اسکرین کے ہیرو اور نوجوان نسل کا مستقبل،تحریر : شمسہ رانی
نقطہ نظر
معاشرے کی تعمیر صرف تعلیمی اداروں، والدین اور تربیت گاہوں کی ذمہ داری نہیں ہوتی بلکہ ذرائع ابلاغ بھی اس عمل میں ایک اہم کردار ادا کرتے ہیں۔ میڈیا وہ طاقت ہے جو خاموشی سے انسانی ذہنوں میں تصورات جنم دیتی، رویّوں کو متاثر کرتی اور معاشرتی رجحانات کی تشکیل کرتی ہے۔ یہی وجہ ہے کہ جب ہم اپنی نوجوان نسل کو منشیات کی دلدل سے بچانے کی بات کرتے ہیں تو ہمیں میڈیا کے کردار پر بھی سنجیدگی سے غور کرنا ہوگا۔
آج کا نوجوان ایک ایسے دور میں سانس لے رہا ہے جہاں اس کی زندگی کا بڑا حصہ موبائل اسکرین، ٹیلی ویژن، فلموں اور سوشل میڈیا کے گرد گھومتا ہے۔ وہ اپنے پسندیدہ اداکاروں، گلوکاروں اور سوشل میڈیا شخصیات کو دیکھتا، سنتا اور کسی نہ کسی حد تک ان کے اندازِ زندگی سے متاثر بھی ہوتا ہے۔ ایسے میں اگر یہی مقبول شخصیات سگریٹ نوشی کو وجاہت، نشہ آور اشیا کے استعمال کو بے فکری اور غیر ذمہ دارانہ طرزِ زندگی کو فیشن کے طور پر پیش کریں تو اس کے اثرات نوجوان ذہنوں پر مرتب ہونا ایک فطری امر ہے۔
اصل تشویش اس بات کی ہے کہ بعض ڈراموں اور فلموں میں سگریٹ نوشی کے مناظر اس انداز سے دکھائے جاتے ہیں جیسے یہ کسی مضبوط شخصیت، گہری سوچ یا رعب دار کردار کی علامت ہوں۔ کبھی ہیرو کے ہاتھ میں سگریٹ اس کے کردار کا حصہ بنا دیا جاتا ہے تو کبھی نشے کی کیفیت کو ایک خاص طرزِ زندگی سے جوڑ کر پیش کیا جاتا ہے۔ سوال یہ ہے کہ کیا تفریح کے نام پر ایسے مناظر دکھانا ہماری اجتماعی ذمہ داریوں سے صرفِ نظر کرنے کے مترادف نہیں؟
ہمیں یہ سمجھنا ہوگا کہ نوجوان نسل محض کہانیاں نہیں دیکھتی، وہ ان کہانیوں میں اپنے لیے کردار بھی تلاش کرتی ہے۔ جب کوئی کم عمر ذہن بار بار اپنے پسندیدہ فنکار کو سگریٹ نوشی کرتے دیکھتا ہے تو اس کے اندر اس عمل کے بارے میں تجسس پیدا ہو سکتا ہے۔ ابتدا میں محض نقل کرنے کی خواہش ہوتی ہے، لیکن بعض اوقات یہی تجسس ایک خطرناک عادت کا راستہ بن جاتا ہے۔ ہر نوجوان لازماً اس سے متاثر نہیں ہوتا، لیکن اس امکان کو نظرانداز کرنا بھی دانش مندی نہیں۔
یہاں ایک اہم سوال پیدا ہوتا ہے کہ کیا میڈیا اپنی سماجی ذمہ داری پوری کر رہا ہے؟ کیا فن اور تفریح کے نام پر ہر وہ منظر دکھانا ضروری ہے جو معاشرے میں منفی رجحانات کو تقویت دے؟ آزادیِ اظہار اپنی جگہ ایک اہم حق ہے، لیکن اس کے ساتھ احساسِ ذمہ داری بھی لازم ہے۔ تخلیقی آزادی کا مطلب یہ نہیں کہ معاشرتی اثرات سے بے نیاز ہو کر ہر چیز کو قابلِ قبول بنا دیا جائے۔
میڈیا کے پاس یہ اختیار بھی ہے کہ وہ منشیات کے نقصانات کو مؤثر انداز میں اجاگر کرے، نشے کے عادی افراد کی مشکلات اور ان کے خاندانوں کی اذیت کو حقیقت پسندانہ انداز میں دکھائے اور ایسے کردار تخلیق کرے جو اپنی محنت، قابلیت، علم اور مثبت سوچ کے ذریعے کامیابی حاصل کرتے ہوں۔ ہمیں ایسے ہیروز کی ضرورت ہے جن کی پہچان ہاتھ میں پکڑی ہوئی سگریٹ نہیں بلکہ ان کا بلند کردار، مضبوط ارادہ اور باوقار شخصیت ہو۔
اس مسئلے کا حل صرف میڈیا پر تنقید کرنا بھی نہیں۔ والدین کو اپنے بچوں کی مصروفیات اور اسکرین پر دیکھے جانے والے مواد کے حوالے سے شعور پیدا کرنا ہوگا۔ تعلیمی اداروں کو منشیات کے خلاف آگاہی کو محض رسمی تقریبات تک محدود رکھنے کے بجائے اسے نوجوانوں کی عملی تربیت کا حصہ بنانا ہوگا۔ حکومت اور متعلقہ اداروں کو بھی ایسے مواد کی حوصلہ شکنی اور قوانین پر مؤثر عمل درآمد کو یقینی بنانا چاہیے جو نشہ آور اشیا کی تشہیر یا غیر ضروری طور پر ان کی کشش پیدا کرے۔
ہمیں یہ بھی یاد رکھنا چاہیے کہ منشیات کا مسئلہ کسی ایک فرد یا خاندان کا مسئلہ نہیں بلکہ پوری قوم کے مستقبل سے جڑا ہوا معاملہ ہے۔ ایک نوجوان جب نشے کی عادت میں مبتلا ہوتا ہے تو صرف اس کی اپنی زندگی متاثر نہیں ہوتی بلکہ اس کے والدین کے خواب، خاندان کا سکون اور معاشرے کی امیدیں بھی اس کے ساتھ متاثر ہوتی ہیں۔
آج ضرورت اس امر کی ہے کہ ہم اپنے ہیروز کی تعریف کا معیار تبدیل کریں۔ وہ نوجوان جو کتاب سے دوستی کرتا ہے، مشکلات کے باوجود تعلیم جاری رکھتا ہے، اپنے والدین کا سہارا بنتا ہے اور معاشرے میں مثبت کردار ادا کرتا ہے، درحقیقت وہی اصل ہیرو ہے۔ ہمیں اس کی کہانی اسکرین پر لانی چاہیے تاکہ آنے والی نسلیں شہرت کے بجائے کردار، دکھاوے کے بجائے قابلیت اور وقتی لذت کے بجائے صحت مند زندگی کو ترجیح دیں۔
یاد رکھیے! اسکرین پر دکھایا جانے والا ہر منظر محض چند لمحوں کی تفریح نہیں ہوتا، بعض مناظر ذہنوں میں دیرپا نقوش چھوڑ جاتے ہیں۔ اس لیے میڈیا کو یہ فیصلہ کرنا ہوگا کہ وہ نوجوانوں کے ذہنوں میں کس قسم کے خواب بو رہا ہے۔
آئیے! ہم سب اپنی ذمہ داری پہچانیں۔ والدین تربیت کریں، تعلیمی ادارے شعور دیں، ریاست اپنا کردار ادا کرے اور میڈیا مثبت سوچ کا ترجمان بنے۔ کیونکہ ہمیں ایسی نسل درکار ہے جو نشے کے دھوئیں میں اپنا مستقبل تلاش کرنے کے بجائے علم، محنت اور کردار کی روشنی میں اپنی منزل متعین کرے۔
منشیات سے انکار، زندگی سے محبت؛ یہی ایک صحت مند، باشعور اور روشن معاشرے کی بنیاد ہے۔
مزید پڑھیں




