'موٹا کہنا بند کریں'، وینا ملک وزن بڑھنے پر تنقید کرنے والوں پر برہم

پاکستانی اداکارہ و ماڈل وینا ملک نے اپنے بڑھتے وزن پر تنقید کرنے والوں کو جواب دیتے ہوئے کہا ہے کہ زندگی میں انسان کبھی پتلا تو کبھی موٹا ہوتا ہے، لوگوں نے ان کی زندگی مشکل بنا دی ہے۔
سوشل میڈیا پر وینا ملک کی ایک ویڈیو وائرل ہورہی ہے جس میں اداکارہ کو اپنے وزن پر ہونے والی تنقید پر برہمی کا اظہار کرتے دیکھا جاسکتا ہے۔
وینا ملک کا کہنا تھا کہ سب انہیں موٹا اور بھینس کہہ رہے ہیں، انہیں موٹے لوگوں کی تکلیف کا اندازہ اس وقت ہوا جب وہ خود وزن بڑھنے کے تجربے سے گزریں۔
اداکارہ نے کہا کہ گھر میں ہوں تو لوگ سمجھتے ہیں کہ سارا کھانا انہوں نے ہی کھایا ہے، جبکہ باہر نکلنے یا شوٹنگ پر جانے کے بعد بھی انہیں وزن اور چہرے کے حوالے سے تنقید کا سامنا کرنا پڑتا ہے۔
وینا ملک نے کہا کہ انہیں معلوم ہے کہ ان کا وزن بڑھ گیا ہے اور اب وقت آگیا ہے کہ وہ اپنا وزن کم کریں۔ زندگی میں کچھ ایسے حالات پیش آئے کہ انہوں نے زیادہ کھانا کھا لیا، لیکن لوگوں سے درخواست ہے کہ انہیں موٹا کہنا بند کردیں، وہ اپنا وزن کم کرلیں گی۔
اداکارہ نے مزید کہا کہ زندگی میں وزن کم یا زیادہ ہونا معمول کی بات ہے، اس لیے کسی کو اس بنیاد پر تنقید کا نشانہ نہیں بنانا چاہیے۔
مزید پڑھیں




