ای سی او ممالک کے درمیان علاقائی تعاون، معاشی انضمام کے فروغ کیلئے پرعزم ہیں، وزیراعظم پاکستان

وزیراعظم شہباز شریف نے کہا ہے کہ پاکستان ای سی او ممالک کے درمیان علاقائی تعاون، معاشی انضمام کے فروغ کیلئے پرعزم ہے۔
وفاقی دارالحکومت میں شہباز شریف سے اقتصادی تعاون تنظیم (ای سی او) کے رکن ممالک کے وزرائے خارجہ اور وفود کے سربراہان نے ملاقات کی۔ ملاقات میں علاقائی تعاون، معاشی انضمام، تجارت، سرمایہ کاری، توانائی، ٹرانسپورٹ اور مواصلاتی روابط کے فروغ سمیت باہمی دلچسپی کے امور پر تبادلہ خیال کیا گیا، وفود ای سی او وزراء کونسل کے 30ویں اجلاس میں شرکت کے لیے اسلام آباد میں موجود ہیں۔
اُنہوں نے معزز مہمانوں کا خیرمقدم کرتے ہوئے ای سی او وزراء کونسل کے 30ویں اجلاس میں شرکت پر ان کا شکریہ ادا کیا اور تنظیم کے بنیادی مقاصد کے حصول کے لیے پاکستان کے پختہ عزم کا اعادہ کرتے ہوئے کہا کہ حکومت پاکستان رکن ممالک کے درمیان علاقائی تعاون، روابط کے فروغ اور معاشی انضمام کو آگے بڑھانے کے لیے پرعزم ہے۔
وزیراعظم کا ای سی او وزراء کونسل کے 30ویں اجلاس کے کامیاب انعقاد کو سراہتے ہوئے اسلام آباد اعلامیے اور 2026ء سے 2035ء تک معاشی تعاون کے لیے طے شدہ اسٹریٹجک اہداف کی منظوری کا خیرمقدم کرتے ہوئے کہنا تھا کہ یہ اقدامات تنظیم کو مزید مستحکم کرنے اور خطے کی مشترکہ ترجیحات کے حصول کی جانب اہم پیش رفت ہیں۔
انہوں نے 2026ء سے 2027ء تک ای سی او کی صدارت پاکستان کو ملنے کا ذکر کرتے ہوئے اس مدت کے لیے طے کردہ موضوع ’’مضبوط اور مستحکم ای سی او کے لیے علاقائی تعاون کی بحالی‘‘ کو اجاگر کیا اور زور دیا کہ تنظیم کے مشترکہ وژن کو ٹھوس اور نتیجہ خیز اقدامات میں تبدیل کرنا ہوگا تاکہ علاقائی تعاون کے ثمرات رکن ممالک کے عوام تک پہنچ سکیں۔
شہباز شریف نے تجارت اور سرمایہ کاری، ٹرانسپورٹ اور راہداریوں کے ذریعے روابط، توانائی، انفارمیشن اینڈ کمیونیکیشن ٹیکنالوجی اور پائیدار ترقی کے شعبوں میں تعاون بڑھانے کی ضرورت پر زور دیا۔
انہوں نے کہا کہ ای سی او کے تحت پہلے سے موجود معاہدوں پر مؤثر عملدرآمد اور ادارہ جاتی نظام کو مضبوط بنانا علاقائی معاشی تعاون کی رفتار تیز کرنے کے لیے ضروری ہے۔ پاکستان کے اہم جغرافیائی محل وقوع کو اجاگر کرتے ہوئے وزیراعظم کا کہنا تھا کہ پاکستان سڑکوں، ریلوے اور دیگر ذرائع نقل و حمل پر مشتمل راہداریوں کے ذریعے علاقائی روابط کو مزید مستحکم بنانے کے لیے پرعزم ہے۔
شہباز شریف نے کہا کہ ان راہداریوں میں کراچی، پورٹ قاسم اور گوادر کی بندرگاہوں سے رابطے بھی شامل ہیں، جن کے ذریعے بالخصوص خشکی میں گھرے ای سی او رکن ممالک کو علاقائی اور عالمی منڈیوں تک رسائی کے نئے مواقع میسر آسکتے ہیں۔
اُن کا علاقائی امن و سلامتی کے حوالے سے پاکستان کے اصولی مؤقف کا اعادہ کرتے ہوئے کہنا تھا کہ تنازعات کے پُرامن حل کے لیے مذاکرات اور سفارت کاری ہی بنیادی راستہ ہیں، انہوں نے علاقائی سلامتی کو درپیش خطرات سے نمٹنے کے لیے رکن ممالک کے درمیان مشترکہ کوششوں اور تعاون کی اہمیت پر بھی زور دیا۔
اس موقع پر وزیراعظم نے ای سی او کے تمام رکن ممالک کو دعوت دی کہ وہ 2027ء کے لیے لاہور کو ای سی او کا سیاحتی مرکز قرار دیے جانے کے سلسلے میں منعقد ہونے والی تقریبات میں بھرپور شرکت کریں۔
انہوں نے کہا کہ پاکستان اپنی صدارت کے دوران ای سی او کو مزید فعال اور مؤثر بنانے کے لیے تمام رکن ممالک اور تنظیم کے سیکرٹریٹ کے ساتھ مل کر کام کرے گا۔
آخر میں وزیراعظم نے اس عزم کا اظہار کیا کہ پاکستان 2027ء میں ای سی او وزراء کونسل کے آئندہ اجلاس اور ای سی او سربراہی اجلاس کے موقع پر رکن ممالک کے وفود کا خیرمقدم کرے گا، انہوں نے علاقائی تعاون، معاشی روابط اور مشترکہ ترقی کے اہداف کے حصول کے لیے اجتماعی کوششوں کی ضرورت پر بھی زور دیا۔
مزید پڑھیں




