منگل، 10 نومبر، 2026
Baaghi TV Logo
ٹرینڈنگ

نوجوانوں کے خواب اور معاشرے کی بے حسی،تحریر:انجینئر علی رضوان چوہدری

نقطہ نظر
ali rizwan ch

آج کا نوجوان خواب دیکھتا ہے، محنت کرتا ہے، تعلیم حاصل کرتا ہے ڈگریاں لیتا ہے اور اپنے مستقبل کو سنوارنے کے لیے دن رات ایک کر دیتا ہے، مگر جب عملی زندگی میں قدم رکھتا ہے تو اسے احساس ہوتا ہے کہ یہاں صرف قابلیت کافی نہیں، سفارش، تعلقات اور وسائل بھی اہمیت رکھتے ہیں۔ سوال یہ ہے کہ آخر ہمارے نوجوان کب تک اپنے خوابوں کو حالات کی بھینٹ چڑھاتے رہیں گے؟

ہمارے معاشرے کا ایک بڑا المیہ یہ ہے کہ ہم نوجوانوں سے توقعات تو بہت رکھتے ہیں، مگر انہیں مواقع فراہم کرنے میں اکثر ناکام دکھائی دیتے ہیں۔ ہم چاہتے ہیں کہ نوجوان ملک کا نام روشن کریں، معاشرے کی خدمت کریں، کاروبار کریں، جدید علوم حاصل کریں اور ترقی کی منازل طے کریں، لیکن کیا ہم نے کبھی سوچا کہ ان کے راستے میں حائل رکاوٹوں کو دور کرنے کے لیے ہم نے کیا کردار ادا کیا ہے؟

ایک نوجوان جب یونیورسٹی سے ڈگری لے کر نکلتا ہے تو اس کی آنکھوں میں امید ہوتی ہے کہ اب اس کی محنت رنگ لائے گی۔ مگر کئی مرتبہ اسے نوکری کے لیے سفارش، تجربے کے لیے نوکری اور نوکری کے لیے تجربے کی عجیب و غریب شرطوں کا سامنا کرنا پڑتا ہے۔ ایک غریب گھرانے کا باصلاحیت نوجوان وسائل کی کمی کے باعث اپنے خوابوں کو ادھورا چھوڑنے پر مجبور ہو جاتا ہے۔

ہمیں یہ حقیقت تسلیم کرنا ہوگی کہ ہر نوجوان سرکاری ملازمت حاصل نہیں کر سکتا اور نہ ہی ہر شخص کے پاس کاروبار شروع کرنے کے لیے سرمایہ موجود ہے۔ ایسے میں فنی تعلیم، جدید ہنر، آسان کاروباری قرضوں، میرٹ پر روزگار اور نوجوانوں کی عملی تربیت کے مواقع فراہم کرنا وقت کی اہم ضرورت ہے۔

ہمارے نوجوانوں کا ایک اور بڑا مسئلہ رہنمائی کا فقدان ہے۔ انہیں بتایا تو جاتا ہے کہ کامیاب بنو، مگر یہ نہیں بتایا جاتا کہ کامیابی تک پہنچنے کا راستہ کیا ہے۔ انہیں نصیحتیں تو بہت ملتی ہیں، مگر ان کی صلاحیتوں کو نکھارنے کے لیے عملی پلیٹ فارم کم میسر آتے ہیں۔

ہمیں یہ بھی سمجھنا ہوگا کہ نوجوان صرف مستقبل نہیں بلکہ آج کی ایک بڑی حقیقت ہیں۔ انہیں فیصلہ سازی میں شامل کرنا، سماجی سرگرمیوں میں آگے لانا، ادبی و فکری نشستوں کا انعقاد کرنا اور ان کی مثبت سوچ کو فروغ دینا ہماری اجتماعی ذمہ داری ہے۔

خصوصاً چھوٹے شہروں اور دیہی علاقوں کے نوجوان بے شمار صلاحیتوں کے باوجود بڑے مواقع سے محروم رہ جاتے ہیں۔ ان کے اندر بھی بڑے خواب، تخلیقی صلاحیتیں اور کچھ کر گزرنے کا جذبہ موجود ہوتا ہے۔ ضرورت صرف اس بات کی ہے کہ ان کے لیے بھی ترقی کے دروازے کھولے جائیں۔

یہ بھی حقیقت ہے کہ نوجوان نسل کو اپنی ذمہ داریوں کا احساس کرنا ہوگا۔ صرف حالات کو الزام دینا کافی نہیں۔ وقت کی قدر، مسلسل محنت، مطالعہ، کردار سازی، جدید مہارتوں کا حصول اور مثبت سوچ ہی وہ راستے ہیں جو منزل تک پہنچاتے ہیں۔ سوشل میڈیا کی عارضی شہرت کے بجائے حقیقی قابلیت اور عملی کامیابی کو ترجیح دینا ہوگی۔

آج ہمیں اپنے معاشرے سے ایک سوال کرنا ہے: اگر ہم نوجوانوں کو مواقع نہیں دیں گے، ان کی حوصلہ افزائی نہیں کریں گے، ان کے خوابوں کو اہمیت نہیں دیں گے تو پھر ہم ایک روشن مستقبل کی توقع کیسے کر سکتے ہیں؟

نوجوان کسی بھی قوم کا صرف سرمایہ نہیں بلکہ اس قوم کی امید، طاقت اور مستقبل ہوتے ہیں۔ ان کے خوابوں کو کچلنے کے بجائے انہیں حقیقت میں بدلنے کے مواقع فراہم کرنا ہوں گے۔ نوجوانوں کو صرف یہ نہ کہیں کہ تم ملک کا مستقبل ہو، بلکہ انہیں آج ایسا ماحول بھی دیں کہ وہ اپنے حال کو سنوار سکیں۔ کیونکہ جس معاشرے کے نوجوان مایوس ہو جائیں، اس معاشرے کے مستقبل کے خواب بھی دھندلا جاتے ہیں۔