Baaghi TV Logo
ٹرینڈنگ

پاکستانی ڈراموں میں بولڈ مناظر کا بڑھتا رجحان، مشی خان کا اظہار تشویش

mishikhan

پاکستانی شوبز انڈسٹری کی معروف اداکارہ اور میزبان مشی خان نے پاکستانی ڈراموں میں بولڈ اور غیر مناسب مناظر کے بڑھتے ہوئے رجحان پر تشویش کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ اگر اس حوالے سے بروقت توجہ نہ دی گئی تو ڈرامہ انڈسٹری اپنی روایتی شناخت کھو سکتی ہے۔

مشی خان، جو سوشل میڈیا پر قومی، بین الاقوامی اور سماجی معاملات پر اپنی بے باک رائے دینے کے لیے جانی جاتی ہیں، نے حال ہی میں انسٹاگرام پر ایک ویڈیو پیغام جاری کیا۔ اس ویڈیو میں انہوں نے پاکستانی ڈراموں میں شامل کیے جانے والے رومانوی اور جسمانی قربت کے مناظر پر اپنے تحفظات کا اظہار کیا۔انہوں نے کہا کہ فلموں، ڈراموں، اسٹیج شوز اور سوشل میڈیا کے نام پر بے حیائی میں مسلسل اضافہ ہو رہا ہے۔ ان کے مطابق بھارتی فلمیں اور گانے پہلے ہی غیر مناسب مواد کی طرف جا چکے ہیں اور اب پاکستانی ڈراموں میں بھی اسی طرز کا رجحان دکھائی دینے لگا ہے، جو تشویشناک ہے۔

مشی خان کا کہنا تھا کہ ماضی میں پاکستانی ڈرامے اپنی خاندانی اقدار، مضبوط کہانیوں اور معیاری کردار نگاری کی وجہ سے پسند کیے جاتے تھے، لیکن اب تقریباً ہر ڈرامے میں شادی شدہ جوڑوں کے درمیان گلے ملنے جیسے مناظر کو معمول بنایا جا رہا ہے۔ انہوں نے خدشہ ظاہر کیا کہ اگر یہی سلسلہ جاری رہا تو مستقبل میں بیڈروم سینز اور بوس و کنار جیسے مناظر بھی عام ہو سکتے ہیں۔اداکارہ نے مزید کہا کہ پاکستانی ڈرامے پورے خاندان، بزرگوں اور بچوں کے ساتھ بیٹھ کر دیکھے جاتے ہیں، اس لیے ان میں ایسا مواد شامل کرنے سے گریز کیا جانا چاہیے جو خاندانی ماحول کے لیے نامناسب ہو۔ ان کا کہنا تھا کہ ڈراموں کو تفریح کے ساتھ ساتھ معاشرتی اقدار اور ثقافتی روایات کا بھی خیال رکھنا چاہیے۔

رسائی کے اختیارات

Size: NORMAL