190 ملین پاؤنڈ کیس، عمران خان کی سزا کے خلاف اپیل پر دلائل کی تیاری کیلئے وکیل کو 7 روز کی مہلت، سماعت ملتوی

اسلام آباد ہائیکورٹ نے 190 ملین پاؤنڈ کیس میں بانی پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) عمران خان اور ان کی اہلیہ بشریٰ بی بی کی سزا کے خلاف اپیلوں پر سماعت کے دوران بشریٰ بی بی کو جیل میں تمام ممکنہ طبی اور دیگر سہولیات فراہم کرنے کا حکم دے دیا۔
دوسری جانب عدالت نے عمران خان کی اپیل پر دلائل کی تیاری کے لیے بیرسٹر سلمان صفدر کو 7 روز کی مہلت دیتے ہوئے سماعت ملتوی کردی۔
چیف جسٹس سرفراز ڈوگر اور جسٹس محمد آصف پر مشتمل اسلام آباد ہائیکورٹ کی 2 رکنی بینچ نے اپیلوں اور بشریٰ بی بی کی میڈیکل رپورٹس طلب کرنے سے متعلق درخواستوں پر سماعت کی.اس موقع پر بیرسٹر سلمان صفدر، سردار لطیف کھوسہ، نیب کے اسپیشل پروسیکیوٹر جاوید ارشد اور رافع مقصود جبکہ ایڈووکیٹ جنرل اسلام آباد نوید حیات ملک عدالت میں پیش ہوئے۔
سماعت کے آغاز پر سردار لطیف کھوسہ نے بتایا کہ بشریٰ بی بی کی جانب سے ایک نئی متفرق درخواست دائر کی گئی ہے، جس میں ان کی صحت اور بینائی سے متعلق خدشات کا اظہار کیا گیا ہے۔
انہوں نے کہا کہ یہ زندگی اور بینائی کا معاملہ ہے اور بشریٰ بی بی کی موجودہ طبی کیفیت ایسی ہے کہ وہ بینائی سے بھی محروم ہو سکتی ہیں۔چیف جسٹس سرفراز ڈوگر نے ریمارکس دیے کہ عدالت نے گزشتہ سماعت پر طے کردیا تھا کہ صحت سے متعلق معاملہ وفاقی آئینی عدالت دیکھے گی۔
انہوں نے سردار لطیف کھوسہ کو یاد دلایا کہ انہوں نے بیان حلفی دیا تھا کہ بانی پی ٹی آئی سے ملاقات کے بعد آئندہ سماعت پر اپیلوں پر دلائل شروع کریں گے۔ عدالت نے ملاقات کے لیے مطلوبہ وقت بھی فراہم کیا، لہٰذا اب اپیلوں پر دلائل کا آغاز کیا جائے۔لطیف کھوسہ نے مؤقف اختیار کیا کہ انہیں اپیلوں پر دلائل دینے میں کوئی ہچکچاہٹ نہیں، تاہم بشریٰ بی بی کی صحت اور بینائی کا معاملہ انتہائی اہم ہے۔
انہوں نے بتایا کہ بشریٰ بی بی نے اپنی سرجری سے متعلق بھی آگاہ کیا ہے اور جیل میں انفیکشن کا خطرہ موجود ہے۔ وکیل نے اپنی درخواست کے مندرجات پڑھتے ہوئے دعویٰ کیا کہ بشریٰ بی بی کے جیل روم سے 7 چھوٹے سانپ برآمد ہوئے تھے جبکہ سبطین نامی جیل اہلکار نے انہیں مارا اور بعد ازاں اس جگہ پر سیمنٹ لگا دیا گیا۔انہوں نے جیل میں صفائی ستھرائی اور طبی سہولیات کے حوالے سے بھی خدشات کا اظہار کیا۔
اس پر چیف جسٹس نے کہا کہ عدالت نے وکیل کا مؤقف سن لیا ہے اور متفرق درخواست پر حکم جاری کیا جائے گا۔ عدالت نے ہدایت کی کہ بشریٰ بی بی کے سیل کی صفائی ستھرائی کا خصوصی خیال رکھا جائے، ان کی صحت کا معائنہ کرنے کے لیے ضرورت پڑنے پر اسپیشلسٹ ڈاکٹر فراہم کیا جائے اور درخواست میں بیان کردہ خدشات کو مدنظر رکھتے ہوئے جیل حکام ضروری اقدامات کریں۔عدالت نے ایڈووکیٹ جنرل اسلام آباد کو جیل حکام کے ذریعے عدالتی حکم پر عمل درآمد یقینی بنانے کی ہدایت کرتے ہوئے کہا کہ بشریٰ بی بی کو جیل رولز کے مطابق ہر ممکن سہولت اور علاج معالجے کی فراہمی یقینی بنائی جائے۔
چیف جسٹس نے لطیف کھوسہ کو یقین دہانی کرائی کہ بشریٰ بی بی محفوظ ہاتھوں میں ہیں اور انہیں پریشان ہونے کی ضرورت نہیں، بعد ازاں عدالت نے مرکزی اپیلوں پر دلائل شروع کرنے کی ہدایت کی۔ چیف جسٹس نے بیرسٹر سلمان صفدر کو ابتدا میں بولنے سے روکتے ہوئے کہا کہ سردار لطیف کھوسہ دلائل دیں گے، تاہم لطیف کھوسہ نے واضح کیا کہ وہ بشریٰ بی بی کی اپیل پر جبکہ سلمان صفدر بانی پی ٹی آئی کی اپیل پر دلائل دیں گے، جس پر عدالت نے سلمان صفدر کو عمران خان کی اپیل پر دلائل دینے کی اجازت دے دی۔بیرسٹر سلمان صفدر نے دلائل کا آغاز کرتے ہوئے عمران خان اور بشریٰ بی بی کی اپیلوں کی سماعت براہ راست نشر کرنے کی استدعا کرتے ہوئے موقف اختیار کیا کہ یہ ایک متنازع کیس ہے اور اس کی سماعت لائیو دکھائی جانی چاہیے۔
ان کا کہنا تھا کہ ماضی میں جنرل پرویز مشرف کیس سمیت سپریم کورٹ اور ہائیکورٹ میں بھی عدالتی کارروائی براہ راست نشر کی جا چکی ہے۔ سلمان صفدر نے عدالت کو بتایا کہ وہ کیس کی پیپر بکس اور ریکارڈ کا صرف ایک نظر جائزہ لے سکے ہیں، جبکہ رجسٹرار آفس میں 4 روز تک مسلسل ریکارڈ کی فوٹو کاپیاں ہوتی رہی ہیں۔ انہوں نے مؤقف اختیار کیا کہ اپیلوں پر مؤثر دلائل دینے کے لیے انہیں تیاری کا مناسب وقت درکار ہے۔اس موقع پر چیف جسٹس سرفراز ڈوگر نے ریمارکس دیے کہ عمران خان سابق وزیراعظم ہیں اور قابل احترام ہیں، ان کے اپنے مسائل ہیں۔
نیب پروسیکیوٹر رافع مقصود نے سماعت اگلے روز مقرر کرنے کی تجویز دی تو چیف جسٹس نے کہا کہ انہیں بہت جلدی لگ رہی ہے۔
بیرسٹر سلمان صفدر نے اپیلوں کی تیاری کے لیے دو ہفتے کی مہلت دینے کی استدعا کی، تاہم عدالت نے انہیں تیاری کے لیے 7 روز کا وقت دیتے ہوئے سماعت ملتوی کردی۔
مزید پڑھیں




بے نظیر انکم سپورٹ پروگرام یا بے نظیر ہنرمند سپورٹ پروگرام،تحریر:ندیم یعقوب گوہر

