خواجہ سعد رفیق کا ’کاروان بیداری‘ کے نام سے تحریک شروع کرنے کا اعلان

پاکستان مسلم لیگ (ن) کے سینئر رہنما اور سابق وفاقی وزیر خواجہ سعد رفیق نے نئی سیاسی و فکری تحریک شروع کرنے کا اعلان کردیا، جس کا نام کاروانِ بیداری رکھا گیا ہے۔
خواجہ سعد رفیق نے تحریک کا اعلان کرتے ہوئے کہا کہ نئے سال کی ابتدا میں کاروان بیداری تحریک لانچ کردی جائے گی، لیگی رہنما نے واضح کیا کہ یہ تحریک ہے کوئی نئی سیاسی جماعت نہیں بنائی، جس کیلئے مسلم لیگ ن کی قیادت کو آگاہ کر دیا ہے۔مسلم لیگ ن کے سینئر رہنما کے مطابق تحریک کو الیکشن کمشن میں رجسٹرڈ نہیں کروایا جائیگا، ہمارے قافلے میں شامل افراد کی سیاسی وابستگیوں پر کوئی پابندی نہیں، حق کو حق کہا جائیگا اور غلط کا ساتھ نہیں دیا جائیگا۔
تحریک کا باقاعدہ آغاز نئے سال کے شروع میں کیا جائے گا، اس میں مختلف سیاسی جماعتوں سے تعلق رکھنے والے افراد کی شمولیت کا دعویٰ کیا گیا ہے۔ خواجہ سعد رفیق کے مطابق انہوں نے نئی تحریک کے آغاز سے متعلق مسلم لیگ (ن) کی اعلیٰ قیادت کو باضابطہ طور پر آگاہ کردیا ہے۔ان کا کہنا ہے کہ کاروانِ بیداری کا مقصد سیاسی و فکری سرگرمیوں کو آگے بڑھانا ہے، تاہم اس اقدام کو فی الحال نئی سیاسی جماعت کی تشکیل سے تعبیر نہیں کیا جانا چاہیے۔
سابق وفاقی وزیر نے واضح کیا کہ یہ ایک تحریک ہوگی، جس میں کسی مخصوص سیاسی جماعت تک محدود رہنے کے بجائے مختلف جماعتوں سے وابستہ افراد کو شامل ہونے کا موقع دیا جائے گا۔ان کے مطابق مسلم لیگ (ن) سمیت دیگر سیاسی جماعتوں کے 125 سے زائد افراد اب تک کاروانِ بیداری کی رکنیت اختیار کرچکے ہیں، جبکہ مزید افراد کی شمولیت کا سلسلہ بھی جاری ہے۔ خواجہ سعد رفیق کا کہنا ہے کہ تحریک کو نئے سال کے آغاز پر باقاعدہ طور پر لانچ کیا جائے گا، جس کے بعد اس کی سرگرمیوں اور آئندہ لائحہ عمل سے متعلق تفصیلات سامنے آنے کی توقع ہے
مزید پڑھیں





