اقبال کا خواب ہماری حقیقت ،تحریر: فاطمہ زہراء
نقطہ نظرعلامہ محمد اقبالؒ وہ دانائے راز تھے جن کے وجودِ مسعود کے لیے بزمِ ہستی مدتوں محوِ دعا رہی۔ آپ ملتِ اسلامیہ کے ان عظیم محسنوں میں سے تھے جنہوں نے اس کے تنِ مردہ میں حیاتِ نو کی روح پھونک دی اور اس کے قلوب میں آزادیِ فکر، خودی کا شعور اور عزم و عمل کی نئی تڑپ بیدار کی۔ اقبال محض شاعر نہ تھے بلکہ ترجمانِ خودی، نباضِ ملت اور فکر و بصیرت کے ایسے آفتاب تھے جن کی ضوفشانی نے غلامی کے گھٹاٹوپ اندھیروں میں امید و آگہی کے چراغ روشن کیے۔
علامہ محمد اقبالؒ بلاشبہ ہماری دعاؤں کا جواب اور بزمِ ہستی کا ایک عظیم انتخاب تھے۔ آپ مردِ مومن اور صاحبِ بصیرت انسان تھے۔ قدرت بعض نفوسِ عظیمہ کو ایسے مقاصد کی تکمیل کے لیے وجود بخشتی ہے جو تاریخ کا دھارا بدلنے اور آنے والی نسلوں کی فکری و عملی سمت متعین کرنے کا سبب بنتے ہیں اقبال بھی انہی عظیم شخصیات میں سے ایک تھے جنہوں نے اپنے افکار و نظریات سے ایک سوئی ہوئی قوم کو بیداری کا پیغام دیا۔
برصغیر میں جب ہر سو غلامی کے سیاہ بادل منڈلا رہے تھے اور فرزندانِ اسلام احساسِ کمتری، بے عملی اور غفلت کی گہری نیند میں مستغرق تھے تو ایسے پُرآشوب دور میں اقبال کی صدا نویدِ آزادی بن کر گونجی۔ آپ کا پیغام ملت کے لیے ایک عظیم فکری سرمایہ ثابت ہوا جس نے مسلمانوں کے دلوں میں اپنی جداگانہ شناخت، ملی تشخص اور آزادی کا احساس ازسرِنو بیدار کیا۔
اقبالؒ کا سب سے نمایاں فکری کارنامہ تصورِ خودی ہے۔ آپ نے مسلمان کو اس کی اپنی ذات کی قدر و منزلت سے آگاہ کیا اور اسے باور کرایا کہ انسان کی اصل عظمت اس کے حسب و نسب، مال و دولت یا ظاہری وجاہت میں نہیں بلکہ اس کے ایمان، کردار، خودداری اور مقصدِ حیات میں پوشیدہ ہے۔ اقبال کے نزدیک خودی محض اپنی ذات پر ناز کرنے کا نام نہیں بلکہ اپنی حقیقت کو پہچاننے، اپنی صلاحیتوں کو جلا بخشنے اور اپنے وجود کو رضائے الٰہی کے تابع کرنے کا نام ہے۔ وہ مسلمان کو ایسا مردِ مومن دیکھنا چاہتے تھے جو حالات کا اسیر بننے کے بجائے اپنے کردار و عمل سے حالات کا رخ بدلنے کی صلاحیت رکھتا ہو۔
اقبالؒ نے اپنی شاعری کے ذریعے نوجوان نسل کو بالخصوص مخاطب کیا کیونکہ وہ جانتے تھے کہ کسی بھی قوم کا مستقبل اس کے نوجوانوں کے ہاتھوں میں ہوتا ہے۔ وہ نوجوانوں میں شاہین جیسی بلند پروازی، خودداری، جرأت اور بلند ہمتی دیکھنے کے آرزو مند تھے۔ ان کے نزدیک نوجوان محض عمر کے ایک مرحلے کا نام نہیں بلکہ عزم و حوصلے، تازہ فکر اور بلند مقاصد کی علامت ہے۔ اسی لیے انہوں نے نوجوانوں کو تقلیدِ محض، احساسِ کمتری اور ذہنی غلامی سے نکل کر اپنی انفرادی و اجتماعی شناخت پہچاننے کی دعوت دی۔
اپنے اسلاف کی عظمت اور نوجوانِ مسلم کی ذمہ داریوں کا احساس دلاتے ہوئے اقبالؒ سوال اٹھاتے ہیں
کبھی اے نوجوانِ مسلم! تدبر بھی کیا تو نے
وہ کیا گردوں تھا جس کا ہے تو اک ٹوٹا ہوا تارا
تجھے اس قوم نے پالا ہے آغوشِ محبت میں
کچل ڈالا تھا جس نے پاؤں میں تاجِ سردارا
یہ محض چند شعری مصرعے نہیں بلکہ ایک سوئی ہوئی قوم کے ضمیر کو جھنجھوڑنے والی صدا ہے۔ اقبال نوجوان کو اس کے شاندار ماضی کی یاد دلاتے ہوئے یہ احساس دلانا چاہتے ہیں کہ تمہارا تعلق اس قوم سے ہے جس نے علم و حکمت، شجاعت و بصیرت اور کردار و عمل سے تاریخ کے صفحات روشن کیے ہیں۔ تمہاری پہچان محض تمہارا ماضی نہیں بلکہ تمہاری وہ ذمہ داریاں بھی ہیں جنہیں پورا کرکے تم اپنے حال کو سنوار اور مستقبل کو تابناک بنا سکتے ہو۔ ماضی کی عظمت پر فخر کرنا آسان ہے مگر اس عظمت کے تقاضوں کو اپنے کردار میں زندہ رکھنا اصل امتحان ہے۔
اقبالؒ کا مردِ مومن وہ انسان ہے جس کے دل میں عشقِ الٰہی کی حرارت، نگاہ میں بصیرت، کردار میں استقامت اور عمل میں اخلاص ہو۔ وہ ایسا شخص ہے جو مشکلات سے گھبرا کر راستہ نہیں بدلتا بلکہ اپنے عزم و استقلال سے دشوار گزار راستوں کو بھی آسان بنا لیتا ہے۔ اقبال کا شاہین کسی ایک بلند پرواز پرندے کا استعارہ نہیں بلکہ اس خوددار، آزاد منش اور بلند کردار انسان کی علامت ہے جو دوسروں کے چھوڑے ہوئے دانوں پر زندگی گزارنے کے بجائے اپنی محنت اور صلاحیت پر بھروسا کرتا ہے۔
تاہم اقبال کی فکر کا دائرہ محض ظاہری ترقی، قومی عظمت اور مادی سربلندی تک محدود نہیں تھا بلکہ اس کا ایک نہایت اہم پہلو روحانی بالیدگی اور تعلق باللہ بھی ہے۔ وہ انسان کو اس کی باطنی دنیا سے روشناس کراتے ہیں اور اسے متنبہ کرتے ہیں کہ اگر نگاہ دنیا کی رنگینیوں میں الجھ جائے اور عقل ظاہری مظاہر کے حصار میں گم ہو جائے تو انسان اپنے اصل مقصدِ حیات سے دور ہو جاتا ہے۔ اسی کیفیت کو اقبال ان الفاظ میں بیان کرتے ہیں
"نگہ الجھی ہوئی ہے رنگ و بو میں خرد کھوئی گئی ہے چار سو میں
نہ چھوڑ اے دل فغانِ صبح گاہی اماں شاید ملے اللہ ہو میں"
ان اشعار میں ایک ایسا روحانی پیغام پوشیدہ ہے جو انسان کو دنیا کی عارضی دل فریبیوں سے نکل کر اپنے خالق کی طرف رجوع کرنے کی دعوت دیتا ہے۔ اقبال کے نزدیک انسان کی حقیقی عظمت اس وقت تک مکمل نہیں ہو سکتی جب تک اس کا باطن عشقِ الٰہی سے منور نہ ہو۔ وہ صبح گاہی کی فریاد، ذکرِ الٰہی اور بندگی کی کیفیت کو انسان کی روحانی زندگی کا لازمی حصہ قرار دیتے ہیں۔ گویا خودی کی معراج بھی اسی وقت ممکن ہے جب انسان اپنی ذات کو اپنے رب کی رضا کے تابع کر دے۔
تحریکِ پاکستان کے فکری پس منظر میں بھی اقبالؒ کا کردار نہایت اہمیت کا حامل ہے۔ آپ نے مسلمانوں کے جداگانہ ملی تشخص اور سیاسی مستقبل کے حوالے سے جو افکار پیش کیے انہوں نے برصغیر کے مسلمانوں میں ایک الگ سیاسی منزل کا شعور پیدا کرنے میں اہم کردار ادا کیا۔
لیکن آج جب ہم اقبالؒ کے افکار و نظریات کا مطالعہ کرتے ہیں تو ایک سوال ہمارے سامنے آ کھڑا ہوتا ہے کہ کیا ہم نے اقبال کو صرف قومی تقریبات، تقاریر اور چند اشعار تک محدود کر دیا ہے؟ کیا ہم نے کبھی ان کے پیغامِ خودی کو اپنی انفرادی اور اجتماعی زندگی کا حصہ بنانے کی کوشش کی ہے؟ کیا ہماری نوجوان نسل اقبال کے شاہین کی طرح بلند مقاصد رکھتی ہے یا محض وقتی خواہشات اور سطحی کامیابیوں کے تعاقب میں اپنی صلاحیتیں ضائع کر رہی ہے؟
افسوس کہ جس قوم کو اقبال نے خودی، خودداری، علم، عمل اور بلند نظری کا درس دیا تھا آج اسی قوم کا ایک بڑا طبقہ فکری انتشار، بے عملی اور احساسِ کمتری کا شکار دکھائی دیتا ہے۔ ہم اقبال کے اشعار تو بڑے ذوق و شوق سے پڑھتے ہیں مگر ان کے پیغام کو اپنی زندگیوں میں اتارنے سے قاصر ہیں۔ ہم شاہین کی پرواز کے قصے تو دہراتے ہیں مگر اپنی عملی زندگی میں بلند پروازی کا حوصلہ پیدا نہیں کرتے۔ ہم اپنے اسلاف کی عظمت کے تذکرے تو کرتے ہیں مگر ان کے کردار، علم و عمل اور ایمانی استقامت کو اپنانے کی کوشش نہیں کرتے۔
اقبالؒ کو خراجِ عقیدت پیش کرنے کا حقیقی طریقہ یہ نہیں کہ ہم سال میں ایک دن ان کے نام سے منسوب کرکے چند تقریبات منعقد کر لیں بلکہ اصل خراجِ تحسین یہ ہے کہ ہم ان کے افکار کو سمجھیں، ان کی تعلیمات سے رہنمائی حاصل کریں اور اپنی زندگیوں میں علم و عمل، خودی و خودداری اور ایمان و کردار کی وہ صفات پیدا کریں جن کا خواب اقبال نے دیکھا تھا۔
اقبال ایک فرد کا نام نہیں بلکہ ایک عہد، ایک فکر اور ایک زندہ نظریے کا نام ہے۔ ان کا پیغام کسی ایک زمانے یا نسل تک محدود نہیں بلکہ ہر اس انسان کے لیے مشعلِ راہ ہے جو اپنی حقیقت پہچاننے، اپنی منزل متعین کرنے اور اپنے کردار سے تاریخ میں اپنا حصہ ڈالنے کا عزم رکھتا ہے۔
اقبال آج بھی زندہ ہیں مگر اصل سوال یہ ہے کہ کیا ہمارے اندر وہ شاہین زندہ ہے جسے اقبال نے بلند آسمانوں کی وسعتوں میں پرواز کرتے دیکھنے کی آرزو کی تھی؟ کیا ہم نے خودی کا مفہوم سمجھا؟ کیا ہم نے اپنے رب سے تعلق کو اپنی زندگی کی بنیاد بنایا؟ اور کیا ہم محض اقبال کے اشعار پڑھنے والی قوم ہیں یا ان کے افکار پر عمل کرنے کا حوصلہ بھی رکھتے ہیں؟
کیونکہ قومیں صرف اپنے محسنوں کو صرف یاد رکھنے سے زندہ نہیں رہتیں بلکہ ان کے افکار کو اپنی زندگیوں میں جگہ دینے سے زندہ رہتی ہیں۔
مزید پڑھیں



