

علم کے نام پر شعبدہ گری،تحریر:ڈاکٹر حافظ مدثر اقبال ٹمن

نقطہ نظر

ہمارے ہاں بین المسالک اختلافات کی بنیاد پر عدمِ برداشت کے رویے قابلِ افسوس حد تک پروان چڑھ چکے ہیں، جس کی بنا پر امتِ مسلمہ کا شیرازہ بری طرح بکھر چکا ہے۔ ہمارے ناموں کے ساتھ علامہ، مفتی، استاذ العلماء، ڈاکٹر، پروفیسر، سجادہ نشین اور نہ جانے کون کون سے علمی و روحانی القابات منسلک ہیں، لیکن افسوس کہ ہمارا اندازِ تحریر و تکلم، طرزِ استدلال اور اختلافِ رائے کے اظہار کا اسلوب ان القابات کے علمی و اخلاقی تقاضوں سے ذرا بھر بھی مطابقت نہیں رکھتا۔ہماری گفتگو میں لغویات، الزام تراشی، تحقیق کے بجائے جذباتیت اور مکالمے کے بجائے مناظرانہ محاذ آرائی نمایاں ہوتی جا رہی ہیں۔سیدنا عبدالرحمن بن ابی لیلی ؒ فرماتے ہیں۔"میں نے ایک سو بیس صحابہ کرام کو پایا ان میں سے ہر محدث کی خواہش ہوتی کہ اس کے علاوہ کوئی دوسرا حدیث سنا دے اور ہر فقیہ کی چاہت ہوتی کہ اسے فتوی نہ ہی دینا پڑے، کوئی اور صاحب اس کی جگہ فتوی دے دے"(اعلام الموقعین)۔یہاں ایک اہم پہلو قابلِ توجہ ہے کہ ہر شخص کو ہر علمی میدان میں رائے زنی سے اجتناب کرنا چاہیے۔علم کی مختلف شاخیں ہیں اور ہر شعبے کے اپنے اصول و ضوابط اور تحقیقی تقاضے ہیں لہذا ہر مسئلہ میں رائے زنی نہ کریں دیکھا گیا ہے کہ بعض احباب علم فقہ میں دسترس رکھتے ہیں اصول حدیث میں کمزور ہیں لیکن اس میں بھی اپنی فاضلانہ رائے دینے سے نہیں چوکتے ،حالانکہ انہیں ایسے مسائل میں خاموشی اختیار کرنی چاہیے۔ سیدنا عبداللہ بن عباس ارشاد فرماتے ہیں۔ "جو لوگوں کو ہر مسئلہ میں فتوی دیتا رہتا ہے ،یقینا پاگل ہوتا ہے"(موطا امام مالک)۔ امام سحنونؒ فرماتے ہیں "جو جتنا زیادہ کم علم ہوتا ہے، اسی قدر فتوی دینے میں جرات مند ہوتا ہے"(اعلام الموقعین)۔ یہ اقوال ہمیں اس حقیقت سے آگاہ کرتے ہیں کہ علم میں رسوخ انسان کو بے جا جسارت کے بجائے احتیاط، توقف اور ذمہ داری کا شعور عطا کرتا ہے۔ ہر سوال کا جواب دینا ضروری نہیں جلد بازی سے اجتناب کس قدر ضروری ہے اس کا کچھ اندازہ اس حدیث سے بھی ہوتا ہے۔ حضرت عبداللہ بن عباس فرماتے ہیں: "رسول اللہﷺ کے زمانے میں ایک صحابی زخمی ہو گئے، انہیں احتلام ہو گیا ،انہوں نے اپنے ساتھیوں سے پوچھا کیا مجھے تیمم کی رخصت ہے؟ انہوں نے کہا نہیں، زخمی صحابی نے غسل کیا تو فوت ہو گئے۔ جب نبی کریم ﷺ کو معلوم ہوا تو آپ نے فرمایا انہوں نے اس کو مار دیا ، اللہ ان کو مارے اگر مسئلہ کا علم نہیں تھا تو کیا اس کا یہ حل نہیں تھا کہ یہ کسی اور سے پوچھ لیتے"(سنن ابو داؤد)۔ امام احمدؒ کے بیٹے کہتے ہیں کہ میرے والد یعنی امام احمدؒ اختلافی مسائل میں اس کثرت سے "لا ادری" یعنی میں نہیں جانتا ، کہتے تھے کہ ہم شمار بھی نہیں کر سکتے"(اعلام الموقعین)۔ امام عبدالرحمن بن مہدیؒ بیان کرتے ہیں۔" ہم امام مالک کے پاس بیٹھے تھے ایک آدمی آیا اس نے کہا چھ مہینے کا فاصلہ طے کر کے آپ کے پاس ایک مسئلہ پوچھنے آیا ہوں اہل علاقہ نے آپ کی شخصیت پر اعتبار کرتے ہوئے مجھے آپ کی طرف روانہ کیا ہے۔ امام مالک نے اجازت دی پوچھیے کیا مسئلہ ہے؟ اس نے مسئلہ پوچھا، امام مالک ؒفرمانے لگے، اس مسئلے کا مجھے اچھی طرح علم نہیں ہے۔ سائل نے کہا چھ مہینے کا میرا فاصلہ، قوم کا اعتماد، میری مشقتیں، میں آپ سے مسئلہ پوچھنے آیا بیٹھا ہوں اور آپ کہتے ہیں مجھے علم نہیں میں واپس جا کر ان کو کیا جواب دوں گا ؟ امام مالک نے ان کو بڑے سادہ انداز میں بڑا عجیب جواب دیا کہ ان کو جا کر کہنا مالک کہتا تھا کہ یہ مسئلہ مجھے نہیں آتا"(جامع بیان العلم و فضلہ)۔ہمارے ہاں اس حوالے سے بہت زیادہ بے احتیاطی پائی جاتی ہیں خصوصا سوشل میڈیا ،واٹس ایپ، فیس بک اور جب سے ان دس انگلیوں کے نیچے پورا جہاں آیا ہے، اس سے علم کے خزانے عام ہو گئے ہیں، اور علم کی چابیاں جاہلوں کے پاس بھی آ گئی ہیں۔ استفادہ کرنے والے وہ لوگ ہیں جن کے پاس نہ اسلاف والا تقوی، نہ وہ رسوخ اور نہ وہ پختگی ،محض نیٹ کو کلک کیا اور اوپر اس کی سکرین پر جو مسئلہ آ گیا اس کے مطابق کاپی پیسٹ کر دیا ، یہ انتہا درجے کی بے احتیاطی ہے جو ہمارے معاشرے میں پائی جاتی ہے۔ دنیا میں کون سی ایسی شخصیت ہے جس سے غلطی نہ ہوتی ہو، بعض مسائل میں اہل علم سے بالکل واضح اور فاش غلطیاں ہو جاتی ہیں ، ایسی صورتحال میں ان کی غلطیوں کی گرفت کی جائے گی اور حق کو نکھار کر پیش کیا جائے گا لیکن ان کی ذات پر فتوی بازی ، ان کی غلطی کو اچھالنا اور اسے بہت نمایاں کر کے پیش کرنا ،ان کی باقی خدمات کو سراسر نظر انداز کرنا یہ انتہا درجہ کی بداخلاقی، بدتمیزی اور بازاری انداز ہے۔ اہل علم یہ طریقہ کبھی بھی اختیار نہیں کرتے تھے۔