یوکرین جنگ کےباعث 48لاکھ یوکرینی ملازمتوں سےمحروم ہوچکے

0
27

ماسکو:یوکرین جنگ کے باعث 48 لاکھ یوکرینی ملازمتوں سے محروم ہوچکے ،اطلاعات کے مطابق روس کی جانب سے رواں برس 24 فروری کو يوکرين پر کیے گئے فوجی آپریشن نے یوکرین کی معیشت کو بھاری نقصان پہنچایا ہے۔ روسی فوجی آپریشن کی شروعات سے لے کر اب تک 48 لاکھ یوکرینی شہریوں کی ملازمتيں ختم ہو چکی ہيں۔

یہ تعداد يوکرين ميں کل ملازمتوں کا تيس فيصد ہے۔ اقوام متحدہ نے بھی یوکرین میں 48 لاکھ افراد کے بے روزگار ہونے کی تصدیق کی ہے۔

ملازمتوں اور کارکنان کے حوالے سے کام کرنے والی عالمی تنظیم انٹرنيشنل ليبر آرگنائزيشن (آئی ايل او) نے يوکرين ميں جنگ کے اثرات پر پہلی مرتبہ باقاعدہ رپورٹ جاری کی ہے۔

انٹرنيشنل ليبر آرگنائزيشن کا یوکرین جنگ کے بارے ميں کہنا ہے کہ اقتصادی رکاوٹوں اور بڑے پيمانے پر لوگوں کے بے گھر ہونے اور پناہ گزين بننے سے روزگار کی مارکیٹس اور خاندانوں کی مجموعی آمدن بری طرح متاثر ہو رہی ہيں۔

آئی ایل او کی مرتب کردہ رپورٹ کے مطابق اب تک 50 لاکھ سے زائد یوکرینی خواتین، بچے، بوڑھے اور مرد پڑوسی اور دیگر ممالک میں پناہ لے چکے ہیں جن میں سے تقریباً 27 لاکھ کے قریب وہ جواں عمر افراد ہیں جو ملازمت کرنے والے ہیں۔ اِن میں سے 43.5 فيصد یعنی تقریباً 12 لاکھ افراد جنگ کے باعث اپنی ملازمتوں سے محروم ہو چکے ہیں۔

انٹرنيشنل ليبر آرگنائزيشن کی اس رپورٹ کے مطابق اگر یوکرین میں جاری جنگ فوری طور پر رک جاتی ہے تو 34 لاکھ ملازمتيں واپس بحال ہو سکتی ہيں جس سے بے روزگاری کی مجموعی شرح 8.9 فيصد ہو گی۔ دوسری جانب اگر جنگ جاری رہتی ہے تو 70 لاکھ تک ملازمتيں ختم ہونے کا امکان ہے جس سے یوکرین میں بے روزگاری کی شرح 43.5 فيصد تک کی خطرناک سطح پر پہنچ سکتی ہے۔

Leave a reply