بدھ، 14 اکتوبر، 2026
Baaghi TV Logo
ٹرینڈنگ

خیبر: باڑہ چوک میں ہنگامہ آرائی، پی ٹی آئی سے وابستہ 42 شر پسند گرفتار، 25 غیر قانونی افغان باشندے بھی شامل


خیبرپختونخوا کے ضلع خیبر کے علاقے باڑہ چوک میں ہنگامہ آرائی، توڑ پھوڑ اور سرکاری و عوامی املاک کو نقصان پہنچانے کے واقعے کے بعد پولیس نے کارروائی کرتے ہوئے پی ٹی آئی سے وابستہ 42 افراد کو گرفتار کرلیا، جن میں سے 25 غیر قانونی طور پر مقیم افغان باشندے بتائے جاتے ہیں۔

گورنر کی ایڈوائزری کونسل کی ممبر و مشیر اطلاعات خیبر پختونخوا ثمر ہارون بلور کے مطابق باڑہ چوک میں بدامنی اور توڑ پھوڑ میں ملوث ہونے کے الزام میں گرفتاریاں عمل میں لائی گئی ہیں، جبکہ پولیس نے بروقت کارروائی کرکے صورتحال پر قابو پالیا ہے اور علاقے میں امن و امان کی صورتحال کنٹرول میں ہے۔

ضلع خیبر کی تحصیل باڑہ چوک میں معذول رکن اسمبلی عبدالغنی آفریدی نے گورنر راج و ایمرجنسی لگنے اور سہیل افریدی کی گرفتاری کے خلاف احتجاج کیا۔

پولیس نے شرکا کو منتشر کرنے کے لیے لاٹھی چارج کیا تو اس پر سینکڑوں مشتعل مظاہرین نے 20 سے زیادہ پولیس اہلکاروں کو یرغمال بناکر ایک دکان میں بند کردیا جبکہ متعدد پولیس اہلکاروں کو تشدد کا بھی نشانہ بنایا۔


مشتعل مظاہرین نے سرکاری املاک کو بھی نقصان پہنچایا، ریسکیو 1122 کے سرکاری دفتر پر دھاوا بول دیا جبکہ نادرا کے دفتر کو بھی آگ لگا دی۔

دوسری جانب پولیس کا کہنا ہے کہ چند شرپسند عناصر نے بدامنی پھیلانے کی کوشش کی، جس پر پولیس نے بروقت کارروائی کرتے ہوئے باڑہ میں 42 کے قریب شرپسند عناصر کو گرفتار کر لیا ہے۔ سرکاری املاک کو نقصان پہنچانے اور امن و امان خراب کرنے والے شرپسند عناصر کے خلاف دہشتگردی، تخریب کاری اور قانون کو ہاتھ میں لینے کی دفعات کے تحت مقدمات درج کر کے قانون کے مطابق سخت کارروائی عمل میں لائی جائے گی۔