سعودکی نادیہ خان پر تنقید، انڈسٹری میں اختلافات پیدا کرنے کا ذمہ دار قرار دے دیا

کراچی: پاکستان کی ڈرامہ اور فلم انڈسٹری کے سینئر اداکار سعود نے اداکارہ اور میزبان نادیہ خان کو تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے کہا ہے کہ وہ انڈسٹری میں اختلافات اور نفرتیں پیدا کرتی ہیں۔
حال ہی میں سعود نے ایک نجی ٹی وی کے پروگرام میں شرکت کی، جہاں انہوں نے ہنسی مذاق کے ساتھ مختلف سوالات کے جوابات بھی دیے۔پروگرام کے دوران ایک خاتون نے ان سے سوال کیا کہ آج کل پوڈکاسٹس کا دور ہے اور بعض لوگ شہرت حاصل کرنے کے لیے ماضی کے واقعات اور پرانی باتوں کو زیرِ بحث لاتے ہیں، اس حوالے سے ان کی کیا رائے ہے؟اس سوال کے جواب میں سعود نے کہا کہ آج کل یہ رجحان بہت زیادہ ہو گیا ہے اور ایک دوسرے کو عزت دینے کا رواج کم ہوتا جا رہا ہے۔ انہوں نے کہا کہ وہ ایک انٹرویو دیکھ رہے تھے جس میں ایک خاتون متنازع سوالات کرتی ہیں، جو انہیں بالکل پسند نہیں۔
سعود نے نادیہ خان کا نام لیتے ہوئے کہا کہ انہوں نے ایک بزنس مین کی بیٹی سے بھی سوالات کیے، جبکہ اس سے قبل اداکار ہمایوں سعید اور اداکارہ عتیقہ اوڈھو کے حوالے سے بھی باتیں کیں۔ سعود کے مطابق، ان کے ایسے انداز سے انڈسٹری میں لوگوں کے درمیان اختلافات اور نفرتیں پیدا ہوتی ہیں۔سینئر اداکار نے مزید کہا کہ پاکستان کی شوبز انڈسٹری بہت اچھی ہے اور اس طرح کی متنازع باتیں وقتی ہوتی ہیں، جو عموماً تین دن بعد کم ہو جاتی ہیں۔




