یوکرین جنگ کے خاتمے کے لیے سہ فریقی مذاکرات ابوظبی میں شروع

ابو ظہبی: یوکرین، روس اور امریکہ کے درمیان یوکرین جنگ کے خاتمے کے حوالے سے سہ فریقی مذاکرات ابوظہبی میں شروع ہو گئے۔ اگرچہ روس کی یوکرین کے خلاف مکمل جنگ کے خاتمے کے حوالے سے کسی بڑی پیش رفت کی توقعات کم ہیں، تاہم امریکی حکام نے گذشتہ روز کہا تھا کہ جنگ کے بعد کے ممکنہ منظرنامے میں یوکرین کے مشرقی علاقوں کے کنٹرول کے معاملے پر ماسکو اور کیئیو نے ’کچھ لچک‘ کا مظاہرہ کر رہے ہیں۔
امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کے داماد جیرڈ کشنر، جو امن کے لیے امریکی نمائندے سٹیو وٹکوف کے ساتھ امریکی وفد کا حصہ ہیں، نے کہا ہے کہ مذاکرات کا محور روس اور یوکرین دونوں کے جنگ کے بعد کے سیکیورٹی خدشات ہوں گے۔
انھوں نے ایکس پر لکھا کہ اس عمل کا ایک اہم حصہ تمام فریقوں کی حوصلہ افزائی کرنا ہے کہ وہ جنگ کے بعد کی صورتحال کے بارے میں سنجیدگی سے سوچنا شروع کریں۔
اجلاس سے قبل دونوں امریکی نمائندوں نے ابوظہبی میں یوکرینی، یورپی اور نیٹو حکام سے ملاقات کی، جبکہ فرانس کے وزیر خارجہ ژاں نوئل بارو نے زور دے کر کہا کہ فرانس، برطانیہ اور جرمنی ’یقینی طور پر مذاکراتی کمرے میں موجود ہوں گے۔‘
یورپی حکام کو خدشہ ہے کہ روس مستقبل کے ’اجتماعی سکیورٹی‘ انتظامات پر ان کی شمولیت کے بغیر امریکہ کے ساتھ کوئی معاہدہ طے کرنے کی کوشش کر سکتا ہے، جبکہ تنازع کے خاتمے کے حوالے سے ماسکو اور کیئیو کے مؤقف اب بھی ایک دوسرے سے خاصے مختلف ہیں۔
دونوں فریقوں کے درمیان اختلاف کا ایک اہم نکتہ یوکرین کا مشرقی علاقہ دونیتسک ہے، جس کا بیشتر حصہ اس وقت روس کے قبضے میں ہے۔
ماسکو کا مطالبہ ہے کہ یوکرین دونیتسک کے باقی ماندہ زیرِکنٹرول علاقوں سے بھی دستبردار ہو جائے، جبکہ کیئیو کنٹرول لائن کو موجودہ حالت میں منجمد کرنا چاہتا ہے تاکہ وہ اپنے زیرِکنٹرول علاقوں پر قبضہ برقرار رکھ سکے، جنھیں وہ اپنی مستقبل کی سلامتی کے لیے اہم قرار دیتا ہے۔
مزید پڑھیں





