اتوار، 15 نومبر، 2026
Baaghi TV Logo
ٹرینڈنگ

سپیس ایکس کی تاریخ ساز کامیابی، سٹار شپ کی زمین پر کامیاب واپسی


ٹیکساس: دنیا کے امیر ترین شخص ایلون مسک کی کمپنی اسپیس ایکس کے اسٹار شپ نے خلا سے زمین پر واپسی کا پہلا کامیاب تجربہ کرلیا۔

میڈیا رپورٹس کے مطابق 22 گھنٹے سے زائد خلا میں رہنے اور زمین کے 14 چکر مکمل کرنے کے بعد اسٹار شپ امریکی ریاست ٹیکساس میں لانچنگ ٹاور پر واپس پہنچ گیا۔

اسٹار شپ کا یہ 15واں تجربہ تھا اور پہلی بار راکٹ کے دونوں حصوں کو مکمل طور پر بحال کرنے کی کوشش کی گئی۔ اسپیس ایکس کا مقصد اسٹار شپ کے اوپری اور نچلے دونوں حصوں کو مکمل طور پر دوبارہ قابلِ استعمال بنانا ہے۔

واضح رہے کہ اسٹار شپ کو دنیا کا طاقتور ترین راکٹ قرار دیا جاتا ہے، جو دو حصوں پر مشتمل ہے۔ پہلے حصے میں سپر ہیوی بوسٹر شامل ہے، جس میں 33 انجن نصب ہیں، جبکہ دوسرا حصہ اسٹار شپ اسپیس کرافٹ ہے جو بوسٹر سے الگ ہوکر خلا میں سفر کرتا ہے۔


اسٹار شپ کی خلا سے واپسی کا تاریخی منظر دیکھنے کے لیے بڑی تعداد میں لوگ جمع ہوئے۔ میڈیا رپورٹس کے مطابق امریکی خلائی ادارے ناسا نے بھی اس کامیابی کا خیرمقدم کیا ہے، ناسا اس دہائی کے آخر میں آرٹیمس مشن کے تحت خلابازوں کو چاند پر اتارنے اور مستقل قمری اڈہ بنانے کے منصوبے میں اسٹار شپ کی خدمات حاصل کرنے کے لیے اربوں ڈالر ادا کر رہا ہے۔

رپورٹس کے مطابق یہ راکٹ 120 میٹر لمبا اور اس کا وزن تقریباً 50 لاکھ کلوگرام ہے، جسے بار بار استعمال کرنے کے لیے تیار کیا جا رہا ہے۔

اسپیس ایکس پہلے ہی ناسا کے ساتھ معاہدہ کرچکی ہے، جس کے تحت اسٹار شپ کے ذریعے کئی دہائیوں بعد دوبارہ انسانوں کو چاند پر پہنچایا جائے گا۔

ناسا کے آرٹیمس 3 مشن کے تحت خلابازوں کو چاند کی سطح پر اتارنے کے لیے اسٹار شپ استعمال کیا جائے گا۔

میڈیا رپورٹس کے مطابق ایلون مسک مستقبل میں مریخ پر شہر بسانے کے منصوبے کے تحت اسٹار شپ راکٹس کا ایک بڑا بیڑا تیار کرنا چاہتے ہیں۔