سینئر اداکار طلعت حسین انتقال کرگئے

طلعت حسین بھارت کے شہر دہلی میں 1940 میں پیدا ہوئے تھے۔
0
87
showbiz

کراچی: پاکستان کے معروف سینئر اداکار طلعت حسین انتقال کرگئے۔

باغی ٹی وی: طلعت حسین کافی عرصے سے نجی اسپتال میں زیر علاج تھے، طلعت حسین کی صاحبزادی تزین حسین نے والد کے انتقال کی تصدیق کی ہے۔تزین حسین نے اپنے انسٹاگرام ہینڈل پر والد طلعت حسین کی تصویر پوسٹ کرتے ہوئے کہا کہ میں گہرے رنج و غم کے ساتھ یہ اعلان کررہی ہوں کہ میرے پیارے والد طلعت حسین صاحب خالقِ حقیقی سے جا ملے ہیں اُنہوں نے مداحوں سے اپیل کرتے ہوئے کہا کہ میرے والد طلعت حسین کی مغفرت کے لیے دُعا کریں، جنازے کی تفصیلات بعد میں شیئر کی جائیں گی۔

پاکستان شوبز انڈسٹری سے وابستہ افراد نے سینئر اداکار کی وفات پر دکھ اور افسوس کا اظہار کیا ہے اداکارہ بشریٰ انصاری نے بھی انسٹاگرام پر اداکار کے انتقال کی خبر شیئر کی اور گہرے دکھ کا اظہار کیا۔

وزیر اعظم شہباز شریف نے پاکستان کے نامور اداکار طلعت حسین کے انتقال پر افسوس کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ مرحوم طلعت حسین ایک لیجنڈ اداکار تھے جن کی ڈائیلاگ ڈیلیوری کا ایک زمانہ معترف تھا۔

وزیر اعظم نے اپنے پیغام میں کہا کہ اللّٰہ تعالیٰ مرحوم طلعت حسین کو جنت الفردوس میں اعلیٰ مقام عطا فرمائے،شہباز شریف نے کہا کہ طلعت حسین نےاپنی اداکاری سے ڈرامہ اور فلم شائقین کے دلوں میں جگہ بنائی، ٹیلی وژن، تھیٹر، فلم اور ریڈیو کے لیے ان کی خدمات کو ہمیشہ یاد رکھا جائے گا، طلعت حسین کی وفات سے جو خلا پیدا ہوا اسے کبھی پُر نہیں کیا جا سکے گا۔

چیئرمین سینیٹ اور قائم مقام صدریوسف رضا گیلانی نے بھی معروف فنکار طلعت حسین کے انتقال پر اظہار افسوس کیا اور کہا کہ مرحوم طلعت حسین کی فنون لطیفہ کے لیے گراں قدر خدمات کو ہمیشہ یاد رکھا جائے گا،یوسف رضا گیلانی نے مزید کہا کہ اللّٰہ تعالیٰ مرحوم کے درجات بلند کرے اور سوگواران کو صبر جمیل عطا کرے۔

علاوہ ازیں وفاقی وزیر اطلاعات عطا تارڑ نے بھی طلعت حسین کے انتقال پر اظہار افسوس کیا اور مرحوم کے اہلخانہ سے دلی تعزیت اور ہمدردی کا اظہار کیاانہوں نے اپنے بیان میں کہا کہ طلعت حسین نے اپنی آواز اور اداکاری سے ہر کردار کو زندہ کیا، مرحوم طلعت حسین ایک حقیقی استاد تھے۔

طلعت حسین بھارت کے شہر دہلی میں 1940ء میں پیدا ہوئے تھے، اُنہوں نے پروفیسر رخشندہ حسین سے شادی کی تھی، اس جوڑی کی بیٹیاں اور ایک بیٹا ہے حکومت پاکستان کی طرف سے 1982 میں طلعت حسین کو پرائیڈ آف پرفارمنس ایوارڈ اور سال 2021 میں ستارہ امتیاز سے نوازا گیا تھا۔

Leave a reply