سلامتی کونسل بھارت کے ہندوتوا گروپوں کی دہشتگردی کو نظر انداز کر رہی ہے،منیر اکرم

0
26

سلامتی کونسل بھارت کے ہندوتوا گروپوں کی دہشتگردی کو نظر انداز کر رہی ہے:منیر اکرم

باغی ٹی وی : اقوام متحدہ میں پاکستان کے مستقل مندوب منیر اکرم نے کہا ہے کہ سلامتی کونسل مسلمانوں کے خلاف انتہا پسند اور فسطائی ہندوتوا گروپوں کی دہشتگردی کو نظر انداز کر رہی ہے۔

منیر اکرم نے ان خیالات کا اظہار سلامتی کونسل کی سالانہ مکمل رپورٹ کے ایک غیر رسمی اجلاس میں کیا۔ منیر اکرم کا کہنا تھا کہ سلامتی کونسل نے اپنی تمام تر توجہ القاعدہ اور داعش کو ختم کرنے پر مرکوز رکھی جبکہ مسلمانوں کے خلاف انتہا پسند اور فسطائی ہندوتوا گروپوں کی دہشتگردی کو نظر انداز کیا جاتا رہا۔

سفیر کا کہنا تھا کہ گزشتہ سال کونسل کے اجلاس میں توثیق کی گئی کہ بھارت کا پانچ اگست دو ہزار انیس کا اقدام غیر قانونی ہے اور مقبوضہ علاقے کی حیثیت متنازعہ ہے اور سلامتی کونسل کی قراردادوں کے مطابق تنازعہ کے پر امن حل کی ضرورت پر زور دیا۔

منیر اکرم نے زور دے کر کہا کہ سلامتی کونسل کشمیر کا دیرینہ تنازعہ حل کرائے جو عالمی ادارے کی ساکھ پر سوالیہ نشان بن گیا ہے۔ انہوں نے کہا بھارت نے ستر سال سے مقبوضہ وادی میں نو لاکھ فوجیوں کی تعیناتی کے ذریعے ظلم و ستم کا بازار گرم کر رکھا ہے اور اسی لاکھ کشمیری اپنے گھروں میں محصور ہو کر رہ گئے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ آر ایس ایس کے نظریے کے زیر اثر بی جے پی کی حکومت نے بھارت کے غیر قانونی زیر قبضہ جموں و کشمیر میں خود کو مسئلے کا حتمی حل قرار دیا ہے۔
واضح رہےکہ : وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی نے کہا ہے کہ پاکستان نے ہر فورم پر بھارت کے غیرقانونی زیرتسلط جموں و کشمیر میں انسانی حقوق کی خلاف ورزیوں کےخلاف موثر آواز اٹھائی ہے۔

ایک بیان میں انہوں نے کہا کہ انہوں نے دنیا کو بھارت کے جارحانہ عزائم سے زبانی اور تحریری طورپر آگاہ رکھا ہے۔ وزیر خارجہ نے سول سوسائٹی، انسانی حقوق کی عالمی تنظیموں خصوصاً غیرملکی ذرائع ابلاغ پرزوردیا کہ وہ اس حوالے سے مل کر آواز اٹھائیں۔

انہوں نے کہا کہ مذہبی آزادی کی دعویدار بھارتی حکومت نے مقبوضہ جموں و کشمیر میں ظلم و جبر کا ارتکاب کرکے تمام حدیں پار کر دی ہیں۔ وزیر خارجہ نے کہا کہ بھارت کے غیر قانونی زیر قبضہ جموں وکشمیر میں محرم کے جلوس نکالنے کی اجازت نہیں دی گئی اور ماتمی جلوسوں میں شرکت کے لئے نکلنے والے لوگوں پر تشدد کیا گیا۔

شاہ محمود قریشی نے کہا کہ لوگوں کو گرفتار کیا گیا اور ان کے خلاف چھروں والی بندوقیں استعمال کی گئیں۔ عید کے موقع پر مساجد کی تالہ بندی کی گئی اور اب محرم میں بدترین ظلم وتشدد دیکھنے کو ملا۔ پوری مسلم دنیا بھارتی حکومت کے اس رویے پر نالاں ہے.

دنیا کو بھارت کے جارحانہ عزائم سے زبانی اور تحریری طورپر آگاہ رکھا ہے، وزیر خارجہ

Leave a reply