آذر بائیجان کے ساتھ اپنی سدا بہار دوستی پر فخر ہے:اسپیکر قومی اسمبلی

0
101

اسپیکر قومی اسمبلی راجہ پرویز اشرف نے کہا ہے کہ پاکستان کو آذر بائیجان کے ساتھ اپنی سدا بہار دوستی پر فخر ہے۔

تفصیلات کے مطابق راجہ پرویز اشرف سے پاکستان میں تعینات آذر بائیجان کے سفیر خضر فرہادوف کی ملاقات ہوئی جس میں دو طرفہ تعلقات اور باہمی دلچسپی کے امور پر تبادلہ خیال ہوا۔

اسپیکر راجہ پرویز اشرف کا کہنا تھا کہ پاکستان آذر بائیجان کے ساتھ اپنے خوشگوار برادرنہ تعلقات کو قدر کی نگاہ سے دیکھتا ہے، پاکستان کو آذر بائیجان کے ساتھ اپنی سدا بہار دوستی پر فخر ہے۔

انہوں نے کہا کہ دونوں ممالک کی پارلیمانوں میں مسلسل روابط کے فروع سے پاکستان اور آذر بائیجان کے مابین تعلقات کو مزید تقویت ملے گی، پاکستان اپنے ہمسایہ اور خطہ میں تمام ممالک کے ساتھ خوشگوار تعلقات چاہتا ہے۔

ان کا کہنا تھا کہ پاکستان تمام تصفیہ طلب معاملات کو مذاکرات کے ذریعے حل کرنے پر یقین رکھتا ہے، مسئلہ کشمیر پر آذر بائیجان کی جانب سے عالمی اور علاقائی فورمز پر پاکستان کے موقف کی حمایت کی پاکستان قدر کی نگاہ سے دیکھتا ہے۔

اسپیکر راجہ پرویز اشرف نے کہا کہ پاکستان اور آذربائیجان میں معاشی اور سماجی شعبوں میں دو طرفہ تعاون کو فروغ دینے کے لیے وسیع مواقع موجود ہیں، باکو یونیورسٹی میں شعبہ اردو کا قیام قابلِ ستائش ہے۔

انہوں نے کہا کہ باکو یونیورسٹی شعبہ اردو کے قیام سے دونوں ممالک کی نوجوان نسل کو ایک دوسرے کی زبان، ثقافت، اور کلچرل سے آراستہ ہونے کا موقع ملے گا، پاکستانی یونیورسٹیوں میں آزر بائیجانی زبان اور اس کے بارے میں اسٹڈیز کے لیے شعبہ جات کا قیام دونوں ممالک کے عوام کو مزید قریب لائے گا۔

ان کا کہنا تھا کہ توانائی کے شعبہ میں وسیع تر مواقع موجود ہیں جن میں تعاون کو بڑھایا جا سکتا ہے، آذر بائیجان میں منعقد ہونے والی پائیکو کانفرنس میں پاکستانی وفد بھرپور شرکت کرے گا۔

اسپیکر قومی اسمبلی راجہ پرویز اشرف نے مزید کہا کہ پائیکو تنظیم ممبر ممالک کو مزید قریب لانے میں اہم کردار ادا کرے گی۔

آذر بائیجان کے سفیر نے راجہ پرویز اشرف کو اسپیکر قومی اسمبلی منتخب ہونے پر مبارکباد دی، ان کا کہنا تھا کہ آذر بائیجان پاکستان کے ساتھ اپنے برادرانہ تعلقات کو بڑی اہمیت دیتا ہے۔

ان کا کہنا تھا کہ دونوں ممالک کے مابین دوستی کا رشتہ ہر گزرتے دن کے ساتھ مضبوط سے مضبوط تر ہو رہا ہے، پاکستان اور اس کے پارلیمان کی نگورنو کارابخ کے معاملہ پر حمایت پر شکر گزار ہے۔

سفیر آذر بائیجان نے کہا کہ آذر بائیجان مسئلہ کشمیر پر پاکستان کے اصولی موقف کی تائید کرتا اور اس مسئلے پر اپنی حمایت جاری رکھے گا، پاکستان کو اپنا اسٹریٹیجک شراکت دار سمجھتے ہیں، مسلم اُمہ کو در پیش چیلنجز کے حل کے لیے پاکستان کی کوششوں کو سراہاتا ہوں۔

Leave a reply