جمعرات، 26 نومبر، 2026
Baaghi TV Logo
ٹرینڈنگ

جنوبی پنجاب کی محرومی کی سیاست کرنے والوں کی سیاسی دکان بند ہوگئی، مریم نواز


وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز نے کہا ہے کہ جنوبی پنجاب کی محرومی کے نام پر سیاست کرنے والے یہاں سے کامیاب ہو کر اپنے محلوں میں بیٹھ جاتے ہیں، ان کا مقصد عوام کے مسائل حل کرنا نہیں بلکہ اپنی سیاسی دکان چلانا تھا۔

ملتان میں ایک تقریب سے خطاب کرتے ہوئے مریم نواز نے کہا کہ بعض سیاسی عناصر نے جنوبی پنجاب کی محرومی کو اپنا نعرہ بنا رکھا تھا، لیکن حقیقت میں یہ نعرہ عوام کی خدمت کے بجائے سیاسی مفادات کے لیے استعمال کیا جاتا رہا۔ ان کا کہنا تھا کہ اگر یہ لوگ واقعی جنوبی پنجاب کی محرومی ختم کر دیتے تو ان کی سیاسی دکان بھی بند ہو جاتی۔

وزیراعلیٰ پنجاب نے کہا کہ مسلم لیگ (ن) نے ایسے عناصر کی سیاسی دکان بند کر دی ہے۔ ان کے مطابق جنوبی پنجاب سے کامیاب ہونے والے بعض سیاست دان عوام کے درمیان رہنے اور ان کے مسائل حل کرنے کے بجائے اپنے محلوں تک محدود ہو جاتے ہیں، جبکہ محرومی کے نام پر سیاست کا سلسلہ جاری رکھتے ہیں۔

مریم نواز نے کہا کہ مسلم لیگ (ن) کے لیے پورا پنجاب برابر ہے اور حکومت صوبے کے تمام علاقوں کو یکساں اہمیت دے رہی ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ حکومت پورے پنجاب میں عوام کو سہولتیں فراہم کر رہی ہے اور ترقیاتی اقدامات کسی ایک علاقے تک محدود نہیں بلکہ پورے صوبے کے لیے کیے جا رہے ہیں۔