تقسیم ہوگی تو چاروں صوبوں میں ہوگی،سندھ بری الذمہ نہیں ہوسکتا، حذیفہ رحمان

وزیراعظم کے معاون خصوصی حذیفہ رحمان کا کہنا ہے کہ تقسیم ہوگی تو چاروں صوبوں میں ہوگی،سندھ بری الذمہ نہیں ہوسکتا۔
نجی ٹی وی سے گفتگو کرتے ہوئے حذیفہ رحمان نے کہا کہ اگر انتظامی یونٹس بنے تو چاروں صوبوں کیلئے ایک ہی فارمولا ہوگا، تقسیم ہوگی تو چاروں صوبوں میں ہوگی۔
حذیفہ رحمان نے کہا کہ صوبوں یا انتظامی یونٹس سے متعلق جو بھی ہونا ہے 15 فروری سے پہلے ہونا ہے، 28 ویں ترمیم کے ذریعے نئے صوبے نہ بنے تو کبھی نہیں بنیں گے۔
دوسری جانب وفاقی وزیرصحت اور ایم کیوایم پاکستان کے رہنما مصطفیٰ کمال نے کہا ہے کہ نئے صوبوں کے قیام کےلیے ریفرنڈم ہوگا اور دسمبر کا مہینہ انتہائی اہم ہے۔ پاکستان بھر کے مظلوم نئے صوبوں کی تشکیل کے لیے کراچی والوں کی جانب دیکھ رہے ہیں۔
مصطفیٰ کمال نے کہا کہ ریاستی ترجیحات اور عوام کےبنیادی مسائل کا حل ایک ہی پیج پر آگئے ہیں،نئے صوبوں کےمخالفین اس شہر اورصوبے کی لسانی اکائیوں کو آپس میں لڑانا چاہتے ہیں،اگرکوئی مہاجروں یا ان کے رہنماؤں کے خلاف بدزبانی کرتا ہے تب بھی ہمیں کسی قوم کو برا نہیں کہنا چاہیے۔
مزید پڑھیں





