Baaghi TV Logo
ٹرینڈنگ

پاکستانی پارلیمان کا 69ویں دولتِ مشترکہ پارلیمانی کانفرنس میں پہلا گرین میس ایوارڈ اپنے نام


اسلام آباد: پاکستان کی پارلیمان کو 69ویں دولت مشترکہ پارلیمانی کانفرنس کے مرکزی پروگرام میں پہلی مرتبہ گرین میس ایوارڈ سے نوازا گیا ہے۔ یہ اعزاز قومی اسمبلی کے گرین پارلیمنٹ اقدام، سو فیصد شمسی توانائی کے استعمال، پیپر لیس پارلیمانی نظام کی جانب پیش رفت اور دیگر ماحول دوست اقدامات کے اعتراف میں دیا گیا۔ اسپیکر قومی اسمبلی سردار ایاز صادق نے پاکستان کی پارلیمان کی جانب سے دولت مشترکہ پارلیمانی ایسوسی ایشن کا گرین میس ایوارڈ وصول کیا۔ اس موقع پر انہوں نے ایوارڈ ملنے پر اظہار تشکر کرتے ہوئے کہا کہ بطور اسپیکر قومی اسمبلی یہ اعزاز وصول کرنا ان کے لیے باعثِ فخر اور اعزاز ہے۔ سردار ایاز صادق نے کہا کہ یہ اعزاز محض ایک ایوارڈ نہیں بلکہ آنے والی نسلوں کے لیے صاف اور بہتر ماحول یقینی بنانے کے پارلیمانی عزم کا اعتراف ہے۔ گرین پارلیمنٹ کی جانب سفر کسی اعزاز کے حصول کے لیے نہیں بلکہ عوام، بچوں اور آنے والی نسلوں کے ساتھ ذمہ داری کے احساس کے تحت شروع کیا گیا۔ اسپیکر قومی اسمبلی نے کہا کہ گرین میس ایوارڈ منزل نہیں بلکہ پائیدار ماحول کے لیے مزید اقدامات جاری رکھنے کے عزم کا اعادہ ہے۔ قومی اسمبلی پاکستان نے اپنی توانائی کی ضروریات کے لیے سو فیصد شمسی توانائی اختیار کر رکھی ہے، جس کے باعث اسے دنیا کی پہلی سو فیصد سولر توانائی سے چلنے والی پارلیمان کا اعزاز حاصل ہے۔ اس کے علاوہ قومی اسمبلی نے پارلیمانی کارروائی کو ڈیجیٹل بنانے اور کاغذ کے استعمال میں کمی کے لیے الیکٹرانک ٹیبلٹس کے استعمال کے ذریعے پیپر لیس پارلیمانی نظام کی جانب بھی اہم پیش رفت کی ہے۔ پارلیمنٹ ہاؤس میں بارش کے پانی کو محفوظ بنانے کے منصوبے کا اجرا بھی قومی اسمبلی کے ماحول دوست اقدامات میں شامل ہے، جس کا مقصد پانی کے وسائل کا تحفظ اور ان کا مؤثر استعمال یقینی بنانا ہے۔ دولت مشترکہ پارلیمانی کانفرنس کے شرکاء نے پاکستان کے گرین پارلیمنٹ اقدام اور دیگر ماحول دوست اقدامات کو سراہتے ہوئے قومی اسمبلی کے تجربے کو دولت مشترکہ کی دیگر پارلیمانوں کے لیے قابلِ تقلید ماڈل قرار دیا۔ گرین میس ایوارڈ پاکستان کی پارلیمان کی جانب سے ماحولیاتی تحفظ، پائیدار ترقی، ڈیجیٹل پارلیمانی نظام اور وسائل کے ذمہ دارانہ استعمال کے لیے جاری کوششوں کا اہم بین الاقوامی اعتراف قرار دیا جارہا ہے۔