ہفتہ، 14 نومبر، 2026
Baaghi TV Logo
ٹرینڈنگ

تلخ لفظوں سے چھلنی ہوتے دل،تحریر: ایس اے شازِم

نقطہ نظر
s a shazim

ہماری روزمرہ زندگی میں الفاظ کی اہمیت سے انکار ممکن نہیں ہے۔ الفاظ بظاہر تو بے جان ہوتے ہیں مگر ان میں اتنی طاقت ہوتی ہے کہ یہ کسی کے پرسکون دل کو لمحوں میں بےکل کر دیتے ہیں۔ بعض لوگ اپنے لفظوں سے ہماری روح پر ایسے زخم لگاتے ہیں کہ ان کی تکلیف ہمیں روز رلاتی ہے۔ ہم اکثر دورانِ گفتگو یہ بھول جاتے ہیں کہ سامنے والے شخص کے پاس بھی ایک دل ہے جس میں احساسات ہیں، جذبات ہیں اور ہمیں ان کی دل آزاری سے پرہیز کرنا چاہیے مگر ہم اپنے لفظوں کو صاف گوئی کا نام دے کر خود بری الزمہ ہو جاتے ہیں اور تو اور ہمارا مؤقف ہوتا ہے کہ "ہم منہ پر سچ بولنے والے ہیں کسی کی خوشامدی کرنا ہماری تربیت میں شامل نہیں۔" اب بھلا آپ کی صاف گوئی سے کہے گئے الفاظ کسی کی دل پر چاہے کتنے بھی زخم لگا لے لیکن آپ اپنے صاف گوئی کو ترجیح دیتے رہیں گے۔ میرے خیال میں سچ ضرور بولنا چاہیے مگر اس انداز میں کہ بات کی حقیقت بھی برقرار رہے اور مخاطب کی عزت بھی مجروح نہ ہو۔ کسی کی اصلاح کرنا مقصود ہو تو لہجے میں نرمی اور الفاظ میں شائستگی ہونی چاہیے۔

ہمارے معاشرے کا ایک بڑا المیہ یہ بھی ہے کہ ہم نے اپنے لفظوں کے چناؤ میں شائستگی، برداشت اور نرماہٹ کو پس پشت ڈال دیا ہے۔ اب ہم اپنی بات منوانے کے لیے دلائل سے زیادہ تلخ لفظوں کا سہارا لیتے ہیں۔ اکثر غصے اور جذبات میں معمولی سی بات کو انا کا مسئلہ بنا لیتے ہیں۔ اور سامنے والے کی عزتِ نفس کو روند کر رکھ دیتے ہیں۔ مزید حیرت کی بات یہ ہے کہ ہم اپنے ادا کیے ہوئے تلخ لفظوں کو کچھ ہی دیر بعد بھول جاتے ہیں لیکن وہ شخص جس کو یہ الفاظ کہے گئے ہوں مدتوں ان لفظوں کی خلش کو یاد رکھتا ہے کیونکہ جسم پر لگے زخم وقت کے ساتھ ساتھ مندمل ہو جاتے ہیں مگر روح کے زخم آپ کو روزانہ اس تکلیف کا احساس دلاتے ہیں۔

اسی طرح ہمارے معاشرتی تعلقات میں بھی تلخ کلامی نے جگہ بنا لی ہے۔ کبھی رشتوں میں طنز کے نشتر چلائے جاتے ہیں، کبھی دوستی میں احساسِ کمتری پیدا کی جاتی ہے اور کبھی محبت کے نام پر ایسے جملے کہے جاتے ہیں جو دوسرے شخص کے وجود کو بے وقعت محسوس کرواتے ہیں۔ سوال یہ ہے کہ کیا کسی تعلق میں رہنے کا مطلب یہ ہے کہ ہمیں دوسرے انسان کے جذبات سے کھیلنے کا اختیار مل گیا ہے؟

کیا قربت ہمیں یہ حق دیتی ہے کہ ہم کسی کی عزتِ نفس کو بار بار مجروح کریں؟

یہاں ایک سوال اور بھی اہم ہے کہ آخر انسان دوسروں کے ساتھ اتنا تلخ کیوں ہو جاتا ہے؟

بعض اوقات اس کے پیچھے اپنی محرومیاں، احساسِ برتری، غصہ، عدم برداشت یا اپنی ذات سے متعلق عدم اطمینان ہوتا ہے۔ کچھ لوگ اپنی اندرونی بے چینی دوسروں پر اتار کر وقتی سکون محسوس کرتے ہیں۔ انہیں شاید یہ احساس نہیں ہوتا کہ اپنی تکلیف کا بوجھ دوسروں کے دلوں پر منتقل کرنے سے نہ ان کے مسائل حل ہوتے ہیں اور نہ ہی ان کی شخصیت میں وقار پیدا ہوتا ہے۔

ہم اکثر یہ سمجھتے ہیں کہ صرف گالی دینا یا کسی کی تذلیل کرنا ہی بدزبانی ہے، حالاں کہ بعض اوقات بظاہر ہمارے عام سے جملے بھی انسان کے اندر گہری مایوسی پیدا کر دیتے ہیں۔ کسی کی صلاحیتوں کو حقیر سمجھنا، اس کی محنت پر تمسخر اڑانا یا ہر گفتگو میں اس کی خامیوں کو نمایاں کرنا بھی ایک طرح کی ذہنی اذیت ہے۔ مثلاً کوئی شخص بڑی محنت سے اپنی تحریر، تخلیق یا کسی کام کو دوسروں کے سامنے پیش کرتا ہے مگر جواب میں اسے حوصلہ دینے کے بجائے یہ سننے کو ملتا ہے کہ "تم سے نہ یہ ہو پائے گا" بظاہر یہ چند الفاظ ہیں لیکن ممکن ہے یہی جملہ اس کے اعتماد کو متزلزل کر دے۔

یاد رکھیے، انسان کی اصل خوب صورتی اس کے لباس، دولت، عہدے یا ظاہری شخصیت میں نہیں بلکہ اس کے رویے اور گفتگو میں پوشیدہ ہوتی ہے۔ کسی کے دل میں جگہ بنانے کے لیے بڑے بڑے دعووں کی ضرورت نہیں ہوتی، کبھی ایک اچھا جملہ، ایک حوصلہ افزا بات اور چند محبت بھرے الفاظ ہی کافی ہوتے ہیں۔

آخر میں یہی کہنا چاہوں گی کہ تلخ لفظوں سے چھلنی ہوتے لوگ ہمیشہ اپنی تکلیف کا اظہار نہیں کرتے۔ کچھ لوگ مسکرا کر خاموش ہو جاتے ہیں، کچھ تعلقات سے کنارہ کشی اختیار کر لیتے ہیں اور کچھ لوگ خود کو ایسے خول میں بند کر لیتے ہیں کہ جس کے پار کسی کی آواز بھی نہیں پہنچ پاتی۔ اس لیے بولنے سے پہلے اپنے لفظوں کا محاسبہ ضرور کیجیے۔