پیپلزپارٹی، گورنر کےپی کے آئینی کردار اور وفاق سے رابطوں کو متنازع نہ بنائے،طارق فضل چوہدری

وفاقی وزیر پارلیمانی امور ڈاکٹر طارق فضل چوہدری کا کہنا ہے کہ پیپلزپارٹی، گورنر خیبرپختونخوا کے آئینی کردار اور وفاق سےرابطوں کو متنازع نہ بنائے۔ دہشتگردی کے مکمل خاتمے تک خیبرپختونخوا میں ایمرجنسی نافذ رہے گی۔
پیپلزپارٹی کی سیکرٹری اطلاعات کے بیان پر ردعمل میں طارق فضل چوہدری نے کہا کہ خیبر پختونخوا سےدہشتگردی کا خاتمہ اور ترقیاتی اہداف کے حصول کیلئے گورنرکا مضبوط ہونا ضروری ہے۔ وفاقی حکومت خیبرپختونخوا کے گورنر کو با اختیار بنا رہی ہے۔ حالیہ آرڈیننسز گورنر کو مزید اختیارات دینے کے حکومتی عزم کا ثبوت ہیں۔
وفاقی وزیر پارلیمانی امور نے کہا کہ خیبرپختونخوا میں دہشتگردی کے خلاف مؤثر اقدامات اور ترقی کیلئے گورنر کو مکمل سیاسی حمایت ملنی چاہیے۔ فیصل کریم کنڈی کا وفاقی حکومت کے ساتھ ورکنگ ریلیشن شپ رکھنا آئینی و انتظامی ضرورت ہے۔
طارق فضل چوہدری کا کہنا تھا کہ ایمرجنسی اور گورنر راج کا نفاذ ہمارا اور پیپلزپارٹی کا مشترکہ فیصلہ تھا۔ اس سے خیبرپختونخوا میں امن اور ترقی کے نئے دور کا آغاز ہوا ہے۔
مزید پڑھیں





