Baaghi TV Logo
ٹرینڈنگ

عرب امارات میں مبینہ جنسی سرگرمیوں میں ملوث لڑکی کراچی سے گرفتار

مصنف:

کراچی: ایف آئی اے امیگریشن نے جناح انٹرنیشنل ایئرپورٹ پر کم عمر لڑکی کے مبینہ جنسی استحصال اور انسانی اسمگلنگ کے خدشات سامنے آنے پر متحدہ عرب امارات جانے والی دو بہنوں اور ان کی والدہ کو آف لوڈ کر دیا۔


ایف آئی اے حکام کے مطابق تینوں خواتین مسافروں کی سفری دستاویزات اور سفر کے مقصد کی تفصیلی جانچ پڑتال کے دوران معاملہ سامنے آیا، جس کے بعد انہیں مزید تفتیش اور قانونی کارروائی کے لیے متعلقہ حکام کے حوالے کرنے کی کارروائی شروع کی گئی۔امیگریشن کلیئرنس کے دوران مائرہ، علیشہ اور ان کی والدہ بینہ سے سفر کے مقصد، انتظامات اور دیگر متعلقہ امور پر پوچھ گچھ کی گئی۔ دورانِ انٹرویو مائرہ نے اپنی عمر تقریباً 16 سے 17 سال بتائی اور الزام عائد کیا کہ اس کے والدین نے پاسپورٹ اور شناختی دستاویزات میں اس کی عمر اصل عمر سے زیادہ ظاہر کی۔لڑکی نے مزید دعویٰ کیا کہ اسے متحدہ عرب امارات میں کلبوں اور ہوٹلوں میں جنسی سرگرمیوں میں ملوث کیا گیا۔ تاہم ان الزامات کی آزادانہ تصدیق اور مزید تحقیقات ہونا باقی ہیں۔ابتدائی جانچ پڑتال کے دوران مسافر کی والدہ کے موبائل فون سے مبینہ ایجنٹ حارث کے ساتھ واٹس ایپ گفتگو بھی سامنے آئی۔ ان پیغامات میں ویزوں، فضائی ٹکٹوں اور سفری اخراجات کے انتظامات سے متعلق تبادلہ خیال موجود تھا۔ مبینہ گفتگو میں لڑکیوں کی آمدن بڑھا کر ماہانہ 6 لاکھ روپے کرنے اور دیگر لڑکیوں کا ذکر بھی سامنے آیا، جس کی مزید تصدیق اور فرانزک جانچ کی ضرورت ہے۔


دستیاب معلومات کے مطابق، مبینہ ایجنٹ نے مسافروں کے سفری انتظامات کے لیے مالی معاونت بھی کی۔ والدہ کے موبائل فون سے 4 لاکھ روپے کی بینک ٹرانزیکشن کی رسید بھی ملی، جس کے مطابق رقم مبینہ طور پر ان کے والد مقصود علی کے اکاؤنٹ میں منتقل کی گئی تھی۔ حکام اس لین دین کی نوعیت، مقصد اور ممکنہ غیر قانونی سرگرمیوں سے تعلق کی تحقیقات کر رہے ہیں۔تحقیقات کے دوران مبینہ ایجنٹ حارث، متعلقہ ٹریول ایجنسی، سفری دستاویزات، بینک اکاؤنٹس اور موبائل فونز میں موجود ڈیجیٹل شواہد سے متعلق معلومات بھی سامنے آئی ہیں۔حکام کے مطابق معاملے میں ممکنہ طور پر متاثر ہونے والی دیگر لڑکیوں کی شناخت، مالی روابط، سابقہ سفری انتظامات اور والدین سمیت تمام متعلقہ افراد کے کردار کی جانچ ضروری ہے۔معاملے کی سنگینی کے پیش نظر تینوں خواتین مسافروں کو مزید تصدیق، ڈیجیٹل شواہد کے فرانزک تجزیے اور قانونی کارروائی کے لیے ایف آئی اے کے انسدادِ انسانی اسمگلنگ سرکل (اے ایچ ٹی سی) کے حوالے کرنے کی کارروائی کی گئی ہے۔حکام کے مطابق مبینہ انسانی اسمگلنگ، کم عمر لڑکی کے ممکنہ جنسی استحصال اور اس معاملے میں سہولت کاری کرنے والے افراد کے کردار سے متعلق تحقیقات جاری ہیں