شہر کے پرانے حصے میں ایک حویلی تھی جس کی بلند و بالا دیواریں کبھی اس کے مکینوں کی خوش حالی کی گواہ ہوا کرتی تھیں۔ اس کے کشادہ صحن میں کبھی قہقہے گونجتے تھے شامیں محفلوں سے آباد رہتی تھیں اور صبحیں اپنوں کی آوازوں سے جاگتی تھیں مگر اب وہاں خاموشی کا راج تھا۔ دیواروں پر نمی کے نشان تھے، لکڑی کے دروازوں پر دیمک نے قبضہ جما لیا تھا اور صحن میں کھڑا بوڑھا نیم کا درخت اپنی جھکی ہوئی شاخوں کے ساتھ جیسے گزرے ہوئے زمانوں کا نوحہ پڑھتا تھا۔اسی حویلی کے ایک کمرے میں پچھتر سالہ خالد منیر صاحب بیٹھے تھے۔ان کے سامنے ایک پرانی تصویر رکھی تھی۔ تصویر میں وہ جوان تھے۔ چہرے پر غرور کی چمک، آنکھوں میں کامیابی کے خواب اور ساتھ ان کی بیوی زبیدہ جس کے چہرے پر ایسی مسکراہٹ تھی جیسے اسے دنیا کی ہر خوشی میسر ہو۔خالد منیر صاحب نے کانپتے ہاتھوں سے تصویر اٹھائی۔
"کتنی جلدی گزر گئے وہ دن!"
ان کے لبوں سے ایک سرد آہ نکلی۔
کبھی انہیں اپنے حسن دولت، تعلقات اور اختیار پر بڑا ناز تھا۔ شہر کے بڑے بڑے لوگ ان کے سامنے ادب سے بیٹھتے تھے۔ ان کی ایک آواز پر ملازم دوڑ پڑتے۔ ایک اشارے پر کاروباری فیصلے بدل جاتے۔ وہ سمجھتے تھے کہ زندگی ہمیشہ ان کے قدموں میں رہے گی۔انہیں وقت کی رفتار کا اندازہ ہی نہیں تھا۔زبیدہ اکثر کہا کرتی تھی۔
"خالد! زندگی صرف دولت کمانے اور لوگوں کو زیر کرنے کا نام نہیں۔ کچھ وقت اپنے بچوں کو بھی دیا کرو۔ یہ بچپن دوبارہ نہیں آئے گا۔"
وہ اخبار سے نظریں اٹھائے بغیر جواب دیتے۔
"ابھی عمر پڑی ہے زبیدہ! پہلے کچھ بن جائیں پھر ساری زندگی بچوں کے ساتھ گزار لیں گے۔"
زبیدہ خاموش ہو جاتی۔
بچے بڑے ہوتے گئے۔ بیٹی زرش باپ کے ساتھ بیٹھ کر باتیں کرنا چاہتی مگر انہیں کاروباری مصروفیات سے فرصت نہ ہوتی۔ بیٹا حفیظ اپنی چھوٹی چھوٹی کامیابیوں پر باپ کی تعریف سننے کا منتظر رہتا مگر خالد منیر صاحب کے نزدیک وہ سب فضول مشاغل تھے۔
ایک مرتبہ زرش نے اسکول کے سالانہ فنکشن میں نظم پڑھی۔ اس نے باپ کو خاص طور پر دعوت دی تھی۔
"بابا! آپ ضرور آئیے گا۔ میں اسٹیج سے آپ کو دیکھوں گی تو مجھے حوصلہ ملے گا۔"
خالد منیر صاحب نے وعدہ کر لیا۔مگر اس روز ایک کاروباری ملاقات طے ہو گئی۔زرش سارا پروگرام ختم ہونے تک اسٹیج کے سامنے بیٹھی باپ کا انتظار کرتی رہی۔ جب گھر پہنچی تو اس کے ہاتھ میں ایک چھوٹی سی ٹرافی تھی۔
"بابا نہیں آئے؟"
زبیدہ نے پوچھا۔
زرش نے ٹرافی میز پر رکھتے ہوئے کہا۔
"امی! شاید بابا کے پاس میرے لیے وقت نہیں ہے۔"
یہ ایک چھوٹا سا جملہ تھا، مگر اس میں ایک بچی کا پورا بچپن دفن تھا۔وقت گزرتا رہا۔
خالد منیر صاحب نے دولت کمائی کاروبار پھیلایا کئی مکانات خریدے مگر اس دوران ان کے گھر کے اندر سے محبت آہستہ آہستہ رخصت ہوتی رہی پھر ایک دن زبیدہ بیمار پڑ گئی۔ڈاکٹر نے بتایا کہ بیماری آخری مرحلے میں ہے۔ انہیں فوری طور پر ایک بڑے اسپتال میں داخل کروانا ضروری تھا۔
خالد منیر صاحب نے شہر کے بہترین ڈاکٹر سے رابطہ کیا مہنگے ترین علاج کا انتظام کیا مگر زبیدہ کے پاس اب وقت کم تھا۔اس رات وہ اس کے بستر کے قریب بیٹھے تھے۔زبیدہ نے کمزور ہاتھ ان کے ہاتھ پر رکھا۔
"خالد! ایک بات کہوں؟"
"ہاں، کہو۔"
"تم نے ساری زندگی بہت کچھ جمع کیا مگر کبھی اپنوں کو جمع نہ رکھ سکے۔"
خالد منیر صاحب نے اس کا ہاتھ مضبوطی سے تھام لیا۔
"ایسی باتیں مت کرو۔ تم ٹھیک ہو جاؤ گی۔ ہم کہیں باہر جائیں گے۔ بچوں کے پاس رہیں گے۔ تمہاری ہر خواہش پوری کروں گا۔"
زبیدہ مسکرائی۔
"خواہشیں پوری کرنے کے لیے زندگی بھی تو چاہیے ہوتی ہے۔"
خالد منیر صاحب کے پاس اس بات کا کوئی جواب نہیں تھا۔
چند گھنٹوں بعد زبیدہ اس دنیا سے رخصت ہو گئی۔اس دن پہلی مرتبہ خالد منیر صاحب نے محسوس کیا کہ دولت کے انبار بھی کسی ایک انسان کی کمی پوری نہیں کر سکتے مگر انسان کی سب سے بڑی بدقسمتی یہ ہے کہ وہ اکثر اس وقت سمجھتا ہے جب سمجھنے کا وقت گزر چکا ہوتا ہے۔
زبیدہ کے بعد بچے بھی اپنی اپنی زندگیوں میں مصروف ہو گئے۔ زرش کی شادی بیرونِ ملک ہو گئی اور حفیظ کاروبار کے سلسلے میں دوسرے شہر منتقل ہو گیا۔
خالد منیر صاحب نے کبھی انہیں روکنے کی کوشش نہیں کی شاید وہ سمجھتے تھے کہ ان کے پاس اب بھی سب کچھ ہے مگر کچھ برسوں بعد کاروبار میں نقصان ہوا۔ وہ لوگ جو کبھی ان کے سامنے کھڑے ہونے سے گھبراتے تھے اب فون تک اٹھانا پسند نہیں کرتے تھے۔ جن محفلوں میں ان کی آمد پر لوگ کھڑے ہو جاتے تھے، وہاں ان کا ذکر بھی باقی نہ رہا۔دولت کے ساتھ تعلقات بھی رخصت ہو گئے۔
ایک ایک کرکے جائیدادیں فروخت ہوئیں۔ ملازمین نے ساتھ چھوڑ دیا اور حویلی کے کمرے خالی ہوتے چلے گئے۔اب ان کے پاس صرف یادیں تھیں اور یادیں بھی عجیب شے ہیں ۔ خوشی کے دنوں میں انسان انہیں سنبھال کر رکھتا ہے مگر تنہائی میں یہی یادیں سینے پر پتھر بن کر گرتی ہیں۔ایک شام زرش کا فون آیا۔
"بابا! آپ کی طبیعت کیسی ہے؟"
"ٹھیک ہوں بیٹی۔"
"حفیظ بتا رہا تھا کہ آپ اکیلے رہتے ہیں۔ آپ ہمارے پاس کیوں نہیں آ جاتے؟"
خالد منیر صاحب کچھ دیر خاموش رہے۔
"بیٹی اب اس عمر میں اپنے گھر سے کہاں جاؤں؟"
زرش نے کہا۔
"یہ گھر بھی تو آپ کا ہے۔"
خالد منیر صاحب کی آنکھیں بھیگ گئیں۔
"زرش! ایک بات پوچھوں؟"
"جی بابا!"
"تمہیں وہ اسکول والا دن یاد ہے جب تم نے نظم پڑھی تھی؟"
دوسری طرف خاموشی چھا گئی۔
"جی بابا یاد ہے۔"
"میں نہیں آیا تھا۔"
"جی آپ نہیں آئے تھے۔"
"تم نے بہت انتظار کیا ہوگا نا؟"
زرش کی آواز بھرا گئی۔
بابا! بچے اپنے باپ کا انتظار بہت دیر تک کرتے ہیں۔ پھر ایک وقت آتا ہے جب وہ انتظار کرنا چھوڑ دیتے ہیں۔"
خالد منیر صاحب نے فون کان سے ہٹا لیا۔
یہ جملہ ان کے دل میں کسی تیز دھار خنجر کی طرح اتر گیا انہیں پہلی مرتبہ احساس ہوا کہ معافی مانگنے کے لیے صرف زبان کافی نہیں ہوتی بعض زخم ایسے ہوتے ہیں جن پر وقت کی پوری عمر گزر جاتی ہے مگر ان کے نشان باقی رہتے ہیں۔اس رات وہ دیر تک زبیدہ کی تصویر کے سامنے بیٹھے رہے۔
"زبیدہ! تم ٹھیک کہتی تھیں۔ میں نے وقت کو اپنی مٹھی میں قید کرنا چاہا مگر وقت نے مجھے ہی اپنی مٹھی میں بند کر لیا۔"وہ رونے لگے۔
"میں نے سوچا تھا کہ جب سب کچھ حاصل کر لوں گا تو اپنوں کو وقت دوں گا۔ مگر جب وقت ملا تو اپنے ہی پاس نہ رہے۔"
اگلی صبح ان کی طبیعت اچانک خراب ہو گئی۔حفیظ اور زرش کو اطلاع دی گئی۔ دونوں پہنچ گئے۔ خالد منیر صاحب اسپتال کے بستر پر تھے۔ ان کی سانسیں بوجھل تھیں۔
حفیظ نے باپ کا ہاتھ تھاما۔
"بابا! میں آ گیا ہوں۔"
خالد منیر صاحب نے بمشکل آنکھیں کھولیں۔
"بیٹا! زندگی میں کبھی اتنا مصروف مت ہونا کہ تمہارے اپنے تمہاری موجودگی کو ترس جائیں۔"
پھر زرش کی طرف دیکھا۔
"بیٹی! مجھے معاف کر دینا۔ میں تمہارا بچپن نہیں لوٹا سکتا تمہارے انتظار کی وہ شامیں واپس نہیں لا سکتا۔"
زرش نے ان کے ہاتھ پر اپنا چہرہ رکھ دیا۔
"بابا اب یہ باتیں نہ کریں۔"
خالد منیر صاحب نے دھیرے سے کہا۔
"ایک بات یاد رکھنا انسان دنیا سے خالی ہاتھ جاتا ہے مگر اپنے پیچھے کچھ خالی جگہیں ضرور چھوڑ جاتا ہے۔ کوشش کرنا کہ تمہارے جانے کے بعد کسی کے دل میں تمہاری کمی سے زیادہ تمہارا ملال نہ رہ جائے۔"
یہ ان کے آخری الفاظ تھے۔چند لمحوں بعد ان کی آنکھیں ہمیشہ کے لیے بند ہو گئیں
حویلی فروخت ہو چکی تھی۔نیم کا درخت بھی کاٹ دیا گیا تھا۔ جس صحن میں کبھی بچوں کی آوازیں گونجتی تھیں وہاں اب کسی اور خاندان کے بچے کھیلتے تھے۔
زرش ایک روز اس حویلی کے سامنے سے گزری تو گاڑی رکوا لی۔
وہ کچھ دیر خاموشی سے اس مکان کو دیکھتی رہی۔اسے اپنا بچپن یاد آیا باپ کی مصروفیت ماں کی خاموشی، اسکول کی وہ ٹرافی اور وہ تمام شامیں جن میں اس نے دروازے کی طرف دیکھتے ہوئے وقت گزارا تھا۔اس کی آنکھوں سے آنسو بہنے لگے۔
اس نے سوچا مکان تو بدل جاتے ہیں۔ لوگ بھی بدل جاتے ہیں ۔ تعلقات بھی اپنی شکل کھو دیتے ہیں مگر وقت کبھی کسی کے لیے واپس نہیں آتا۔
زمانہ کتنا بے ثبات ہے۔
کل جو لوگ اپنے عروج پر تھے آج ان کے نام پر چند یادیں باقی ہیں۔ جن ہاتھوں میں اختیار تھا وہ مٹی میں سو چکے ہیں۔ جن گھروں میں رونقیں تھیں وہاں نئے مکین آباد ہیں۔ جن چہروں کو دیکھ کر کبھی دل دھڑکتے تھے ان کی تصویریں اب پرانے صندوقوں میں پڑی ہیں۔
زندگی دراصل کسی کی ملکیت نہیں چند عارضی لمحوں کی امانت ہے۔
ہم ان لمحوں کو انا، ضد، غرور، دولت اور بے مقصد مصروفیات کی نذر کر دیتے ہیں اور پھر ایک دن خالی ہاتھ کھڑے ہو کر ان چیزوں کا ماتم کرتے ہیں جنہیں کبھی معمولی سمجھ کر نظر انداز کیا تھا۔وقت کا سب سے بڑا المیہ یہ نہیں کہ وہ گزر جاتا ہے بلکہ یہ ہے کہ اپنے گزر جانے کا احساس بھی بہت دیر سے دلاتا ہے اور شاید انسان کی زندگی کا سب سے بڑا پچھتاوا وہ سب کچھ کھو دینا نہیں ہوتا جو اس کے پاس تھا بلکہ وہ سب کچھ نہ جی پانا ہوتا ہے جسے جینے کا موقع اسے کبھی ملا تھا۔
کیونکہ..۔زمانہ کسی کے لیے نہیں ٹھہرتا لوگ کسی کے انتظار میں ہمیشہ زندہ نہیں رہتے اور زندگی ہر غلطی کو سدھارنے کا دوسرا موقع نہیں دیتی۔کچھ لمحے گزر جائیں تو صرف یاد رہ جاتے ہیں کچھ لوگ بچھڑ جائیں تو صرف ملال اور کچھ فیصلے ایسے ہوتے ہیں جن کی سزا انسان کو باقی ماندہ زندگی خاموشی سے بھگتنی پڑتی ہے۔
مزید پڑھیں





