اقبال فکر قوم کا پیامبر ،تحریر:ڈاکٹر شاہد ایم شاہد
نقطہ نظر
محبت مجھے ان جوانوں سے ہے
ستاروں پہ جو ڈالتے ہیں کمند
برصغیر کی تاریخ شعر و سخن کے اعتبار سے زندہ مثال ہے۔انسان کا صدیوں سے یہ سفر جاری و ساری ہے۔اس نے اپنے تجسس کے بل بوتےشاعر اور فلسفی ہونے کا استحقاق پایا ہے ۔ اپنے نظریات کی بدولت اپنی صلاحیتوں کا لوہا منوا کر معاشرے میں تعمیر و ترقی کے دروازے کھولے ہیں۔ جہالت کی گریں کھولنے کے لیے ، غربت کا ناسور ختم کرنے کے لیے ، قوم کا ضمیر جگانے کے لیے کسی ایسے فلسفے کی ضرورت پڑتی ہے جو زندہ قوم کا نشان بن جاتی ہے۔ایک ایسی ہی تابندہ روایت جو شاعری کے نام سے منسوب ہے، اس نے نوجوانوں کے مقدر کا ستارہ اجاگر کیا۔ انسانی زندگی ماضی حال اور مستقبل میں تجربات و مشاہدات، تصورات و جذبات ، تہذیب و تمدن اور اقدار و روایات کی امین رہی ہے۔تصور خودی سے لے کر بے خودی تک کے سفر میں ، شکوہ سے جواب شکوہ تک ، کلیم سے ضرب کلیم تک ، مشرق سے پیام مشرق تک فکر اقبال نے نسل نو کو جن آفاقی صداقتوں کا پیغام دیا ہے۔ وہ قلب و ذہن کو تسخیر کرنے کے لیے ایک چشمہ کی مانند ہے۔ اگر کسی کو سمجھ نہ آتی ہو کہ قوموں کی آبیاری کس طرح ہوتی ہے ، مفکر اقبال سے پوچھ لیجئے ، کیوں کہ اس کا آج بھی فکر و فلسفہ زندہ ہے۔ کتابوں کی جلدوں میں اپنی خوشبو بکھیرے ہوئے ہے۔ وہ شعور و آگہی کا منبع ہے، تعلیم و تربیت کا سرچشمہ ہے ، شعر و سخن کی تابندہ روایت کا امین ہے۔اسے محض ٹٹولنے اور دل کی تختی پر نقش کرنے کی ضرورت ہے۔
کون جانتا تھا کہ برصغیر کی تاریخ میں پاکستان کے شہر سیالکوٹ میں اقبال کا جنم ہوگا جو قومیت کا تصور پیش کر کے خواب کو حقیقت بنا دے گا۔اپنی شاعرانہ عظمت کے باعث نوجوانوں کے ضمیروں کو جنجھوڑ دے گا جو غفلت کی نیند سے ایسے جاگ جائیں گے جیسے کسی شخص پر پانی ڈال کر اسے جگایا جاتا ہے۔ پھر ایسے نوجوان اپنی قوم کی تقدیر بدل دیں گے۔ ایسا سب کچھ نوجوانوں کی بدولت ہی ہے اور اقبال نے اپنے مذکورہ شعر میں جس عقیدت و محبت کے ساتھ نوجوانوں کے ساتھ اظہار یک جہتی کیا ہے۔ وہ رشک و تحسین بھرے جذبات سے لبریز ہونے کے ساتھ ساتھ آفاقی صداقتوں کا ترجمان بھی ہے۔ تقریبا ایک صدی پہلے نوجوانوں کو دیا گیا یہ پیغام ملت کے ستارے کی مثال بن جائے گا۔شاعر ، مفکر، دانشور ، روز روز پیدا نہیں ہوتے بلکہ یہ کئی صدیوں بعد جنم لیتے ہیں۔ اقبال نے نوجوانان ملت کو خود شناسی کے عمل سے روشناس کروایا ہے ، ان سے اپنی والہانہ محبت کا اظہار کیا ہے ، فکر و فلسفہ کے ذریعے حقیقی ادراک سے منور کیا ہے تاکہ ایک نوجوان زمانے کی لذتوں ، عیاشیوں اور اپنی بے ضمیری چھوڑ کر ہمت و جرات کے دیے جلا کر اپنے قومی تشخص کو بحال کرے ۔
اقبال کی نوجوانوں سے محبت ایک قومی فریضہ ہے جو نسل در نسل پروان چڑھ رہی ہے۔اقبال کے فلسفہ خودی سے آج ہزاروں نہیں بلکہ لاکھوں لوگ استفادہ کر رہے ہیں۔اپنی زندگی میں محنت لگن اور علم کا چراغ جلا کر کھوئے ہوؤں کو ڈھونڈ رہے ہیں۔ عصر حاضر میں نوجوانوں کی شخصیت پر زمانے کی جو گرد جمی ہوئی ہے۔اسے صاف کرنے کے لیے کسی ایسے ماہر سنگ تراش کی ضرورت ہے جو صفائی کا ہنر بھی رکھتا ہو اور جذبات کی اگ جلانے کا فن بھی۔
اقبال نے اپنی شاعری کے ذریعے نوجوانوں سے جو محبت کا اظہار کیا ہے۔وہ قوم پرستی کا اچھوتا شہکار ہے۔مگر سوال پیدا ہوتا ہے کہ جس اقبال نے نوجوان سے اتنی زیادہ امیدیں وابستہ کی تھیں۔ کیا وہ نوجوان اقبال کی خودی اور بے خودی سے واقف ہے ، جو اس کی زندگی کے فلسفیانہ خیالات کی امین ہے۔ کیا اس کی زندگی میں نصیحتوں کی پیغام رسانی کے اثرات موجود ہیں۔جو اس کے یوم پیدائش و وفات پر اس اندر تحریک پیدا کرتے ہیں ؟ یہ سوچنے کا وقت ہے ، ہوش کے ناخن لینے کی ضرورت ہے ، تعلیم و تربیت کی گتھیاں سلجھانے کا وقت ہے۔نوجوانان ملت کو منشیات سے آزاد کرانے کا وقت ہے۔
یوم اقبال کے موقع پر پاکستان کے ساتھ کچھ عہد و پیماں کریں۔اس کا دنیا بھر میں نام روشن کریں۔اپنے عمل کے ذریعے ، اپنے کردار کے ذریعے ، اپنی محنت کے ذریعے۔نوجوانوں کو با اختیار بنانے کے لیے ترقی کے ایسے منصوبے شروع کیے جائیں جہاں معاشی کفالت بھی ہو اور ملک و قوم کا نام بھی روشن۔



