Baaghi TV Logo
ٹرینڈنگ

ہنگو میں سکیورٹی فورسز کا آپریشن، 8 دہشتگرد ہلاک، 6 جوان شہید


ہنگو میں سکیورٹی فورسز نے فتنہ الخوارج کے خلاف کارروائی کرتے ہوئے 8 دہشت گردوں کو ہلاک کر دیا، تاہم شدید فائرنگ کے تبادلے میں 2 افسران سمیت 6 جوان شہید ہوگئے۔ پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کے مطابق سکیورٹی فورسز نے ہنگو میں مؤثر کارروائی کرتے ہوئے بھارتی سرپرستی میں سرگرم فتنہ الخوارج کے 8 دہشت گردوں کو ہلاک کیا۔ کارروائی کے دوران سکیورٹی فورسز اور خوارج کے درمیان شدید فائرنگ کا تبادلہ ہوا۔

آئی ایس پی آر کے مطابق فائرنگ کے شدید تبادلے میں کیپٹن ابوزر فاروق اور لیفٹیننٹ شیراز بابر سمیت 6 جوان جاں بحق ہوگئے۔ دونوں افسران اپنے دستوں کی قیادت کرتے ہوئے بہادری سے لڑے۔

ترجمان پاک فوج کے مطابق 23 سالہ کیپٹن ابوزر فاروق کا تعلق ضلع گوجرانوالہ جبکہ 22 سالہ لیفٹیننٹ شیراز بابر کا تعلق ضلع چکوال سے تھا۔ آئی ایس پی آر کے مطابق علاقے میں مزید خوارج کے خاتمے کے لیے کلیئرنس آپریشن جاری ہے، جبکہ سکیورٹی فورسز اور قانون نافذ کرنے والے ادارے دہشت گرد عناصر کے خلاف کارروائیاں جاری رکھے ہوئے ہیں۔ ترجمان پاک فوج نے کہا کہ عزمِ استحکام کے تحت دہشت گردی کے خلاف سکیورٹی فورسز اور قانون نافذ کرنے والے اداروں کی کارروائیاں بھرپور انداز میں جاری رہیں گی۔ ملک سے غیر ملکی سرپرستی اور معاونت یافتہ دہشت گردی کے خاتمے کے لیے سکیورٹی فورسز کا عزم برقرار ہے۔

رسائی کے اختیارات

Size: NORMAL