منگل، 10 نومبر، 2026
Baaghi TV Logo
ٹرینڈنگ

عمرِ رفتہ کے ساتھ جسم کی ہنگامی ملاقات،تحریر: یاسمین اختر طوبیٰ

نقطہ نظر

عمر کا ایک ایسا پڑاؤ بھی آتا ہے جہاں انسان زندگی سے زیادہ اپنے جسم کے ساتھ مصروف ہو جاتا ہے۔ پہلے دن کا آغاز اس سوچ سے ہوتا تھا کہ آج کیا کرنا ہے، اب آنکھ کھلتے ہی یہ جائزہ لینا پڑتا ہے کہ آج جسم کے کون کون سے شعبے فعال ہیں اور کن محکموں میں ہڑتال چل رہی ہے۔ کبھی گھٹنوں کی طرف سے احتجاج ہوتا ہے، کبھی کمر اپنی ناراضی کا اظہار کرتی ہے اور کبھی گردن اس طرح اکڑ جاتی ہے جیسے کسی اہم اجلاس میں اختلافِ رائے کے بعد منہ پھلا کر بیٹھ گئی ہو۔ صبح بستر سے اٹھنا اب محض بیدار ہونا نہیں رہا، یہ تو گویا اپنے وجود کو دوبارہ فعال کرنے کی ایک باقاعدہ کارروائی ہے۔

صحت کی حفاظت بھی اب کوئی آسان مشغلہ نہیں، ایک پیچیدہ انتظامی ذمہ داری بن چکی ہے۔ میٹھا دیکھوں تو شوگر یاد آتی ہے، نمک چکھ لوں تو فشارِ خون آنکھیں دکھانے لگتا ہے۔ مرغن کھانوں سے پرہیز کروں تو زبان احتجاج کرتی ہے اور سبزیاں کھاؤں تو دل کسی پرانے زمانے کی دعوت یاد کرکے آہیں بھرنے لگتا ہے۔ ڈاکٹر فرماتے ہیں کہ متوازن غذا کھائیے۔ میں سوچتی ہوں کہ حضور! غذا تو متوازن کر لیں گے، ذرا اس دل کا بھی کوئی نسخہ تجویز کر دیجیے جو ہر پرہیز کے بعد کسی نہ کسی مٹھائی کی یاد میں مبتلا ہو جاتا ہے۔ عجیب صورتِ حال ہے، جسم صحت مند رہنا چاہتا ہے اور زبان زندگی سے لطف اندوز ہونے پر مصر ہے۔

پانی کا معاملہ بھی کم دلچسپ نہیں۔ زیادہ پیو تو واش روم کی آمدورفت معمولاتِ زندگی کا مستقل حصہ بن جاتی ہے اور کم پیو تو جسم کے اندر خشک سالی کا اعلان ہو جاتا ہے۔ کبھی کبھی خیال آتا ہے کہ گھر کے باقی کمروں کو غیر ضروری قرار دے کر واش روم ہی میں ایک آرام دہ کرسی، کتابوں کی الماری اور انٹر نیٹ کا انتظام کر لیا جائے۔ یوں بار بار کی آمدورفت سے بھی نجات ملے اور گھر والوں کو بھی معلوم رہے کہ خاتونِ خانہ کہاں تشریف فرما ہیں۔ البتہ مہمانوں کے سامنے اس کمرے کو ڈرائنگ روم قرار دینے کے لیے کچھ اضافی وضاحتیں دینا پڑیں گی۔

وزن کا قصہ تو اپنی جگہ ایک مستقل داستان ہے۔ کھانے بیٹھو تو ترازو کی سوئیاں خواب میں آ کر ڈراتی ہیں، کھانا چھوڑ دو تو جسم کمزوری کے نام پر بغاوت کر دیتا ہے۔ ورزش کا ارادہ کرو تو پہلے دن بڑے جوش سے جوتے پہنو، دوسرے دن پٹھوں کی طرف سے تحریری شکایت موصول ہو جاتی ہے اور تیسرے دن سیڑھیاں اترتے ہوئے احساس ہوتا ہے کہ شاید ہم نے کسی پہاڑی مہم میں حصہ لے لیا تھا۔ جم کی فیس ادا کرنے کے بعد بھی اگر جسم وہیں کا وہیں رہے تو سمجھ نہیں آتا کہ ہم صحت خرید رہے ہیں یا تکلیف کی قسطیں جمع کروا رہے ہیں۔

نیند بھی اب پہلے جیسی فرمانبردار نہیں رہی۔ کبھی جلدی سو جاؤ تو کمر ناراض، کبھی دیر سے سوؤ تو دماغ دن بھر بوجھل۔ تکیہ ذرا سا غلط زاویے پر رکھ دیا جائے تو گردن تین دن تک اپنی مرضی کا رخ اختیار کیے رکھتی ہے۔ پہلے زمانے میں چوٹ لگنے کے لیے کہیں گرنا پڑتا تھا، اب بستر پر آرام کرتے ہوئے بھی انسان زخمی ہو سکتا ہے۔ گویا عمر کے اس حصے میں حادثات کے لیے گھر سے باہر نکلنے کی بھی ضرورت نہیں رہی۔ تکیہ، گدا اور لحاف ہی کافی ہیں۔

کافی کا اپنا ایک الگ مسئلہ ہے۔ پی لوں تو نیند روٹھ جاتی ہے، نہ پیوں تو آنکھیں کام کرنے سے انکار کر دیتی ہیں۔ جسم کی کیفیت کسی پرانی گاڑی جیسی ہو گئی ہے جسے اسٹارٹ کرنے کے لیے کئی مرتبہ چابی گھمانا پڑتی ہے۔ چل پڑے تو ہر طرف سے مختلف آوازیں آنے لگتی ہیں۔ کبھی گھٹنوں کی چرچراہٹ، کبھی کمر کی گڑگڑاہٹ اور کبھی معدے کی طرف سے ایسی آواز جیسے اندر کوئی پرانا پنکھا چل رہا ہو۔ فرق صرف اتنا ہے کہ گاڑی کے پرزے تبدیل ہو سکتے ہیں، انسانی جسم کے پرزوں کے لیے پہلے ڈاکٹر، پھر ٹیسٹ اور آخر میں ایک طویل بل کا سامنا کرنا پڑتا ہے۔

یادداشت کا حال بھی خاصا قابلِ رحم بلکہ قابلِ مزاح ہے۔ چیزیں رکھ کر بھول جانا، کمرے میں جا کر مقصد فراموش کر دینا اور کسی کا نام یاد کرنے کے لیے ذہن پر زور ڈالنا اب روزمرہ کے معمولات میں شامل ہو چکا ہے۔ کبھی کسی کو دیکھ کر بڑی اپنائیت سے مسکرائیے اور اندر ہی اندر سوچتی رہیے کہ یہ صاحب ہیں کون اور ان سے ہماری شناسائی کس دور کی ہے۔ بعض اوقات تو ذہن اس قدر خاموش ہو جاتا ہے کہ لگتا ہے اندر کسی نے بجلی کا بل ادا نہیں کیا اور محکمہ بجلی نے کنکشن منقطع کر دیا ہے۔ البتہ پرانی باتیں یاد کرنے بیٹھ جائیں تو وہ تمام واقعات بھی یاد آ جاتے ہیں جنہیں یاد رکھنے کی کبھی خواہش ہی نہیں تھی۔ حافظہ بھی عجیب منصف ہے، ضروری باتوں میں رعایت اور غیر ضروری معاملات میں غیر معمولی سختی برتتا ہے۔

اس عمر میں سب سے زیادہ حیرت ڈاکٹر کے اس مشورے پر ہوتی ہے کہ اپنے جسم کی آواز سنیے۔ ہم نے جب جسم کی بات سننا شروع کی تو معلوم ہوا کہ ہر عضو کا اپنا الگ مطالباتی منشور ہے۔ گھٹنے آرام چاہتے ہیں، کمر سہارا مانگتی ہے، معدہ احتیاط کا تقاضا کرتا ہے، آنکھیں چشمے کی محتاج ہیں اور دل اب بھی جوانی کے خواب دیکھنے سے باز نہیں آتا۔ یوں محسوس ہوتا ہے جیسے جسم کے اندر ایک رہائشی سوسائٹی قائم ہے جہاں ہر گھر کا مکین اپنی شکایت لے کر بیٹھا ہے اور صدرِ محفل یعنی دماغ سب کی بات سن کر بھی کسی نتیجے پر نہیں پہنچ پا رہا۔

تاہم ان تمام شکایتوں کے درمیان زندگی کا ایک خوب صورت پہلو بھی ہے۔ عمر بڑھنے کے ساتھ انسان کو یہ احساس ہونے لگتا ہے کہ ہر چیز کو سنجیدگی سے لینا ضروری نہیں۔ کچھ مسائل کا علاج دوا ہے، کچھ کا احتیاط، کچھ کا صبر اور کچھ کا صرف ایک بھرپور قہقہہ۔ ہر وقت اپنی بیماریوں، عمروں، محرومیوں اور گزرتے ہوئے وقت کا ماتم کرتے رہنا بھی کوئی دانش مندی نہیں۔ جسم اگر ذرا سا ساتھ چھوڑ رہا ہے تو دل کو تو اپنا ساتھ دینا چاہیے۔ دوستوں سے باتیں، اپنوں کی محفل، کتابوں کی رفاقت، ہلکی پھلکی چہل قدمی اور کبھی بے سبب ہنس لینا بھی زندگی کی ایسی نعمتیں ہیں جن کی کوئی قیمت مقرر نہیں کی جا سکتی۔

میں نے تو اب اپنے جسم کے ساتھ ایک سمجھوتا کر لیا ہے۔ اسے اس کی مرضی کے مطابق کچھ آرام دے دیتی ہوں اور اپنے دل کو اس کی پسند کی چند خوشیاں۔ نہ ہر درد پر قیامت برپا کرتی ہوں، نہ ہر احتیاط کو زندگی کی سزا سمجھتی ہوں۔ آخر عمر کا بڑھنا کوئی جرم تو نہیں، یہ تو زندگی کے تجربات کی جمع پونجی ہے۔ چہرے کی جھریاں وقت کی تحریر ہیں اور جسم کی آہ و بکا اس طویل سفر کی یادگار۔

بس ایک خواہش ہے کہ جب تک سانسوں کا سلسلہ قائم ہے، دل میں زندہ دلی باقی رہے کیونکہ تنہائی صرف خالی کمرے کا نام نہیں، کبھی کبھی لوگوں کے درمیان رہ کر بھی انسان تنہا ہو جاتا ہے۔ اس لیے بات کیجیے، ہنسیے، ہنسائیے، کسی کی خیریت دریافت کیجیے اور کبھی اپنی حماقتوں پر بھی مسکرا لیجیے کیونکہ یہی زندگی ہے۔

آخر میں، میں نے زندگی سے ایک اصول سیکھا ہے: عمر بڑھنے پر جسم کی مرمت ضروری ہے مگر دل کی رونق برقرار رکھنا اس سے بھی زیادہ ضروری ہے۔ ورنہ یہ بھی کوئی زندگی ہے کہ شوگر سے ڈریں، بلڈ پریشر سے بچیں، وزن سے لڑیں، نیند سے سمجھوتا کریں اور خوشی کو ہر بار یہ کہہ کر ٹال دیں کہ پہلے صحت ٹھیک ہو جائے۔

صحت اپنی جگہ اہم ہے مگر زندگی صرف صحت کا نام نہیں۔ کبھی کبھی بلا ضرورت بھی مسکرا لینا چاہیے کیونکہ ہنسنے سے اگر تمام بیماریاں ختم نہیں ہوتیں تو کم از کم کچھ دیر کے لیے بیماریوں کو یہ ضرور محسوس ہونے لگتا ہے کہ مریض ابھی ان کے قابو میں نہیں آیا

اور ہاں، اگر کبھی کسی کمرے میں جا کر بھول جائیں کہ کیوں آئے تھے تو پریشان مت ہوئیے گا۔ ممکن ہے آپ کا مقصد صرف یہ دیکھنا ہو کہ اس کمرے میں بیٹھ کر ہنسا جا سکتا ہے یا نہیں۔