عمران خان کی ہمشیرہ نورین نیازی کو دل کی تکلیف، پنجاب انسٹی ٹیوٹ آف کارڈیالوجی منتقل

پاکستان تحریک انصاف کے بانی چیئرمین عمران خان کی ہمشیرہ نورین نیازی کو سینے میں درد، دل کی تکلیف اور سانس لینے میں دشواری کے باعث پنجاب انسٹی ٹیوٹ آف کارڈیالوجی لاہور منتقل کر دیا گیا، جہاں ڈاکٹروں نے ان کا طبی معائنہ کرنے کے بعد نگرانی میں رکھ لیا۔
ذرائع کے مطابق نورین نیازی کو بدھ کی شام طبیعت خراب ہونے پر پولیس کی سخت نگرانی میں شام 6 بج کر 51 منٹ پر ہسپتال کی ایمرجنسی میں لایا گیا۔ ابتدائی معائنے کے بعد انہیں متعلقہ وارڈ میں منتقل کر دیا گیا، جہاں ان کا علاج جاری ہے۔
طبی ذرائع کا کہنا ہے کہ ہسپتال پہنچنے پر ان کی دل کی دھڑکن تیز اور بلڈ پریشر معمول سے زیادہ تھا، جبکہ انہیں سینے میں درد اور سانس لینے میں دشواری کا سامنا تھا۔ ای سی جی میں تبدیلیاں سامنے آنے کے بعد ڈاکٹروں نے ہارٹ اٹیک کے امکان کا جائزہ لینے کے لیے خون کے ضروری ٹیسٹ بھی کروائے ہیں۔
ڈاکٹروں کے مطابق صرف ای سی جی کی بنیاد پر دل کے دورے کی حتمی تشخیص نہیں کی جا سکتی۔ خون کے ٹیسٹ کی رپورٹس سامنے آنے کے بعد ہی اس حوالے سے حتمی رائے قائم کی جا سکے گی۔ فی الحال نورین نیازی کو طبی نگرانی میں رکھا گیا ہے۔
نورین نیازی کی ہسپتال منتقلی کے بعد پولیس کی بھاری نفری اور اعلیٰ حکام بھی پنجاب انسٹی ٹیوٹ آف کارڈیالوجی پہنچ گئے، جبکہ ہسپتال میں سکیورٹی کے سخت انتظامات کیے گئے ہیں۔
واضح رہے کہ نورین نیازی بانی پی ٹی آئی عمران خان کی ہمشیرہ اور معروف تجزیہ کار حفیظ اللہ نیازی کی اہلیہ ہیں۔ ان کے ہارٹ اٹیک میں مبتلا ہونے یا نہ ہونے سے متعلق حتمی صورتِ حال ٹیسٹ رپورٹس اور ڈاکٹروں کی تشخیص کے بعد واضح ہوگی۔
مزید پڑھیں





