Baaghi TV Logo
ٹرینڈنگ

پاک فوج کی جنگی صلاحیتوں میں مزید اضافہ، ہائپرسونک بیلسٹک میزائل فتح 2 کا کامیاب تجربہ


پاک فوج نے ہائپرسونک بیلسٹک میزائل فتح 2 کے زیادہ فاصلے تک مار کرنے والے جدید ورژن (ایکسٹینڈڈ رینج) کا کامیاب تجربہ کیا ہے۔ جدید میزائل نظام جدید نیویگیشن اور جدید ترین ایویونکس ٹیکنالوجی سے لیس ہے۔

پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کے مطابق 13 اکتوبر 2026 کو فتح 2 ایکسٹینڈڈ رینج میزائل کا کامیاب تجربہ کیا گیا۔ یہ میزائل انتہائی درستگی کے ساتھ اہداف کو نشانہ بنانے کی صلاحیت رکھتا ہے۔

آئی ایس پی آر کے مطابق میزائل اپنی منفرد پرواز کے راستے اور دوران پرواز سمت تبدیل کرنے کی صلاحیت کے باعث دشمن کے میزائل دفاعی نظام کو ناکام بنا سکتا ہے۔ فتح 2 کے زیادہ فاصلے تک مار کرنے والے اس جدید ورژن سے پاک فوج کی رسائی اور دور دراز اہداف کو نشانہ بنانے کی صلاحیت میں مزید اضافہ ہوگا۔

میزائل کے تجربے کا مشاہدہ کمانڈر آرمی راکٹ فورس کمانڈ، پاک فوج کے سینیئر افسران، سائنسدانوں اور انجینیئرز نے کیا۔

اس موقع پر کمانڈر آرمی راکٹ فورس کمانڈ نے میزائل کی تیاری میں حصہ لینے والے سائنسدانوں اور انجینیئرز کی لگن اور تکنیکی مہارت کو سراہا۔

آئی ایس پی آر کے مطابق صدر مملکت، وزیراعظم پاکستان، چیف آف آرمی اسٹاف و چیف آف ڈیفنس فورسز اور مسلح افواج کے سربراہان نے فتح 2 میزائل کے ایکسٹینڈڈ رینج ورژن کے کامیاب تجربے پر سائنسدانوں اور انجینیئرز کو مبارکباد دی۔