منگل، 10 نومبر، 2026
Baaghi TV Logo
ٹرینڈنگ

سانس، جو زندگی کی اکائی ہے، تحریر: سید آزاد گیلانی

نقطہ نظر

ہم آئے دن اپنے علم و فہم اور ذاتی تجربات کی روشنی میں زندگی کے مختلف پہلوؤں، گھریلو، معاشرتی، معاشی، قومی اور بین الاقوامی مسائل پر لکھتے ہیں، ان پر روشنی ڈالتے ہیں، مگر آج جس موضوع پر لکھنے بیٹھا ہوں، وہ شاید زندگی کا سب سے بنیادی مسئلہ ہے، یعنی سانس کا مسئلہ۔ سانس آئی تو زندگی ہے، سانس نہیں آئی تو قصہ ختم۔ دہائیوں پر محیط زندگی بھی ایک ایک سانس کے ذریعے ہی جینی پڑتی ہے۔ گویا سانس بھی خلیہ کی طرح زندگی کی بنیادی اکائی ہے۔ میری پوری کوشش ہوگی کہ اپنی بات مؤثر انداز میں سمجھا سکوں۔


ایک ایسی صبح جب سورج تو طلوع ہو، مگر اس کی روشنی زمین تک پہنچنے سے پہلے زہریلی دھند میں کہیں گم ہو جائے۔ بچے اسکول جانے سے پہلے ماسک تلاش کریں، بزرگ گھروں میں محصور ہو جائیں، اسپتالوں میں سانس کے مریضوں کی قطاریں لگ جائیں اور انسان کو زندہ رہنے کے لیے بھی صاف ہوا میسر نہ ہو۔ یہ کسی قیامت کے منظر کی منظرکشی نہیں، ہمارے اپنے شہروں، خصوصاً لاہور کی ایک تلخ حقیقت ہے۔ سوال یہ نہیں کہ فضا میں زہر کس قدر بڑھ چکا ہے، اصل سوال یہ ہے کہ ہم نے اپنی آنے والی نسلوں کے حصے کی صاف ہوا آخر کہاں گنوا دی؟


فضائی آلودگی کسی ایک شہر، ملک یا موسم کا مسئلہ نہیں بلکہ پوری انسانیت اور کرۂ ارض پر بسنے والے تمام جانداروں کے لیے ایک سنگین خطرہ ہے۔ چاہے آلودگی گاڑیوں کے دھوئیں سے پیدا ہو، کارخانوں کی چمنیوں سے نکلے، کوڑا جلانے سے پھیلے یا قدرتی آفات کے نتیجے میں فضا کا حصہ بنے، اس کے اثرات انسانوں، جانوروں، پرندوں اور نباتات سبھی کو متاثر کرتے ہیں۔ تاہم سردیوں میں اس خطرے کی ایک زیادہ نمایاں اور ہولناک شکل سامنے آتی ہے جسے ہم سموگ کہتے ہیں۔


سموگ (Smog) دراصل دو انگریزی الفاظ اسموک (Smoke) یعنی دھواں اور فوگ (Fog) یعنی دھند سے مل کر بنا ہے۔ روایتی طور پر دھوئیں اور دھند کے امتزاج کو سموگ کہا گیا، لیکن جدید سائنسی مفہوم میں یہ محض دھواں اور دھند کا ملاپ نہیں بلکہ مختلف زہریلی گیسوں، باریک ذرات اور فضائی آلودگی کا ایسا مجموعہ بھی ہے جو مخصوص موسمی حالات میں فضا کو آلودہ اور انسانی صحت کے لیے خطرناک بنا دیتا ہے۔ اس میں موجود باریک ذرات خصوصاً پی ایم 2.5 (PM2.5) انتہائی خطرناک ہیں، کیونکہ یہ سانس کے ذریعے پھیپھڑوں کی گہرائی تک پہنچ سکتے ہیں۔


سموگ کی بنیادی وجوہات میں گاڑیوں کا دھواں، ناقص ایندھن کا استعمال، صنعتی کارخانوں اور اینٹوں کے بھٹوں سے خارج ہونے والا دھواں، فصلوں کی باقیات جلانا، کوڑا کرکٹ کو آگ لگانا، تعمیراتی سرگرمیوں سے اٹھنے والی گردوغبار اور بجلی پیدا کرنے والے آلودہ ذرائع شامل ہیں۔ سرد موسم، ہوا کی کم رفتار اور درجۂ حرارت کی الٹ پھیر (Temperature Inversion) ان آلودہ اجزا کو فضا کی نچلی سطح پر روک دیتی ہے، یوں ان کی شدت میں مزید اضافہ ہو جاتا ہے۔


اس کے نقصانات محض آنکھوں میں جلن، گلے میں خراش یا سانس لینے میں دشواری تک محدود نہیں۔ چونکہ میں کچھ عرصہ میڈیکل کا طالب علم رہا ہوں (اخراجات میری بساط سے باہر تھے، اس لیے میڈیکل کی تعلیم جاری نہ رکھ سکا) اور اب ایک فارماسیوٹیکل کمپنی میں ملازمت کرتا ہوں، اس لیے مجھ جیسے لوگوں کو نسبتاً بہتر اندازہ ہے کہ سموگ دمہ، برونکائٹس، پھیپھڑوں کی بیماریوں اور دل کے امراض کا خطرہ بڑھاتی ہے۔ طویل عرصے تک آلودہ فضا میں سانس لینا فالج، پھیپھڑوں کے سرطان اور قبل از وقت اموات کا سبب بھی بن سکتا ہے۔ بچے، بزرگ اور پہلے سے بیمار افراد اس کے اثرات سے زیادہ متاثر ہوتے ہیں۔ عالمی ادارۂ صحت کے مطابق فضائی آلودگی ہر سال لاکھوں قبل از وقت اموات سے منسلک ہے۔ یہ اعدادوشمار محض اعداد نہیں، ان کے پیچھے اجڑتے گھر، بیمار زندگیاں اور وقت سے پہلے بچھڑ جانے والے انسان ہیں۔


اب ذرا زندہ دلوں کے شہر لاہور کی بات کرتے ہیں، جہاں ان دنوں زندگی کی سانسیں گھٹن کا شکار ہیں۔ 9 نومبر 2026 کو عالمی فضائی آلودگی کی مانیٹرنگ کرنے والے ادارے آئی کیو ایئر (IQAir) کی لائیو رینکنگ میں لاہور دنیا کے آلودہ ترین بڑے شہروں میں پہلے نمبر پر رہا۔ مجھے یہ خبر کمپنی سے گھر واپسی پر دوران سفر باغی چینل بزریعہ واٹس ایپ ملی۔ مزید معلومات لینے پر پتا چلا کہ شہر کا ایئر کوالٹی انڈیکس (AQI) 590 تک پہنچا، جبکہ ایک اور جگہ پر یہ سطح 647 بھی دکھائی گئی۔


یہاں یہ سمجھنا ضروری ہے کہ ایئر کوالٹی انڈیکس فضائی آلودگی اور اس سے لاحق صحت کے خطرات کو ظاہر کرنے کا پیمانہ ہے۔ آئی کیو ایئر کے زیرِ استعمال امریکی پیمانے میں 300 سے اوپر کی سطح انتہائی خطرناک (Hazardous) شمار ہوتی ہے۔ لاہور میں 590 کی سطح اس خطرے کی شدت کا اندازہ لگانے کے لیے کافی ہے۔ شہر کی فضا میں آلودگی خطرناک ترین سطح پر ہے، جس میں پی ایم 2.5 جیسے باریک ذرات بھی اہم کردار ادا کرتے ہیں۔ یہ صورتِ حال محض ایک عالمی درجہ بندی نہیں بلکہ لاہور کے باسیوں کی صحت کے لیے ایک سنگین انتباہ ہے۔ یہی دیکھ کر بے اختیار دل چاہا کہ مجھے اس موضوع پر لکھنا چاہیے۔


اور لمحۂ فکریہ یہ ہے کہ مسئلہ صرف لاہور تک محدود نہیں، ملتان، فیصل آباد اور پنجاب کے دیگر شہر بھی اس زہریلی فضا کی لپیٹ میں ہیں۔


ہمیں یہ سمجھنا ہوگا کہ سموگ کسی ایک دن کی آفت نہیں، یہ برسوں کی غفلت کا جمع شدہ نتیجہ ہے۔ ہر سال سردیوں کی آمد کے ساتھ شور اٹھتا ہے، اجلاس ہوتے ہیں، عارضی پابندیاں لگتی ہیں، پانی کا چھڑکاؤ کیا جاتا ہے اور چند روز بعد معمولات پھر اسی ڈگر پر چل پڑتے ہیں۔ سوال یہ ہے کہ کیا مستقل حل صرف وقتی اقدامات سے ممکن ہے؟ کیا ہر سال شہریوں کو ماسک پہنا کر اور اسکول بند کر کے اپنی ذمہ داری پوری کر لی جاتی ہے؟


دنیا کے وہ ممالک جنہوں نے فضائی آلودگی پر قابو پانے میں نمایاں کامیابی حاصل کی، انہوں نے محض موسم بدلنے کا انتظار نہیں کیا بلکہ ٹھوس اقدامات کیے۔ جاپان نے 1960 اور 1970 کی دہائیوں میں سخت ماحولیاتی قوانین اور پابندیوں کے ذریعے آلودگی میں نمایاں کمی کی، جبکہ چین نے 2013 کے بعد کلین ایئر پالیسی کے تحت صنعتی اخراج، کوئلے کے استعمال اور فضائی آلودگی کے دیگر ذرائع کو ہدف بنا کر پی ایم 2.5 کی سطح میں نمایاں کمی حاصل کی۔ ہمیں بھی ان ممالک سے سبق لیتے ہوئے ایسے مؤثر اقدامات اور ذمہ دارانہ طرزِ زندگی اپنانا ہوں گے۔


حکومتی سطح پر گاڑیوں کے اخراج کی سخت جانچ، معیاری ایندھن کی فراہمی، دھواں چھوڑنے والی گاڑیوں کے خلاف بلاامتیاز کارروائی، صنعتی یونٹس اور اینٹوں کے بھٹوں میں جدید صاف ٹیکنالوجی کا نفاذ، فصلوں کی باقیات تلف کرنے کے متبادل طریقوں کی فراہمی اور کوڑا جلانے پر مؤثر پابندی ناگزیر ہے۔ تعمیراتی مقامات پر گردوغبار کی روک تھام، شہروں میں درختوں اور سبز پٹیوں کا تحفظ، معیاری پبلک ٹرانسپورٹ اور قابل اعتماد ایئر کوالٹی مانیٹرنگ کا نظام بھی ضروری ہے۔ حکومت کو محض اقدامات کے اعلانات نہیں بلکہ ان کے نتائج عوام کے سامنے رکھنے چاہییں۔


انفرادی سطح پر بھی چند ذمہ داریاں نبھانا ہوں گی۔ غیر ضروری سفر سے اجتناب کریں، شجرکاری کو عام کریں اور آلودہ فضا میں باہر نکلتے وقت مناسب حفاظتی ماسک کا استعمال لازمی بنائیں۔ سموگ کے نقصانات سے متعلق خود بھی مطالعہ کریں، مستند معلومات حاصل کریں اور دوسروں میں بھی شعور اجاگر کریں۔ یاد رکھیے، آگاہی بھی اس جنگ میں ایک مؤثر ہتھیار ہے۔


فضائی آلودگی کسی سیاسی جماعت، طبقے یا سرحد کا مسئلہ نہیں۔ اس کے ذرات کسی کا سیاسی نظریہ، مذہب، معاشی حیثیت یا شناخت نہیں پوچھتے۔ ہمیں سرحد پار آلودگی کے ممکنہ اثرات کو بھی سنجیدگی سے دیکھنا ہوگا، مگر اپنی داخلی آلودگی کے اسباب سے نظریں چرا کر سارا الزام دوسروں پر ڈال دینا کسی مسئلے کا حل نہیں۔ اس کے لیے علاقائی تعاون اور مشترکہ ماحولیاتی حکمت عملی بھی ضروری ہے۔


آخر میں بات صرف اتنی ہے کہ ہم اپنے بچوں کے لیے جائیدادیں، اثاثے اور بہتر مستقبل تو چھوڑنا چاہتے ہیں، لیکن اگر انہیں سانس لینے کے لیے صاف ہوا ہی نہ دے سکے تو ہماری تمام کامیابیاں بے معنی ہو جائیں گی۔ یاد رکھیے، صاف ہوا کوئی آسائش نہیں، زندگی کی بنیادی ضرورت ہے۔ حکومت کو اپنی ذمہ داری نبھانا ہوگی، معاشرے کو اپنا رویہ بدلنا ہوگا اور ہر شہری کو اس جنگ کا حصہ بننا ہوگا۔


ہم نے زمین سے بہت کچھ لیا ہے، اب کم از کم اسے اتنا زہر تو نہ دیں کہ ہماری آنے والی نسلیں سانس لینے کے لیے بھی ترس جائیں۔