پولیس افسر کے گھر کام کرنے والی 13 سالہ گھریلو ملازمہ کی پوسٹ مارٹم رپورٹ سامنے آ گئی

اسلام آباد میں سینئر پولیس افسر کے گھر کام کرنے والی 13 سالہ گھریلو ملازمہ فاطمہ اصغر کی ہلاکت کے کیس میں اہم پیشرفت سامنے آئی ہے، ابتدائی پوسٹ مارٹم رپورٹ میں بچی کی موت کی وجہ جسمانی تشدد کے اثرات کو قرار دیا گیا ہے۔
ابتدائی رپورٹ کے مطابق جسم پر تشدد کے باعث شدید سوزش پیدا ہوئی، جبکہ گہری چوٹوں اور سوزش کے نتیجے میں خون کے لوتھڑے بن گئے۔ رپورٹ میں بتایا گیا ہے کہ خون کے لوتھڑے بننے کے باعث بچی تھرومبو ایمبولزم کا شکار ہوئی۔رپورٹ کے مطابق تھرومبو ایمبولزم کے نتیجے میں بچی کو کارڈیو پلمونری اریسٹ ہوا، جس کے باعث اس کے دل اور پھیپھڑوں نے کام کرنا بند کردیا اور اس کی موت واقع ہوگئی۔
دوسری جانب تفتیشی ذرائع کے مطابق پولیس نے بچی پر تشدد کے لیے استعمال ہونے والی استری اور ڈنڈا برآمد کرلیا ہے۔ گرفتار ملزم علی رضا نے اپنے بیان میں بتایا ہے کہ ملزمہ اکثر بچی کو ڈنڈے سے مارتی تھی۔ملزم کے مطابق بچی کی حالت زیادہ خراب ہونے پر پہلے پولیس لائنز کے ڈسپنسری سے اس کا طبی معائنہ بھی کرایا گیا تھا۔ ملزم نے اپنے بیان میں ملزمہ کی جانب سے بچی پر تشدد کیے جانے سے متعلق بھی تفتیشی حکام کو آگاہ کیا ہے۔
مزید پڑھیں



