پیر، 2 نومبر، 2026
Baaghi TV Logo
ٹرینڈنگ

ایڈرین ہیملٹن مینز نے پی آئی اے کے چیف ایگزیکٹو کا عہدہ سنبھال لیا


پاکستان انٹرنیشنل ایئرلائنز (پی آئی اے) کے نئے چیف ایگزیکٹو آفیسر (سی ای او) ایڈرین ہملٹن مانز نے اپنے عہدے کا باضابطہ چارج سنبھال لیا ہے۔ وہ کمرشل ایوی ایشن کے شعبے میں 30 سال کا وسیع تجربہ رکھتے ہیں اور اس سے قبل عمان، قازقستان اور افریقہ میں 3 ایئرلائنز کے چیف ایگزیکٹو آفیسر کے طور پر خدمات انجام دے چکے ہیں۔

ایڈرین ہملٹن مانز کو ہوابازی کی صنعت میں اصلاحات متعارف کرانے اور اداروں کی کارکردگی بہتر بنانے کا ماہر سمجھا جاتا ہے۔ پی آئی اے کنسورشیم اور بورڈ نے نئے چیف ایگزیکٹو آفیسر کی ذمہ داریاں سنبھالنے کے موقع پر سبکدوش ہونے والے سی ای او ایئر وائس مارشل عامر حیات کی خدمات کو بھی سراہا اور ان کا شکریہ ادا کیا۔

پی آئی اے انتظامیہ کے مطابق ایئر وائس مارشل عامر حیات کے دور میں قومی ایئرلائن نے مشکل ترین حالات اور متعدد چیلنجز کا سامنا کیا۔

ان کے دور کی نمایاں کامیابیوں میں پی آئی اے کے فضائی تحفظ کے معیار میں بہتری، یورپ اور برطانیہ کی جانب سے عائد پابندیوں کا خاتمہ اور ادارے کو نجکاری کے لیے تیار کرنا شامل ہیں۔

چیئرمین پی آئی اے نے نئے سی ای او ایڈرین ہملٹن مانز کو خوش آمدید کہتے ہوئے امید ظاہر کی کہ وہ اپنے وسیع پیشہ ورانہ تجربے سے فائدہ اٹھاتے ہوئے قومی ایئرلائن کی خدمات کے معیار میں مزید بہتری لائیں گے۔

چیئرمین پی آئی اے کا کہنا تھا کہ توقع ہے کہ نئے چیف ایگزیکٹو آفیسر اپنی صلاحیتوں اور تجربے کو بروئے کار لا کر پی آئی اے کو دنیا کی صف اول کی ایئرلائنز میں شامل کرنے کے لیے مؤثر کردار ادا کریں گے۔