جمعرات، 19 نومبر، 2026
Baaghi TV Logo
ٹرینڈنگ

اسلام آباد پولیس نے مفتی ابرار کے ناقابلِ ضمانت وارنٹ گرفتاری کی تعمیل کرا دی


جمعیت علمائے اسلام (ف) کے سربراہ مولانا فضل الرحمان کے قریبی ساتھی مفتی ابرار کے خلاف قانونی کارروائی تیز کر دی گئی، انسداد دہشت گردی عدالت نے ناقابل ضمانت وارنٹ گرفتاری جاری کر دیے۔

اسلام آباد پولیس نے سیکٹر آئی نائن فور میں مسجد فاروق اعظم پہنچ کر مفتی ابرار کو وارنٹ گرفتاری موصول کروا دیے، تاہم گرفتاری کے خوف سے مفتی ابرار روپوش ہو گئے، جن کی گرفتاری کے لیے پولیس چھاپے مار رہی ہے۔

مفتی ابرار کے خلاف تھانہ انڈسٹریل ایریا میں مقدمہ نمبر 1212/26 درج ہے، جس میں انسداد دہشت گردی ایکٹ کی دفعہ 7 سمیت دیگر سنگین دفعات شامل کی گئی ہیں۔

ایف آئی آر کے مطابق 7 نومبر 2026 کو سیکٹر آئی نائن فور میں پیشگی اجازت اور این او سی کے بغیر احتجاجی اجتماع کیا گیا، اس دوران سڑکیں بلاک کی گئیں اور دفعہ 144 کی خلاف ورزی کی گئی۔

مقدمے میں جے یو آئی (ف) کے کارکنوں پر پولیس اہلکاروں پر پتھراؤ، سرکاری گاڑیوں کی توڑ پھوڑ اور کار سرکار میں مداخلت کے الزامات بھی عائد کیے گئے ہیں۔

ایف آئی آر کے مطابق مظاہرین نے اسلحے کے زور پر سرکاری اہلکاروں کو فرائض کی انجام دہی سے روکا، جبکہ احتجاج کے دوران شہریوں، مسافروں اور قریبی رہائشی فلیٹس کے مکینوں کی جان و مال کو بھی خطرے میں ڈالا گیا۔

عدالتی احکامات کی تعمیل نہ کرنے اور گرفتاری سے بچنے پر انسداد دہشت گردی کی خصوصی عدالت اسلام آباد نے مفتی ابرار کے ناقابل ضمانت وارنٹ گرفتاری جاری کیے اور انہیں فوری گرفتار کرنے کا حکم دیا۔

پولیس نے عدالتی احکامات کی تعمیل کرتے ہوئے مسجد فاروق اعظم میں وارنٹ موصول کروا دیے ہیں اور ملزم کی گرفتاری کے لیے کارروائیاں جاری ہیں۔