کچھ عشق ایسے ہوتے ہیں جن کی تپش صرف دل و دماغ کو ہی نہیں بلکہ روح کی گہرائیوں کو بھی منور کر دیتی ہے۔ یہ عشق انسان کے باطن میں ایسی شمع روشن کرتے ہیں جس کی لو برسوں کے اندھیروں کو نگل لیتی ہے۔ پھر انسان کا ظاہر ہی نہیں، اس کی سوچ، فکر اور طرزِ زندگی بھی بدل جاتا ہے۔ عشقِ حقیقی کی یہی آگ جب دل میں سلگتی ہے تو انسان اپنی ذات کی نفی کرکے ایک بلند مقصد سے وابستہ ہو جاتا ہے۔
رومیسہ کالج کے سرسبز گراؤنڈ میں ایک گھنے درخت کے نیچے بیٹھی گہری سوچ میں گم تھی۔ سامنے کتاب کھلی ہوئی تھی، مگر نظریں الفاظ پر ٹھہرنے سے انکاری تھیں۔ ذہن میں ایک ہی سوال بار بار گردش کر رہا تھا، ’’کیا میں نے کبھی اپنے ایمان کو سمجھنے کی کوشش کی ہے؟‘‘
اتنے میں اس کی بچپن کی دوست سحر اس کے قریب آ بیٹھی۔
’’رومیسہ! آج کس سوچ میں ڈوبی ہوئی ہو؟‘‘
رومیسہ نے سر اٹھایا اور دھیمی آواز میں بولی، ’’سحر! مجھے اپنے عقیدے کے بارے میں بہت سے سوالات ہیں۔ تم ہمیشہ ختمِ نبوت کی بات کرتی ہو، آخر یہ اتنا اہم کیوں ہے؟‘‘
سحر نے نرمی سے جواب دیا، ’’ہمارے ایمان کی بنیاد یہ ہے کہ حضرت محمد مصطفیٰ ﷺ اللہ کے آخری نبی ہیں۔ تم قرآن کا ترجمہ دوبارہ پڑھو، معتبر اہلِ علم سے رہنمائی لو اور خود غور کرو۔‘‘
یہ گفتگو رومیسہ کے لیے ایک نئے سفر کا آغاز بن گئی۔ اس نے قرآن مجید کا اصل عربی متن کے ساتھ دوبارہ مطالعہ شروع کیا۔ آیات کے ترجمے اور تفاسیر پر غور کیا، دینی کتابیں پڑھیں اور اپنے ذہن میں اٹھنے والے سوالات کے جوابات تلاش کرنے لگی۔ جوں جوں مطالعے کے دریچے کھلتے گئے، اس کے دل پر حقیقت کے نئے پہلو روشن ہوتے گئے۔ بالآخر تحقیق، غوروفکر اور قلبی اطمینان کے بعد اس نے اسلام قبول کر لیا۔
لیکن اس فیصلے کی قیمت اسے اپنے ہی گھر میں چکانا پڑی۔ جب اس نے اہلِ خانہ کو اپنے فیصلے سے آگاہ کیا تو گھر میں ایک طوفان برپا ہو گیا۔ مخالفت، ناراضی اور دباؤ کے باوجود رومیسہ اپنے فیصلے پر ثابت قدم رہی۔ اپنوں کی بے اعتنائی نے اسے تنہائی کے احساس سے ضرور دوچار کیا، مگر ایمان کی روشنی نے اس کے حوصلے کو مدھم نہ ہونے دیا۔ اس نے بہت کچھ کھو دیا، لیکن اپنے ایمان کی دولت کو ہر شے سے عزیز رکھا۔
اب اس کی زندگی کا ہر لمحہ ایک نئی روحانی کیفیت سے آشنا تھا۔ اس نے سیرتِ رسول ﷺ کا مطالعہ شروع کیا۔ حضور اکرم ﷺ کی رحمت، عفوودرگزر، حسنِ اخلاق اور امت کے لیے بے مثال شفقت کے واقعات پڑھتی تو اس کا دل عقیدت و محبت سے لبریز ہو جاتا۔ اس کی زبان پر درودِ پاک جاری ہو جاتا اور آنکھیں محبت کی نمی سے بھیگ جاتیں۔
ایک دن سحر نے اسے مسلسل درود شریف پڑھتے دیکھا تو پوچھا، ’’رومیسہ! تم ہر وقت درود شریف پڑھتی رہتی ہو، آخر تمہارے دل میں یہ کیفیت کیسے پیدا ہوئی؟‘‘
رومیسہ کے چہرے پر ایک عجیب نورانیت تھی۔ اس نے محبت سے جواب دیا، ’’سحر! جب میں اپنے نبی ﷺ کی سیرت پڑھتی ہوں تو محسوس ہوتا ہے کہ میری زندگی کا ہر لمحہ ان کی محبت کے نام ہونا چاہیے۔ ان کا ذکر میرے دل کو وہ سکون عطا کرتا ہے جو دنیا کی کوئی آسائش نہیں دے سکتی۔ میری آرزو ہے کہ قیامت کے دن میں بھی ان خوش نصیبوں میں شامل ہوں جن کے دل عشقِ رسول ﷺ سے منور ہوں۔ میں چاہتی ہوں کہ میرا کردار، میری گفتگو اور میرا ہر عمل آپ ﷺ کی تعلیمات کا آئینہ دار ہو۔‘‘
سحر خاموشی سے اس کی باتیں سنتی رہی۔ اسے اپنی دوست کی شخصیت میں آنے والی تبدیلی صاف دکھائی دے رہی تھی۔ جو رومیسہ کبھی معمولی باتوں پر پریشان ہو جایا کرتی تھی، اب آزمائشوں کے درمیان بھی صبر اور شکر کا دامن تھامے رکھتی تھی۔
راتوں کی تنہائی اب اس کی عبادت کی گواہ بن چکی تھی۔ وہ نوافل ادا کرتی، درود شریف پڑھتی اور اللہ تعالیٰ سے اپنے ایمان پر استقامت کی دعا مانگتی۔ ایک رات اسے خواب میں حضور اکرم ﷺ کی زیارت نصیب ہوئی۔ بیدار ہوئی تو دل پر ایک عجیب روحانی کیفیت طاری تھی۔ اس نے سجدۂ شکر ادا کیا اور دیر تک درود شریف پڑھتی رہی۔
اپنی ڈائری کے ایک صفحے پر اس نے لکھا:
’’یہ کیسی آتشِ عشق ہے جو میرے وجود کے ہر گوشے کو منور کرتی جا رہی ہے! اب دنیا کی مخالفت میرے حوصلے کو شکست نہیں دے سکتی۔ میری سب سے بڑی آرزو یہ ہے کہ اللہ تعالیٰ مجھے اپنے محبوب ﷺ کی سچی محبت عطا فرمائے اور میری زندگی سنتِ نبوی ﷺ کے مطابق بسر ہو۔‘‘
واقعی، یہ آتشِ عشق ہی تھی جس نے رومیسہ کے وجود کو بدل کر رکھ دیا تھا۔ اب اس کی سب سے بڑی دولت ایمان اور سب سے قیمتی سرمایہ عشقِ رسول ﷺ تھا۔ اسے معلوم ہو چکا تھا کہ محبت کا اصل تقاضا صرف دعویٰ نہیں بلکہ محبوب کی تعلیمات کو اپنی زندگی میں جگہ دینا ہے۔
اب اس کے دل میں ایک ہی چراغ روشن تھا، ایمان کا چراغ، جس کی لو عشقِ رسول ﷺ سے تابندہ تھی۔
مزید پڑھیں




