ایمان مزاری اور ہادی چٹھہ رہائی کے بعد پھر گرفتار

اسلام آباد: سپریم کورٹ کی جانب سے سزا معطل کرکے ضمانت پر رہائی کا حکم دیے جانے کے بعد ایمان مزاری اور ان کے شوہر ہادی علی چٹھہ کو اڈیالہ جیل سے رہائی کے فوراً بعد دوبارہ گرفتار کرلیا گیا۔ نجی ٹی وی چینل کے مطابق سپریم کورٹ کے حکم پر دونوں کی اڈیالہ جیل سے رہائی کا عمل مکمل ہونے کے بعد پولیس نے انہیں دوبارہ اپنی حراست میں لے لیا اور دونوں کو اپنے ہمراہ لے کر جیل سے روانہ ہوگئی۔ اس سے قبل سپریم کورٹ نے ایمان مزاری اور ہادی علی چٹھہ کی سزا معطلی کی درخواستیں منظور کرتے ہوئے دونوں کی سزائیں معطل کردی تھیں اور اسلام آباد ہائی کورٹ کے حتمی فیصلے تک انہیں ضمانت پر رہا کرنے کا حکم دیا تھا۔ عدالت نے دونوں کی ضمانت 2،2 لاکھ روپے کے ضمانتی مچلکوں کے عوض منظور کی تھی۔ ایمان مزاری اور ہادی علی چٹھہ کو 24 جنوری 2026 کو سوشل میڈیا پوسٹس سے متعلق مقدمے میں مجموعی طور پر 17،17 سال قید کی سزائیں سنائی گئی تھیں۔ دونوں نے اپنی سزاؤں کے خلاف اسلام آباد ہائی کورٹ سے رجوع کیا تھا، تاہم سزا معطلی سے متعلق درخواستوں پر کارروائی جاری رہی۔ سپریم کورٹ نے آج سماعت کے دوران دونوں کی سزائیں معطل کرتے ہوئے ضمانت پر رہائی کا حکم دیا، جس کے بعد اڈیالہ جیل سے ان کی رہائی کا عمل شروع کیا گیا۔ تاہم رہائی کے بعد پولیس کی جانب سے دونوں کو دوبارہ حراست میں لیے جانے کی اطلاع سامنے آئی ہے۔ دونوں کی دوبارہ گرفتاری کی قانونی وجوہات اور انہیں کس مقدمے یا عدالتی حکم کے تحت پولیس اپنے ساتھ لے کر گئی، اس حوالے سے مزید تفصیلات تاحال سامنے نہیں آسکی ہیں۔
مزید پڑھیں





