پی ٹی آئی کراچی کے صدر بلال غفار نے کہا ہے کہ سندھ حکومت کی جیالہ فورس نے پی ٹی آئی کو نیزے پر رکھا ہوا ہے۔پی ٹی آئی ورکرز کیخلاف گرفتاریوں کی مذمت کرتے ہوئے پی ٹی آئی کراچی کے صدر بلال غفار نے کہا کہ پی ٹی آئی کے ورکرز کے گھروں پر چھاپے اور حراساں کرنا بند کیا جائے، گرفتاریوں سے چلتی ہوئی تحریکیں روکی نہیں جاسکتی۔
بلال غفار نے کہا کہ سندھ حکومت کسی غلط فہمی میں نہ رہے، الیکشن کا ماحول ثبوتاز کرنے کیلئے پی ٹی آئی کیخلاف کریک ڈاؤن کیا جارہا ہے۔انہوں نے کہا کہ چیف جسٹس غیر قانونی بے گناہ لوگوں کیخلاف گرفتاریوں پر فوری سوموٹو لیں۔
دوسری جانب پی ٹی آئی سندھ کے نائب صدر و رکن اسمبلی راجہ اظہر کا کہنا تھا کہ ہمارے ورکرز کو رات کی تاریکیوں میں گرفتار کیا جارہا ہے، پولیس ورکرز پر 25 مئی کے واقعے میں ملوث ہونے کا دباؤ ڈال رہی ہے۔
راجہ اظہر نے کہا کہ پولیس کے رویئے کی مذمت کرتا ہوں اور متنبہ کرتا ہوں ورکرز کو ان کے گھروں پر واپس چھوڑیں۔انہوں نے مزید کہا کہ ورکرز کسی سرگرمی میں ملوث ہیں تو پولیس انہیں تھانے لائے اور ان کے جرائم سے آگاہ کریں۔