منگل، 10 نومبر، 2026
Baaghi TV Logo
ٹرینڈنگ

سکھ رہنما کے قتل کی مبینہ سازش، امریکا کا بھارتی حکومت کو عدالتی سمن جاری


امریکا نے سکھ رہنما گرپتونت سنگھ پنوں کے قتل کی مبینہ سازش کے مقدمے میں بھارتی حکومت کو سفارتی ذرائع سے عدالتی سمن اور قانونی نوٹس بھجوا دیے ہیں، جبکہ بھارتی قومی سلامتی کے مشیر اجیت ڈوول اور سابق سربراہ خفیہ ایجنسی را سامنت گوئل کو بھی سمن جاری کرنے کی اجازت دے دی گئی ہے.

امریکی محکمہ خارجہ کے مطابق عدالتی سمن اور مقدمے سے متعلق دستاویزات 9 اکتوبر کو واشنگٹن میں بھارتی سفارت خانے کے حوالے کی گئیں اس سلسلے میں 30 ستمبر کو سفارتی مراسلہ جاری کیا گیا تھا، جس کے ذریعے بھارتی حکومت تک عدالتی نوٹس پہنچانے کا قانونی طریقہ اختیار کیا گیا.


یہ مقدمہ امریکا میں مقیم سکھ رہنما گرپتونت سنگھ پنوں نے ستمبر 2024 میں نیویارک کی وفاقی عدالت میں دائر کیا تھا، جس میں بھارتی حکومت اور بعض اعلیٰ حکام پر امریکا میں انہیں قتل کرنے کی مبینہ سازش میں ملوث ہونے کا الزام عائد کیا گیا ہے۔

امریکی محکمہ خارجہ نے عدالت میں جمع کرائی گئی دستاویزات میں واضح کیا کہ بھارتی سفارت خانے کو عدالتی نوٹس کی ترسیل قانونی تقاضوں کے تحت کی گئی ہے تاہم اس اقدام کا مطلب یہ نہیں کہ امریکی حکومت نے بھارتی حکام کے خلاف عائد الزامات کی تصدیق کر دی ہے۔


دوسری جانب نیویارک کی وفاقی عدالت نے 9 نومبر کو ایک الگ حکم میں گرپتونت سنگھ پنوں کو بھارتی قومی سلامتی کے مشیر اجیت ڈوول اور سابق سربراہ بھارتی خفیہ ایجنسی را سامنت گوئل کو بھارتی عدالتی نظام کے ذریعے سمن بھجوانے کی اجازت دے دی ہے عدالتی حکم کے مطابق ان دونوں بھارتی حکام کو سمن کی ترسیل کے لیے دہلی کی متعلقہ عدالتوں سے رجوع کیا جا سکتا ہے اس مقصد کے لیے ضروری دستاویزات 30 نومبر 2026 تک جمع کرانے کی ہدایت کی گئی ہے۔


گرپتونت سنگھ پنوں امریکا میں سکھ تنظیم سکھس فار جسٹس کے جنرل کونسل ہیں اور بھارت سے الگ آزاد سکھ ریاست خالصتان کے قیام کی حمایت کرتے ہیں بھارتی حکومت انہیں دہشت گرد قرار دے چکی ہے جبکہ ان کی تنظیم پر بھی بھارت میں پابندی عائد ہے. امریکی استغاثہ کے مطابق پنوں کو قتل کرنے کی مبینہ سازش میں بھارتی شہری نکھل گپتا نے ایک ایسے شخص سے رابطہ کیا تھا جسے وہ اجرتی قاتل سمجھ رہا تھا تاہم وہ شخص درحقیقت امریکی قانون نافذ کرنے والے اداروں کا خفیہ اہلکار تھا اس معاملے میں نکھل گپتا کو جون 2023 میں جمہوریہ چیک سے گرفتار کرکے امریکا منتقل کیا گیا تھا۔

انہوں نے فروری 2026 میں امریکی عدالت میں قتل کے لیے اجرتی قاتل کی خدمات حاصل کرنے کی سازش، اس میں معاونت اور منی لانڈرنگ کی سازش سمیت تین الزامات کا اعتراف جرم کیا تھا امریکی حکام نے اس مبینہ منصوبے میں سابق بھارتی اہلکار وکاش یادو کا نام بھی شامل کیا تھا، جن کے خلاف اکتوبر 2024 میں فرد جرم عائد کی گئی۔