Baaghi TV Logo
ٹرینڈنگ

اسلام آباد ہائی کورٹ ، معذور بچی لُبابہ کے علاج اور بحالی کا حکم برقرار

مصنف:

اسلام آباد: اسلام آباد ہائی کورٹ نے بجلی کے کرنٹ سے دونوں ہاتھ گنوانے والی 9 سالہ بچی لُبابہ کے علاج اور بحالی سے متعلق حکم برقرار رکھتے ہوئے پشاور الیکٹرک سپلائی کمپنی (پیسکو) کی درخواست مسترد کر دی۔

جسٹس اعظم خان کی عدالت نے کیس کا 11 صفحات پر مشتمل تحریری فیصلہ جاری کر دیا، جس میں صدرِ پاکستان کے فیصلے کو برقرار رکھتے ہوئے پیسکو کی پٹیشن خارج کر دی گئی۔عدالت نے حکم دیا کہ پیسکو متاثرہ بچی لُبابہ کا آرمڈ فورسز انسٹی ٹیوٹ آف ری ہیبلیٹیشن میڈیسن، راولپنڈی سے جامع طبی معائنہ کرائے اور اس کے علاج، جدید مصنوعی اعضا کی فراہمی اور بحالی کے تمام اخراجات برداشت کرے۔

تحریری فیصلے کے مطابق اگر بچی کے لیے ضروری علاج یا مصنوعی اعضا کی سہولت پاکستان میں دستیاب نہ ہوئی تو پیسکو کو بیرونِ ملک علاج کے اخراجات بھی ادا کرنا ہوں گے۔عدالت نے قرار دیا کہ بجلی کی تقسیم کار کمپنیوں کی ذمہ داری صرف بلا تعطل بجلی کی فراہمی تک محدود نہیں بلکہ انسانی جانوں کی حفاظت اور حفاظتی تقاضوں کو پورا کرنا بھی ان کی ذمہ داری ہے۔کیس میں وفاق کی جانب سے ڈپٹی اٹارنی جنرل راجہ ضمیر الدین نے پیروی کی۔

واضح رہے کہ جولائی 2021 میں چارسدہ کے علاقے پیر قلعہ میں 11 ہزار وولٹ کی بجلی کی لائن گرنے کے باعث بچی لُبابہ شدید جھلس گئی تھی اور اس حادثے میں اس کے دونوں ہاتھ ضائع ہو گئے تھے۔