یہ ہم سب کا ملک ہے،تحریر: پیر انتظار حسین مصور
نقطہ نظر
یہ سوال آج ہر گلی، ہر چوک، ہر دفتر اور ہر گھر میں گونج رہا ہے کہ آخر یہ ملک کس کا ہے۔
یہ ان لوگوں کا ہے جن کے پاس بڑے وسائل ہیں، بیرون ملک بینک اکاؤنٹس ہیں اور جن کے بچے باہر پڑھتے ہیں۔ یا یہ ان لوگوں کا ہے جو صبح سویرے مزدوری پر نکلتے ہیں، سارا دن پسینہ بہاتے ہیں، شام کو خالی ہاتھ گھر لوٹتے ہیں اور پھر بھی اس مٹی سے بے پناہ محبت کرتے ہیں۔
جواب صاف ہے۔ یہ ملک محنت کشوں کا ہے۔ اس کی بنیادوں میں ان کا خون شامل ہے۔ مزدور فیکٹری چلاتا ہے، کسان کھیت میں اناج اگاتا ہے، استاد بچوں کو پڑھاتا ہے اور سپاہی سرحد پر پہرہ دیتا ہے۔ مگر مزے کوئی اور لوٹ رہا ہے۔ محنت کسی اور کی اور پھل کسی اور کا۔ یہ انصاف نہیں، یہ ظلم ہے۔ یہ تقسیم نہیں، یہ ناانصافی ہے۔
غریب کا بچہ سرکاری اسکول میں پڑھتا ہے، جہاں وسائل کی کمی اکثر اس کے راستے کی دیوار بن جاتی ہے۔ سردی ہو یا گرمی، وہ ہر مشکل جھیل کر پڑھنا چاہتا ہے کیونکہ اسے امید ہے کہ تعلیم اس کی تقدیر بدل دے گی۔ مگر جب دو مختلف معیار زندگی ایک ساتھ نظر آتے ہیں تو دل چیخ اٹھتا ہے۔ ایک طرف ٹاٹ ہے اور دوسری طرف اے سی والا کمرہ ہے۔ ایک طرف پھٹی کتاب ہے اور دوسری طرف لیپ ٹاپ ہے۔ ایک بچہ پیدل جاتا ہے اور دوسرا گاڑی میں جاتا ہے۔ یہ دونوں ایک ہی ملک کے بچے ہیں، مگر ان کے خوابوں میں اتنا فرق ہے۔ یہ فرق نہیں، یہ ظلم ہے۔ اور ظلم پر خاموش رہنا بھی ظلم ہے۔
صحت کے میدان میں بھی یہی دوہرا معیار دکھائی دیتا ہے۔ غریب کا مریض جب سرکاری اسپتال کا رخ کرتا ہے تو وسائل کی کمی اور رش کی وجہ سے اسے جن مشکلات کا سامنا کرنا پڑتا ہے، وہ کسی سے ڈھکی چھپی نہیں۔ اسپتال کے فرش پر تڑپتا مریض، دوائی کے لیے بھٹکتا باپ اور بستر کے لیے ترستا بوڑھا۔ اور دوسری طرف مراعات یافتہ طبقے کے لیے ہر سہولت بآسانی میسر۔ ایک ہی معاشرے میں علاج کے یہ دو مختلف معیار دل کو دکھی کر دیتے ہیں۔ دل دکھی نہیں، دل زخمی ہو جاتا ہے۔
ہم سے ہمیشہ صبر اور قربانی کا تقاضا کیا جاتا ہے۔ مہنگائی، بجلی، گیس کے بلوں اور مالی بوجھ کا سب سے زیادہ دباؤ عام آدمی پر ہی آتا ہے۔ غریب سے کہا جاتا ہے صبر کرو، قربانی دو اور بل بھرو۔ مگر حقیقت یہ ہے کہ قربانی ہمیشہ غریب ہی دیتا ہے۔ کرسی والوں نے کبھی قربانی نہیں دی۔ ان کی مراعات کبھی کم نہیں ہوئیں۔ ان کا مفت پٹرول، مفت بجلی اور مفت گھر کبھی بند نہیں ہوا۔ بوجھ بانٹنے کا یہ توازن کبھی برابر نہیں ہوا۔ یہ سوال نہیں، یہ ایک چیلنج ہے۔ اور یہ چیلنج ہر غریب کے دل میں موجود ہے۔
اور اس سارے پس منظر میں جب کوئی قلمکار یا صحافی معاشرے کی ان تلخ سچائیوں کو اجاگر کرتا ہے تو اس کا فرض منصبی تنقید برائے اصلاح ہوتا ہے۔ صحافی کا کام کسی کی ذات پر کیچڑ اچھالنا نہیں بلکہ سچ کا آئینہ دکھانا ہے۔ مگر المیہ یہ ہے کہ جب بھی عوامی مسائل یا اداروں کی خامیوں پر بات کی جاتی ہے تو بعض اوقات مسائل کی اصلاح کرنے کے بجائے حقائق کو سامنے لانے والوں کے لیے قانونی مشکلات پیدا کر دی جاتی ہیں۔ یہی تو اصل کہانی ہے۔ مریض مر رہا ہے، اس پر کوئی کارروائی نہیں۔ دوائی نہیں مل رہی، اس پر کوئی پرچہ نہیں۔ گندگی ہے، بدانتظامی ہے، اس پر کوئی نوٹس نہیں۔ مگر جو اس کو دکھائے، جو اس کی خبر چلائے، اس پر پرچہ ہے، اس پر نوٹس ہے اور اس پر دھمکی ہے۔ واہ رے نظام، واہ رے انصاف۔
آج صحافی کے قلم پر زنجیریں ڈالنے کی کوشش ہو رہی ہے۔ پیکا ایکٹ کے نام پر قلم کو ڈرایا جا رہا ہے۔ سچ لکھو تو نوٹس، سچ دکھاؤ تو ایف آئی آر اور سچ بولو تو گرفتاری کا خوف۔ اور اب تو حد ہی ہو گئی ہے۔ اب تو خبر یہ آ رہی ہے کہ اسپتال میں کوریج کرنے والے صحافی کے خلاف بھی سرکاری کام میں مداخلت کی شکایت درج کروا دی جاتی ہے۔ یعنی کیمرہ مداخلت ہے، مگر مریض کا فرش پر تڑپنا مداخلت نہیں۔ قلم مداخلت ہے، مگر دوائی کا نہ ملنا مداخلت نہیں۔
صحافی کوئی مراعات نہیں مانگتا۔ وہ پلاٹ نہیں مانگتا، وہ نوکری نہیں مانگتا اور نہ ہی گاڑی مانگتا ہے۔ وہ صرف یہ چاہتا ہے کہ اسے پیشہ ورانہ ذمہ داریاں نبھانے کی آزادی دی جائے۔ وہ عوام کا مقدمہ لڑتا ہے اور اسی پاداش میں مشکلات کا سامنا کرتا ہے۔ صحافی دھوپ میں کھڑا ہے، بارش میں بھیگا ہے، سردی میں ٹھٹھرا ہے اور گرمی میں جلا ہے۔ اس کی تنخواہ وقت پر نہیں آتی، اس کا تحفظ کوئی نہیں کرتا، مگر پھر بھی وہ قلم نہیں چھوڑتا۔ کیونکہ اسے معلوم ہے کہ اگر قلم خاموش ہو گیا تو ظلم اور بڑھ جائے گا اور اگر کیمرہ بند ہو گیا تو اندھیرا اور گہرا ہو جائے گا۔
باغی ہونا جرم نہیں ہے۔ سچ بولنا بغاوت نہیں ہے۔ اپنے حق کے لیے آواز اٹھانا غداری نہیں ہے۔ اصل غداری یہ ہے کہ ظلم دیکھ کر خاموش رہا جائے۔ آج ہمیں سنجیدگی سے یہ سوچنا ہوگا کہ کیا ہم ایک منصفانہ معاشرہ تشکیل دینا چاہتے ہیں جہاں ہر شہری کو اس کا بنیادی حق ملے۔ تاریخ گواہ ہے کہ پائیدار ترقی صرف انصاف اور برابری کی بنیاد پر ہی ممکن ہے۔
یہ ملک نہ کسی ایک طبقے کی جاگیر ہے اور نہ ہی مخصوص لوگوں کا اثاثہ۔ یہ ملک ہر اس مزدور، کسان، استاد، محنت کش، صحافی اور اس ماں کا ہے جو تمام تر مشکلات کے باوجود اس دھرتی سے عشق کرتی ہے۔ یہ ہم سب کا ملک ہے اور جو اسے صرف اپنا سمجھتا ہے، اسے یاد رکھنا چاہیے کہ عوام جب جاگ جاتے ہیں تو کرسیاں ہل جاتی ہیں، تخت الٹ جاتے ہیں اور تاریخ بدل جاتی ہے۔
یہ ہم سب کا ملک ہے، اور اس کی بہتری کے لیے ہمیں اجتماعی سوچ اور دیانت دارانہ رویہ اپنانا ہوگا مگر خاموش رہ کر نہیں بول کر
مزید پڑھیں



