مسعود پزشکیان آئندہ چند روز میں نیویارک روانہ ہوں گے، ایرانی میڈیا

تہران: ایرانی صدر مسعود پزشکیان آئندہ چند روز میں اقوام متحدہ کی جنرل اسمبلی کے اجلاس میں شرکت کے لیے نیویارک روانہ ہوں گے۔ ایرانی نجی خبررساں ادارے تسنیم کے مطابق صدر مسعود پزشکیان اقوام متحدہ کی جنرل اسمبلی کے اجلاس سے خطاب کریں گے، جس میں وہ عالمی امور بالخصوص ایران کے خلاف امریکا اور اسرائیل کی جنگ کے حوالے سے ایران کا مؤقف عالمی برادری کے سامنے پیش کریں گے۔
رپورٹ کے مطابق ایرانی صدر اپنے دورہ نیویارک کے دوران عالمی رہنماؤں اور مختلف ممالک کے اعلیٰ حکام سے بھی ملاقاتیں کریں گے۔ ان ملاقاتوں میں دوطرفہ تعلقات، عالمی صورتحال اور باہمی دلچسپی کے امور پر تبادلہ خیال متوقع ہے۔ ایرانی میڈیا کے مطابق مسعود پزشکیان کے ہمراہ اعلیٰ سطحی ایرانی وفد بھی نیویارک جائے گا، جس میں حکومت کے اہم عہدیدار اور متعلقہ حکام شامل ہوں گے۔
صدر پزشکیان کا اقوام متحدہ کی جنرل اسمبلی کے اجلاس میں شرکت کا فیصلہ ایسے وقت میں سامنے آیا ہے جب ایران اور امریکا کے درمیان کشیدگی سمیت خطے کی مجموعی صورتحال عالمی توجہ کا مرکز بنی ہوئی ہے۔ ایرانی میڈیا کا کہنا ہے کہ صدر پزشکیان جنرل اسمبلی کے اجلاس کے موقع پر ایران کی خارجہ پالیسی اور موجودہ عالمی حالات کے بارے میں تہران کا مؤقف عالمی برادری کے سامنے رکھیں گے۔
دورہ نیویارک کے دوران ایرانی وفد کی مختلف ممالک کے نمائندوں سے ملاقاتوں کا بھی امکان ہے، تاہم ان ملاقاتوں کی حتمی تفصیلات بعد میں سامنے آنے کی توقع ہے۔
مزید پڑھیں





