سندھ کی تمام یونین کونسلوں کو نادرا کے آن لائن سسٹم سے منسلک کرنے کا منصوبہ کامیاب

0
39

سندھ کی تمام یونین کونسلوں کو نادرا کے آن لائن سسٹم سے منسلک کرنے کا منصوبہ کامیاب، رئیل ٹائم ڈیٹا اپگریڈیشن سسٹم سے جعلی دستاویزات کے اجرا پر قابو پایا جاسکے گا۔
محکمہ بلدیات ہاوئسنگ و ٹاون پلاننگ سندھ نے ایک اور تاریخی سنگ میل عبور کرلیا۔ سیکرٹری لوکل گورنمنٹ سندھ سید نجم احمد شاہ جو کہ گزشتہ کئی ماہ سے صوبے کی تمام یونین کونسلوں کو نادرا کے مرکزی ڈیٹا بیس سے منسلک اور رئیل ٹائم ڈیٹا اپ گریڈیشن کے منصوبے پر کام کررہے تھے۔باغی ٹیوی کی رپورٹ کے مطابق انجینئر سید نجم احمد شاہ نے بتایا کہ وزیر بلدیات سید ناصر حسین شاہ کی خصوصی ہدایت پر گزشتہ کئی ماہ سے نادرا حکام اور محکمہ بلدیات سندھ کے افسران کے مشترکہ اجلاس منعقد کئے جاتے رہے جس کے تحت سندھ کی تمام یونین کونسلز کو نادرا کے مرکزی ڈیٹا بیس سے رئیل ٹائم اپ گریڈیشن کے تحت منسلک کرنا مقصود تھا، جس میں بفضل خدا مکمل طور پر کامیابی حاصل ہوچکی ہے۔اس حوالے سےتفصیلات سے آگاہ کرتے ہوئے سیکرٹری بلدیات سندھ نے بتایا کہ نادرا اور لوکل گورنمنٹ حکام کے درمیان2006 میں جو معاہدہ قرار پایا تھا اس کے تحت پیدائش، اموات، نکاح و طلاق کے سرٹیفکٹس کے اجرا کے لئے مینیول طریقہ کار رائج تھا۔ جنوری 2020 میں اس سارے پراسس کو مکمل طور پر آن لائن ڈیٹا بیس سے منسلک اور رئیل ٹائم میں اپ ڈیٹ کرنے کے لئے کاوشوں کا آغاز کیا گیا اور گزشتہ چار ماہ کے دوران اس حوالے سے تیز اور اہم ترین پیش رفت کے نتیجے میں بالاخر صوبے کی تمام یونین کونسلز نادرا کے مرکزی آن لائن ڈیٹا بیس سے منسلک کرکے فعال کردی گئی ہیں جس کے تحت کسی بھی یونین کونسل سے ایک بار جاری ہونے والا سرٹیفکٹ دوبارہ کسی صورت ملک کی کسی اور یونین کونسل سے جاری نہیں ہوسکے گا۔ نجم احمد شاہ کے مطابق اس سارے پراسس کو کامیابی سے ہمکنار کرنے اور گراوئنڈ لیول پر اس کے عمل در آمد کے لئے رات و دن کی پروا کئے بغیر کام کیا گیا جس کے لئے تمام نادرا و لوکل گورنمنٹ حکام مبارک باد کے مستحق ہیں۔
وزیر بلدیات سندھ سید ناصر حسین نے سیکرٹری لوکل گورنمنٹ سندھ کی کاوشوں کو سراہتے ہوئے کہا کہ صوبہ سندھ کو یہ اعزاز حاصل ہے کہ اس منفرد اور عوامی بہبود کے منصوبے کو نہ صرف ڈیزائن کیا بلکہ عوام کی سہولت کے لئے باقاعدہ فعال بھی کردیا گیا ہے۔ اس سارے عمل میں نادرا حکام کا کردار بھی لائق تحسین ہے اور حکومت سندھ مستقبل میں بھی عوامی بہبود کے منصوبہ جات لانچ کرتی رہے گی۔نجم احمد شاہ نے مزید بتایا کہ رئیل ٹائم اپ گریڈیشن پراسس کے تحت محض ایک گھنٹے میں درج شدہ کوائف نادار کے مرکزی ڈیٹا بیس سے تصدیق کے بعد یونین کونسلز میں نمودار ہوجائیں گی، جس کے بعد پورے ملک کی کسی بھی دوسری یونین کونسل یا ٹاون کمیٹی سے ان ہی کوائف پر مشتمل بوگس یا جعلی سرٹیفکٹ کا اجرا ممکن نہیں ہوگا۔

Leave a reply