ہفتہ، 24 اکتوبر، 2026
Baaghi TV Logo
ٹرینڈنگ

سوشل میڈیا پر بچوں کو بلیک میل کرنے والا ملزم گرفتار

مصنف:


لاہور، 24 اکتوبر: نیشنل سائبر کرائم انویسٹی گیشن ایجنسی (این سی سی آئی اے) لاہور زون نے کم عمر بچوں کو سوشل میڈیا کے ذریعے بلیک میل کرنے اور ان کی نجی تصاویر اور ویڈیوز فحش ویب سائٹس پر فروخت کرنے کی دھمکیاں دینے کے الزام میں 25 سالہ ملزم کو گرفتار کر لیا۔ ایڈیشنل ڈائریکٹر این سی سی آئی اے لاہور زون عاطف امیر کی ہدایت پر انسپکٹر عاقب علی خان کی سربراہی میں کارروائی کرتے ہوئے ملزم کو لاہور کے علاقے شالیمار ٹاؤن میں پاکستان منٹ کے قریب سے گرفتار کیا گیا۔ اس کے قبضے سے دو آئی فون بھی برآمد ہوئے ہیں۔


گرفتار ملزم کی شناخت حمیر ولایت عرف حمیر علی کے نام سے ہوئی ہے۔ تحقیقات کے مطابق ملزم اسنیپ چیٹ اور دیگر سوشل میڈیا پلیٹ فارمز کے ذریعے کم عمر بچوں سے رابطے میں تھا اور ان کا قابل اعتراض مواد حاصل کرکے انہیں بلیک میل کرتا تھا۔ ملزم پر الزام ہے کہ وہ متاثرین کو دھمکیاں دیتا تھا کہ ان کی نجی تصاویر اور ویڈیوز فحش ویب سائٹس پر فروخت کرکے پیسے کمائے گا۔


این سی سی آئی اے نے کارروائی کے دوران ملزم سے آئی فون 12 اور آئی فون 13 پرو قبضے میں لے لیے۔ موبائل فونز کی ابتدائی جانچ میں ٹک ٹاک پر پیغامات کی گفتگو سامنے آئی ہے، جس میں بلیک میلنگ اور قابل اعتراض مواد کے ذریعے مالی فائدہ حاصل کرنے کی کوششوں سے متعلق شواہد ملے ہیں۔


تفتیش کے دوران متعدد ای میل اکاؤنٹس اور پاس ورڈ مینیجر میں محفوظ اسنیپ چیٹ اکاؤنٹس کی لاگ اِن تفصیلات بھی سامنے آئیں۔ ان اکاؤنٹس کا تعلق ملزم کی آن لائن سرگرمیوں سے جوڑا جا رہا ہے۔ حکام کے مطابق اسنیپ چیٹ اکاؤنٹ ’’umair_here121‘‘ کو حذف کیے جانے کا معاملہ بھی تحقیقات میں شامل ہے۔ اس حوالے سے اسنیپ چیٹ کی جانب سے 11 اکتوبر کو بھیجی گئی ایک ای میل بھی ملی ہے، جس میں اکاؤنٹ دوبارہ فعال کرنے کے لیے پانچ دن کی مہلت دی گئی تھی۔


این سی سی آئی اے برآمد شدہ موبائل فونز، پیغامات اور دیگر ڈیجیٹل شواہد کا جائزہ لے رہی ہے تاکہ متاثرین کی تعداد اور معاملے میں کسی دوسرے شخص کے ملوث ہونے کا پتا چلایا جا سکے۔


واقعے کا مقدمہ نمبر 267/2026 مورخہ 22 اکتوبر 2026 کو پریوینشن آف الیکٹرانک کرائمز ایکٹ 2016 کی دفعہ 22 اور پاکستان پینل کوڈ کی دفعہ 201 کے تحت درج کیا گیا ہے۔ انسپکٹر عاقب علی خان تفتیشی افسر ہیں۔۔


ایڈیشنل ڈائریکٹر این سی سی آئی اے لاہور زون عاطف امیر نے کہا کہ کم عمر بچوں کو آن لائن ہراساں کرنے، بلیک میل کرنے اور ان کا استحصال کرنے والوں کے خلاف کارروائیاں جاری رہیں گی اور ایسے جرائم میں ملوث افراد کے خلاف قانون کے مطابق کارروائی کی جائے گی۔