کھلاڑیوں کے سینٹرل کانٹریکٹس کو حتمی شکل دے دی گئی: محسن نقوی

چیئرمین پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) محسن نقوی نے کہا ہے کہ بورڈ ارکان پر مکمل اعتماد ہے، وہ اپنی ٹیم کے ساتھ کھڑے ہیں۔ محسن نقوی نے بتایا کہ کھلاڑیوں کے سینٹرل کانٹریکٹس کو حتمی شکل دے دی گئی ہے۔
لاہور میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے چیئرمین پی سی بی محسن نقوی نے کہا ہے کہ انہیں اپنی ٹیم پر مکمل اعتماد ہے اور وہ اس کی بھرپور حمایت کررہے ہیں۔
ان کا کہنا تھا کہ میں اپنی ٹیم کی پشت پر موجود ہوں اور جو فیصلے کیے جارہے ہیں، وہ درست ہیں۔
محسن نقوی نے بتایا کہ قومی کرکٹ ٹیم کے کھلاڑیوں کے سینٹرل کانٹریکٹس کو حتمی شکل دے دی گئی ہے اور ان کا اعلان آج یا کل کردیا جائے گا۔ ان کا کہنا تھا کہ کوشش ہے کہ مقررہ ڈیڈلائن سے پہلے تمام کام مکمل کرلیا جائے۔
چیئرمین پی سی بی نے کہا کہ عاقب جاوید نے کرکٹ کی بہتری کے لیے ماسٹر پلان تیار کیا ہے اور اس حوالے سے بھرپور اقدامات کیے جارہے ہیں۔ کھلاڑیوں کی کمی کو پورا کرنے کے لیے بھی کام کیا جارہا ہے تاکہ قومی کرکٹ کو مزید بہتر بنایا جاسکے۔
نیشنل کرکٹ اکیڈمی کے حوالے سے محسن نقوی کا کہنا تھا کہ ہماری اکیڈمی بہت زبردست ہے اور نیشنل کرکٹ اکیڈمی کو بہترین بنانے کے لیے کام جاری ہے۔ انہوں نے کہا کہ کرکٹ کی بہتری کے لیے مختلف اقدامات کیے جارہے ہیں اور ان منصوبوں کو مقررہ وقت میں مکمل کرنے کی کوشش کی جارہی ہے۔
مزید پڑھیں



