اسلام آباد: پولیس افسر کے گھر 13 سالہ گھریلو ملازمہ کی مبینہ تشدد سے ہلاکت، اہلیہ اور قاری گرفتار

اسلام آباد پولیس لائنز ہیڈکوارٹرز میں تعینات ایک سینئر پولیس افسر کے گھر 13 سالہ گھریلو ملازمہ فاطمہ کی مبینہ ہلاکت کے واقعے میں پولیس نے افسر کی اہلیہ اور بچوں کو دینی تعلیم دینے والے قاری کو گرفتار کرلیا۔
پولیس ذرائع کے مطابق واقعے کا مقدمہ تھانہ شمس کالونی میں بچی کے والد اصغر علی کی مدعیت میں درج کیا گیا ہے، جن کا تعلق رحیم یار خان سے ہے۔ مقدمے میں نامزد پولیس افسر کی اہلیہ کو حراست میں لے لیا گیا ہے، جبکہ گھر میں بچوں کو دینی تعلیم دینے والے قاری کو بھی گرفتار کرلیا گیا ہے۔ابتدائی طبی معائنے کے دوران 13 سالہ فاطمہ کے جسم پر تشدد کے نشانات پائے گئے ہیں۔ پولیس نے واقعے کی مختلف پہلوؤں سے تفتیش شروع کردی ہے۔ایف آئی آر کے مطابق بچی کے والد کا کہنا ہے کہ ان کی 13 سالہ بیٹی فاطمہ مدرسے میں حفظ قرآن کی تعلیم حاصل کر رہی تھی۔ بیٹی کی طبیعت اچانک خراب ہونے پر اسے اسپتال منتقل کیا گیا، تاہم بعدازاں انہیں اطلاع دی گئی کہ ان کی بیٹی انتقال کر گئی ہے۔
والد نے مقدمے میں مؤقف اختیار کیا کہ ان کی بیٹی سیکٹر ایچ الیون اسلام آباد میں رہائش پذیر تھی۔ لاش کا معائنہ کرنے پر جسم پر تشدد کے نشانات نظر آئے، جس کے بعد انہوں نے بیٹی کی موت کی وجوہات معلوم کرنے، پوسٹ مارٹم کرانے اور ذمہ داران کو گرفتار کرنے کی درخواست کی۔دوسری جانب پولیس افسر محمد بن اشرف نے مؤقف اختیار کیا ہے کہ بچی کافی عرصے سے ان کے گھر رہ رہی تھی اور واقعے کے بعد انہوں نے خود پولیس سے رابطہ کرکے قانون کے مطابق کارروائی کرنے کا کہا۔ ان کے مطابق واقعہ گزشتہ روز پیش آیا، جبکہ وہ اس وقت ملک سے باہر تھے۔محمد بن اشرف کا مزید کہنا تھا کہ ان کے بچوں کو دینی تعلیم دینے کے لیے آنے والا قاری بھی بچی کو مارتا تھا۔پولیس واقعے کی مزید تفتیش کر رہی ہے، جبکہ بچی کی ہلاکت کی اصل وجوہات پوسٹ مارٹم رپورٹ اور تحقیقات کے بعد سامنے آئیں گی۔
مزید پڑھیں





