Baaghi TV Logo
ٹرینڈنگ

سٹیٹ بینک کے زرمبادلہ ذخائر میں 3 ارب ڈالر سے زائد اضافہ

staet bank

اسٹیٹ بینک آف پاکستان کے زرمبادلہ ذخائر میں 3 ارب ڈالر سے زائد کا نمایاں اضافہ ریکارڈ کیا گیا ہے، جس کے بعد مرکزی بینک کے زرمبادلہ ذخائر 21 ارب 38 کروڑ 90 لاکھ ڈالر کی سطح پر پہنچ گئے۔ اسٹیٹ بینک کے مطابق زرمبادلہ ذخائر میں یہ اضافہ پاکستان یورو بانڈ کی وصولیوں کے باعث ہوا۔ مرکزی بینک کی جانب سے جاری کردہ اعداد و شمار کے مطابق کمرشل بینکوں کے زرمبادلہ ذخائر 5 ارب 40 کروڑ 22 لاکھ ڈالر ہیں۔ اسٹیٹ بینک کے مطابق کمرشل بینکوں کے ذخائر کو شامل کرنے کے بعد ملک کے مجموعی زرمبادلہ ذخائر 26 ارب 79 کروڑ 12 لاکھ ڈالر ہوگئے ہیں۔ دوسری جانب اسٹیٹ بینک آف پاکستان نے 10 روپے کے نوٹ کی بندش سے متعلق زیر گردش خبروں کی بھی وضاحت جاری کردی ہے۔ مرکزی بینک کے اعلامیے میں کہا گیا ہے کہ 10 روپے کے نوٹ کی بندش سے متعلق خبریں بے بنیاد ہیں اور عوام اس حوالے سے کسی افواہ پر کان نہ دھریں۔ اعلامیے کے مطابق اسٹیٹ بینک کی جانب سے نئے ڈیزائن کے کرنسی نوٹوں سے متعلق تجویز وفاقی کابینہ میں زیر غور ہے، تاہم فی الحال کسی بھی مالیت کے نوٹ کی تبدیلی یا بندش کے حوالے سے کوئی فیصلہ نہیں کیا گیا۔ مرکزی بینک نے واضح کیا ہے کہ نئے نوٹوں کے اجرا یا موجودہ نوٹوں کی بندش سے متعلق حتمی فیصلہ ہونے کی صورت میں عوام کو اس بارے میں باقاعدہ اطلاع دی جائے گی۔ اسٹیٹ بینک کی یہ وضاحت ایسے وقت میں سامنے آئی ہے جب 10 روپے کے نوٹ کی ممکنہ بندش سے متعلق خبریں سوشل میڈیا سمیت مختلف ذرائع پر گردش کررہی تھیں۔