اتوار، 29 نومبر، 2026
Baaghi TV Logo
ٹرینڈنگ

پاکستانی خلاباز ذیشان علی کا تاریخی خلائی مشن مکمل،آج رات زمین پر واپسی، استقبال کی تیاریاں جاری


پاکستان کے پہلے خلاباز محمد ذیشان علی چین کے اشتراک سے اپنا تاریخی خلائی مشن مکمل کرنے کے بعد آج رات زمین پر واپسی کا سفر شروع کریں گے ان کی واپسی کے لیے استقبال کی تیاریاں جاری ہیں۔

چینی میڈیا کے مطابق ذیشان علی چین کے خلائی اسٹیشن ’تیانگونگ‘ سے دو چینی خلابازوں ژانگ ژی یوان اور لی جیا ینگ کے ہمراہ خلائی جہاز میں سوار ہو کر زمین کی جانب روانہ ہوں گے۔ ان کا خلائی جہاز شمالی چین کے علاقے ڈونگ فینگ میں اترے گا۔

واپسی کا سفر آج رات 9 بجے شروع ہوگا، جبکہ ذیشان علی کے رات تقریباً 2 بجے زمین پر پہنچنے کی توقع ہے،چینی حکام کے مطابق ذیشان علی نے خلائی مشن کے دوران انہیں سونپا گیا سائنسی تجربہ کامیابی سے مکمل کر لیا ہے۔ پاک فضائیہ کے پائلٹ محمد ذیشان علی زمین کے مدار میں پہنچنے والے پہلے پاکستانی اور چین کے تیانگونگ خلائی اسٹیشن پر قیام کرنے والے پہلے غیر ملکی خلاباز ہیں۔


ذیشان علی 25 نومبر کو چین کے شینژو 24 خلائی جہاز کے ذریعے خلائی سفر پر روانہ ہوئے تھے۔ وہ اس مشن میں پے لوڈ اسپیشلسٹ کی حیثیت سے شریک ہوئے اور چین کے خلابازوں کے ساتھ مشترکہ سائنسی تحقیق میں حصہ لیا۔

ان کی اس تاریخی خلائی مہم کی تکمیل پاکستان اور چین کے خلائی تعاون میں ایک اہم سنگِ میل قرار دی جا رہی ہے۔ آج رات ان کی زمین پر واپسی کے ساتھ ہی یہ تاریخی مشن اپنے اختتام کو پہنچ جائے گا۔