جمعرات، 12 نومبر، 2026
Baaghi TV Logo
ٹرینڈنگ

میو ہسپتال میں جعلی ڈاکٹر اور پولیس افسر بن کر لوٹ مار کرنے والا ملزم گرفتار


میو ہسپتال میں خود کو ڈاکٹر اور اعلیٰ پولیس افسر ظاہر کرکے شہریوں اور ہسپتال کے عملے سے رقوم بٹورنے والا نوسرباز گرفتار کرلیا گیا۔

ہسپتال انتظامیہ کے مطابق ملزم خود کو پروفیسر ڈاکٹر عمر حسن اور نیورو سرجری کا سربراہ ظاہر کرتا تھا، جبکہ کنگ ایڈورڈ میڈیکل کالج سے 1996ء میں گریجویشن کرنے کا بھی دعویٰ کرتا رہا۔

ملزم ہسپتال کے اندر خود کو ڈی آئی جی پولیس، ڈائریکٹر سرویلنس پنجاب اور ڈائریکٹر سرویلنس فیڈرل بھی ظاہر کرتا رہا۔ جعلی شناخت اور اعلیٰ سرکاری و طبی عہدوں کا دعویٰ کرکے اس نے میو اسپتال کے ڈاکٹرز اور ملازمین سے رقوم بٹوریں۔

میو ہسپتال انتظامیہ اور سیکیورٹی سرویلنس ٹیم نے کارروائی کرتے ہوئے ملزم کو گرفتار کرلیا، جس کے خلاف مقدمہ بھی درج کرلیا گیا ہے۔

ہسپتال انتظامیہ کے ترجمان کے مطابق متاثرہ افراد تحریری درخواست جمع کرا سکتے ہیں، شکایت کنندگان کی شناخت اور معلومات مکمل طور پر خفیہ رکھی جائیں گی جبکہ انہیں ہر ممکن انتظامی اور قانونی معاونت بھی فراہم کی جائے گی۔