بدھ، 14 اکتوبر، 2026
Baaghi TV Logo
ٹرینڈنگ

سہیل آفریدی نے لانگ مارچ کے اگلے مرحلے کا اعلان کر دیا


وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا سہیل آفریدی نے تحریک انصاف کے لانگ مارچ کے اگلے مرحلے کے لیے لائحہ عمل کا اعلان کرتے ہوئے 11 اکتوبر کو ملک بھر سے قافلوں کو صوابی پہنچنے کی ہدایت کر دی ہے۔

اعلان کے مطابق 11 اکتوبر کو پاکستان کے مختلف علاقوں سے تحریک انصاف کے قافلے صوابی پہنچیں گے، جبکہ 13 اکتوبر کو پشاور ڈویژن، ملاکنڈ ڈویژن، کوہاٹ اور کرک ڈویژن کے قافلے براہ راست صوابی انٹرچینج پہنچیں گے۔

ہزارہ ریجن کے کارکنوں کو بھی 13 اکتوبر کے لیے تیار رہنے کی ہدایت کی گئی ہے۔ ان کارکنوں کو آئندہ کے لائحہ عمل سے متعلق بعد میں آگاہ کیا جائے گا۔ اعلان کے مطابق ڈیرہ اسماعیل خان اور بنوں ڈویژن کے قافلے سی پیک روٹ کے ذریعے آئیں گے اور لانگ مارچ میں شامل ہوں گے۔

سہیل آفریدی 13 اکتوبر کو صوابی انٹرچینج پر کارکنوں سے خطاب کرتے ہوئے لانگ مارچ کے آئندہ لائحہ عمل کا اعلان کریں گے۔ تحریک انصاف کی جانب سے قافلوں کو مختلف ڈویژنوں سے صوابی پہنچانے کے اعلان کے بعد 13 اکتوبر کو ہونے والے اجتماع کو مارچ کے اگلے مرحلے کے حوالے سے اہم قرار دیا جا رہا ہے۔

تاہم، اسلام آباد کی جانب پیش قدمی، مارچ کے حتمی راستے اور آئندہ احتجاجی حکمت عملی سے متعلق تفصیلات سہیل آفریدی کے آئندہ اعلان کے بعد واضح ہوں گی۔ واضح رہے کہ پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کا 4 اکتوبر سے شروع ہونے والا لانگ مارچ لکی مروت، کرک، کوہاٹ، متنی اور خیبر سے ہوتا ہوا رات گئے صوبائی دارالحکومت پشاور پہنچا۔

لانگ مارچ ملتوی کرنے کے لیے وفاقی حکومت کے پی ٹی آئی کے ساتھ 2 اور 3 اکتوبر کو مذاکرات کے متعدد ادوار ہوئے تاہم فریقین کے مابین معاہدے پر اتفاق رائے نہ ہو سکا، جس پر پی ٹی آئی نے عمران خان کی رہائی سمیت متعدد دیگر مطالبات کے حق میں 4 اکتوبر اتوار سے لانگ مارچ شروع کیا تھا۔ لکی مروت سے قافلہ کرک، کوہاٹ اور پھر متنی سے ہوتا ہوا خیبر پہنچا جہاں ڈی ٹور روڈ پر پڑاؤ ڈالا گیا۔ ابتدائی منصوبے کے مطابق قافلے نے کوہاٹ سے براہ راست پشاور جانا تھا اور رات متنی کے قریب قیام کرنا تھا تاہم پی ٹی آئی نے منگل کو مارچ کا روٹ تبدیل کر دیا۔

نئے پلان کے مطابق لانگ مارچ اب پشاورکبوتر چوک پر پہنچ گیا جہاں سے یہ لانگ مارچ اب چارسدہ ، پھر مردان، صوابی اور ملاکنڈ کی طرف روانہ ہو گا۔ وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا سہیل آفریدی کے قافلے کا شیڈول بھی جاری کر دیا گیا ہے،شیڈول کے مطابق سہیل آفریدی کا قافلہ آج دوپہر شبقدر پہنچے گا جس کے بعد شام 5 بجے چارسدہ پہنچے گا۔ لانگ مارچ کے شرکاء رات چارسدہ میں ہی قیام کریں گے، وزیراعلیٰ سہیل آفریدی کل دوپہر 2 بجے فاروق اعظم چوک چارسدہ میں جلسے سے خطاب کریں گے۔

لانگ مارچ کے باعث پشاور میں نجی اور سرکاری اسکولز جزوی طور بند ہیں۔ محکمہ تعلیم کے ذرائع کے مطابق جن علاقوں سے لانگ مارچ گزرے گا وہاں سیکیورٹی صورتحال کے پیش نظر اسکولز بند کیے گئے ہیں جبکہ قافلے کے روٹ سے باہر تمام اسکولز معمول کے مطابق کھلے ہیں۔اس سے قبل پشاور، بنوں اور ڈیرہ اسماعیل خان کے تعلیمی بورڈز نے لانگ مارچ کے باعث امتحانات ملتوی کرنے کا اعلان کیا تھا۔

اس کےعلاوہ پشاور کے مختلف علاقوں میں گزشتہ رات سے موبائل فون سروس بھی جزوی طور پر معطل ہے۔اندرون شہر سمیت نواحی علاقوں میں موبائل فون سروس بندش سے شہریوں کو مشکلات کا سامنا ہے، صارفین کے مطابق اس وقت پوش علاقے حیات آباد، رنگ روڈ حیات آباد ٹول پلازہ، بھانہ ماڑی، کوہاٹی چوک سرکلر رو ڈ اور اندرون شہر کے مختلف علاقوں میں موبائل اور انٹر نیٹ سروس معطل ہے۔