پاکستان مکہ مشترکہ دفاعی معاہدے کے تحت سعودی عرب کے ساتھ کھڑا ہے،ترجمان دفتر خارجہ

اسلام آباد: ترجمان دفتر خارجہ سجاد حیدر خان نے کہا ہے کہ مکہ مشترکہ دفاعی معاہدے کی اسٹریٹجک، سیاسی اور دفاعی کمیٹی نے دفاعی تعاون کے لیے عملی اقدامات کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔ پاکستان حرمین شریفین کے تقدس کے تحفظ اور سعودی عرب کے دفاع کے عزم پر قائم ہے۔
دفتر خارجہ کی ہفتہ وار میڈیا بریفنگ کے دوران ترجمان سجاد حیدر خان نے کہا کہ وزیراعظم شہباز شریف نے سعودی عرب پر حوثیوں کے حملوں کی مذمت کی ہے۔ پاکستان نے 2 ستمبر کو مدینہ منورہ پر ہونے والے حملوں کی بھی مذمت کی تھی۔ترجمان دفتر خارجہ کے مطابق پاکستان مکہ مشترکہ دفاعی معاہدے کے تحت سعودی عرب کے ساتھ کھڑا ہے اور سعودی عرب اور اس کے عوام کے دفاع کے حق کی حمایت کرتا ہے۔انہوں نے بتایا کہ مکہ دفاعی معاہدے کی اسٹریٹجک، سیاسی اور دفاعی کمیٹی کا اجلاس منعقد ہوا، جس میں نائب وزیراعظم و وزیر خارجہ اسحاق ڈار، وزیر دفاع خواجہ آصف اور چیف آف ڈیفنس فورسز فیلڈ مارشل سید عاصم منیر نے شرکت کی۔سجاد حیدر خان نے کہا کہ اجلاس میں دفاعی تعاون کو عملی شکل دینے کے لیے اقدامات کرنے کا فیصلہ کیا گیا۔ انہوں نے اس بات پر زور دیا کہ حرمین شریفین کے تقدس کا تحفظ ہر حال میں یقینی بنایا جانا چاہیے۔ترجمان دفتر خارجہ نے مزید بتایا کہ پاکستان نے افغانستان سے متعلق ماسکو فارمیٹ اجلاس میں بھی شرکت کی۔





